وزیراعظم کا دفتر

وزیراعظم نے مدھیہ پردیش کے چترکوٹ میں آنجہانی شری اروند بھائی مفت لال کی صد سالہ سالگرہ کی تقریبات سے خطاب کیا


آنجہانی شری اروند بھائی مفت لال کے اعزاز میں یادگاری ٹکٹ جاری کیا

‘‘چتر کوٹ آنا میرے لئے ایک بڑی خوش نصیبی ہے’’

‘‘ہمارا ملک متعدد عظیم شخصیات کی سر زمین ہے، جنہوں نے  اپنے ذاتی مفادات  کو چھوڑ کر  دوسروں  کی بھلائی کے لئے خود کو وقف کردیا’’

‘‘قربانی اپنی کامیابی یا دولت  کو  محفوظ رکھنے کا سب سے مؤثر طریقہ ہے’’

‘‘مجھے  جیسے ہی  اروند بھائی کے کام  اور ان کی شخصیت کا علم ہوا، میں ان کے مشن کے ساتھ  جذباتی طور پر جڑ گیا’’

‘‘آج ملک قبائلی برادریوں کی بہتری کے لئے کئی اچھے قدم اٹھا رہا ہے’’

Posted On: 27 OCT 2023 4:10PM by PIB Delhi

وزیراعظم جناب نریندر مودی نے  آج  مدھیہ پردیش کے چتر کوٹ میں  آنجہانی شری  اروند  بھائی  مفت لال کی  صد سالہ  سالگرہ  کی  تقریبات   سے متعلق  پروگرام سے خطاب کیا۔ پرم پوجیہ رنچھوڑ داس جی  مہاراج نے  1968  میں  شری سد گرو سیوا سنگھ ٹرسٹ کی بنیاد ڈالی تھی۔ شری اروند بھائی مفت لال ، پرم پوجیہ رنچھوڑ داس جی  مہاراج سے  کافی متاثر تھے اور انہوں نے اس  ٹرسٹ کے قیام میں  اہم کردار  نبھا یا تھا۔ شری اروند بھائی مفت لال  آزاد ہندوستان کے  سرکردہ  صنعت کاروں میں سے ایک تھے، جنہوں نے   ملک کی  ترقی میں  اہم رول  ادا کیا۔

مجمع سے خطاب کرتے ہوئے  وزیراعظم نے کہا کہ  سادھو سنتوں نے  چتر کوٹ  کی سرزمین کو  بھگوان رام ،  ماں سیتا اور لکشمن کا گھر  بتایا ہے۔ جناب مودی نے کہا کہ  انہوں نے  تھوڑی دیر پہلے ہی  شری رگھوبیر مندر  اور  شری  رام جانکی مندر  کا درشن  کیا  اور وہاں پر  پوجا کی۔ انہوں نے یہ بھی  بتایا  کہ   انہوں  نے ہیلی کاپٹر  سے  چتر  کوٹ آتے وقت کامد گری پروت (پہاڑ)کا نظارہ کیا  اور  پرم پوجیہ رنچھوڑ داس جی  مہاراج کے مجسمے پر  گلہائے عقیدت پیش کئے۔ وزیراعظم مودی نے  شری رام اور جانکی  کا درشن کرنے ، سادھو سنتوں کی رہنمائی حاصل کرنے اور  اس موقع پر   شری رام سنسکرت مہا ودیالیہ کے طلباء  کی قابل ذکر کارکردگی پر  خوشی کا اظہار کیا  اور کہا کہ  یہ ان  کے لئے  کافی  شاندار تجربہ  ہے، جسے لفظوں میں بیان نہیں کیا جاسکتا۔ انہوں نے شری سد  گرو  سیوا سنگھ  ٹرسٹ کے ذریعہ آنجہانی شری اروند بھائی مفت لال  کی  صد  سالہ  سالگرہ  کی تقریبات  کا  اہتمام کرنے کے لئے   تمام مظلوموں، محروموں ، آدیواسیوں اور غریبوں کی طرف سے ٹرسٹ کا  شکریہ  ادا کیا۔ جناب مودی  نے اعتماد کا اظہار کیا کہ  حال ہی میں شروع کئے گئے  جانکی کنڈ  چکتسالیہ سے  لاکھوں  غریبوں کو  نئی زندگی ملے گی اور آنے والے دنوں میں  غریبوں کی خدمت کرنے کی روایت  دور دور تک پہنچے گی۔ انہوں نے آنجہانی  شری اروند بھائی مفت لال  کے اعزا ز  میں  ایک یاد  گاری  ٹکٹ  جاری کرنے کا بھی  ذکر کیا، جو کہ  انتہائی اطمینان اور فخر کی بات ہے۔

وزیراعظم  نے اس بات پر خوشی کا اظہار کیا کہ  اُن کا خاندان  شری اروند مفت  لال کے کام کو  آگے بڑھا  رہا ہے۔ وزیراعظم نے کہا کہ  چتر کوٹ کا انتخاب کرنا  ایک قابل تحسین قدم ہے، حالانکہ  ان کے پاس  صد  سالہ تقریب کے لئے  اور بھی کئی  متبادل موجود تھے۔

وزیراعظم نے زور دے کر کہا کہ  چتر کوٹ  کی عظمت اور  اہمیت  سادھو  سنتوں  کے   کاموں سے  ہی  لافانی بنی ہوئی ہے۔ وزیراعظم  نے   پرم پوجیہ رنچھوڑ داس جی  مہاراج کو خراج عقیدت پیش کیا اور بتایا کہ  خود اپنی زندگی میں  انہوں نے  اُن سے  کافی حوصلہ حاصل کیا ہے۔ وزیراعظم نے  پرم پوجیہ رنچھوڑ داس جی  مہاراج کے شاندار سفر کو بھی یاد کیا۔ انہوں نے  سات  دہائیوں  قبل ان کی سماجی خدمت  کی تعریف کرتے ہوئے  کہا کہ  اس وقت یہ پورا  علاقہ  مکمل طور پر  جنگلات سے گھرا ہوا تھا۔ وزیراعظم نے کہا کہ  پرم پوجیہ رنچھوڑ داس جی  مہاراج نے  بہت سے ادارے   قائم کئے، جو آج بھی  انسانیت کی خدمت کر رہے ہیں۔ قدرتی آفت کے دوران  پرم پوجیہ رنچھوڑ داس جی  مہاراج کے ذریعہ  کئے گئے کاموں کو بھی  یاد کیا گیا۔ وزیراعظم مودی نے مزید کہا ، ‘‘ہمارے ملک کی یہ خوبی  ہے کہ اس نے  ایسی  متعدد  عظیم  شخصیات کو جنم دیا، جنہوں نے  اپنے ذاتی مفادات کو چھوڑ کر  خود کو  دوسروں کے  لئے وقف کردیا۔’’

جناب مودی  نے اروند مفت لال کی زندگی کو  سادھو سنتوں  سے  دوستی  کی  ایک بڑی مثال بتایا،  کیونکہ  انہوں نے  پرم پوجیہ رنچھوڑ داس جی  مہاراج سے  رہنمائی حاصل کر کے اپنی زندگی  دوسروں کی خدمت کے لئے وقف کردی تھی۔ وزیراعظم  نے کہا کہ  اس موقع پر  ہمیں بھی  اپنی زندگی میں  اروند بھائی سے  سبق حاصل کرنا چاہئے۔ انہوں  نے  اروند بھائی  کے  جذبہ اور صلاحیت کو یاد کیا  اور کہا  کہ  وہ پہلے شخص  تھے، جنہوں نے ملک میں  پہلا پیٹرو کیمیکل پروجیکٹ  شروع کیا تھا۔ وزیراعظم مودی  نے  صنعت  اور  زراعت  میں  بھی ان کے تعاون کو  یاد  کیا۔ آنجہانی  شری مفت لال نے  روایتی کپڑے کی صنعت  کی  عظمت کو بحال کرنے میں  کلیدی رول ادا  کیا اور  ان کے اس  کارنامے کے لئے  انہیں  پوری دنیا میں یاد کیا جا تا ہے۔

 وزیراعظم نے کہا ، ‘‘قربانی اپنی کامیابی  یا دولت  کو  محفوظ  رکھنے کا سب سے مؤثر طریقہ ہوتا ہے۔’’ انہوں نے یہ بھی کہا کہ  اروند بھائی مفت لال  نے اس کو  اپنا مشن بنایا  اور زندگی بھر  اس مشن پر کام کرتے رہے۔ انہوں نے کہا کہ  شری سد  گرو  سیوا ٹرسٹ ، مفت لال فاؤنڈیشن ، رگھوبیر مندر  ٹرسٹ، شری  رام داس  ہنومان جی  ٹرسٹ، جے جے گروپ آف  اسپتال، بلائنڈ پیپلز ایسوسی ایشن  اور  چارو تارا  آروگیہ منڈل جیسے ادارے  اسی اصول  کے تحت کام کر رہے ہیں اور  ‘سیوا ’  یا  خدمت کے جذبے کو  آگے بڑھا  رہے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ  شری  رگھوبیر مندر  لاکھوں لوگوں کو  کھانا فراہم کرتا ہے اور  لاکھوں  سادھوؤں  کے  ماہانہ  راشن کا انتظام کرتا ہے۔ انہوں نے  گروکل  کے ذریعہ  ہزاروں بچوں کو  تعلیم  کی  سہولت فراہم کرنے  اور  جانکی  چکتسالیہ میں  لاکھوں مریضوں کے علاج  کا بھی ذکر کیا۔ جناب مودی نے کہا ، ‘‘ یہ  ہندوستان کی طاقت کا ثبوت  ہے، جو  انتھک  کوشش  کر نے کی  توانائی فراہم کرتا ہے۔’’  انہوں  نے دیہی صنعت کے شعبے میں  خواتین کو  فراہم کی جانے والی  ٹریننگ  کا بھی  ذکر کیا۔

وزیراعظم  نے سد گرو نیتر چکتسالیہ  کو  ملک اور بیرون ملک کے  آنکھوں کے علاج  کے  سرفہرست  اسپتالوں میں شامل کئے جانے پر  خوشی کا اظہار کیا۔ انہوں نے بتایا کہ   شروع میں  اسپتال میں  صرف  12  بیڈ ہوا کرتے  تھے، لیکن  اب یہاں  ہر سال  15  لاکھ  مریضوں کا علاج ہوتا ہے۔ اس تنظیم کے ذریعہ  کاشی میں  چلائی جارہی  سوستھ درشٹی سمردھ کاشی  تحریک کا ذکر کرتے ہوئے  وزیراعظم نے بتایا کہ   اس مہم کے تحت  وارانسی اور اس کے آس پاس کے علاقوں  میں  گھر گھر  جاکر  6  لاکھ لوگوں  کی  اسکریننگ کی گئی  اور  آنکھو کی سرجری  اور علاج کے لئے  کیمپ  لگائے  گئے۔ جناب مودی  نے  اس موقع پر  یہاں سے علاج کرانے والے  تمام افراد کی  طرف سے  سد گرو  نیتر   چکتسالیہ  کا شکریہ ادا کیا۔

 وزیراعظم نے کہا کہ  سروس کے لئے  وسائل کا ہونا   تو  ضروری ہے لیکن  خدمت کا جذبہ  اس سے بھی  زیادہ اہم ہے۔ انہوں  نے  زمین پر کام کرنے  کی  شری اروند کی   خوبی  کو یاد  کیا  اور  بتایا  کہ  وہ  بھیلودا اور  داہود جیسے  قبائلی  علاقوں میں جاکر  کام کرتے تھے۔ جناب مودی  نے  ان کی  خدمت اور انسانیت کے جذبے  کو بھی  یاد  کیا۔ جناب مودی نے کہا ، ‘‘مجھے  جیسے ہی  اروند بھائی کے کام  اور ان کی شخصیت کا علم ہوا، میں ان کے مشن کے ساتھ  جذباتی طور پر جڑ گیا۔’’

وزیراعظم نے  زور دے کر کہا کہ  چتر کوٹ  نانا جی دیش مکھ کا  میدان عمل رہا ہے اور  قبائلی  معاشرے کی خدمت کرنے میں ان  کی کوششیں بے مثال رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ  ملک میں  قبائلی معاشرے کی  فلاح وبہبود کی جامع کوششیں  انہیں اصولوں کے تحت کی جارہی ہیں اور یہ بھی بتایا  کہ  بھگوان برسا منڈا   کے یوم پیدائش  پر  جن جاتیہ گورو  دیوس  منایا جا رہا ہے۔ انہوں  آدیواسی  سماج  کے تعاون  اور  ان کی وراثت  کی  یاد  میں  آدیواسی میوزیم  کی   تعمیر، آدیواسی بچوں  کی تعلیم کے لئے ایکلویہ رہائشی اسکول  اور  ون سمپدا  قانون  جیسے  پالیسی سے متعلق فیصلوں   کا بھی  ذکر کیا۔ آخر  میں  وزیراعظم  نے کہا، ‘‘قبائلی سماج کو  گلے لگانے والے  بھگوان شری رام  کا آشیرواد  بھی  ہماری ان کوششوں کے ساتھ  جڑا  ہوا ہے۔ یہ آشیرواد  ایک بہتر  اور ترقی یافتہ ہندوستان  کی تعمیر  کے مقصد  کو حاصل کرنے میں  ہماری  رہنمائی کرے گا۔’’

اس موقع پر  مدھیہ پردیش  کے گورنر  جناب منگو بھائی پٹیل،  مدھیہ پردیش کے وزیراعلیٰ جناب شیو راج سنگھ چوہان،  شری سد  گرو سیوا سنگھ ٹرسٹ  کے چیئر مین  جناب  وشاد پی مفت  لال  اور  شری رگھو بیر مندر  ٹرسٹ کے  ٹرسٹی جناب  روپل مفت لال  موجود تھے۔

۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

(ش ح- ق ت - ق ر)

U-358



(Release ID: 1972121) Visitor Counter : 78