وزیراعظم کا دفتر
azadi ka amrit mahotsav

نئی دہلی میں 9ویں جی 20 پارلیمانی اسپیکرز کی سربراہ کانفرنس کے افتتاح کے موقع پر وزیر اعظم کی تقریر کا متن

Posted On: 13 OCT 2023 1:34PM by PIB Delhi

نمسکار!

میں جی- 20 پارلیمانی اسپیکرز کے سربراہ اجلاس میں آپ سبھی کا 140 کروڑ ہندوستانیوں کی طرف سے تہہ دل سے خیرمقدم کرتا ہوں۔ یہ سربراہ اجلاس، ایک طرح سے، دنیا بھر سے مختلف پارلیمانی طریقوں کا ایک مہاکمبھ ہے۔ آپ سبھی مندوبین کو الگ الگ پارلیمنٹ میں کام کرنے کے طور طریقوں کا تجربہ کا حاصل ہے۔ اتنے بھرپور جمہوری تجربات کے ساتھ آپ کا ہندوستان آنا ہم سب کے لیے بہت خوشی کی بات ہے۔

دوستو

ہندوستان میں یہ تہواروں کا موسم ہے۔ ان دنوں ہندوستان بھر میں بہت سے تہواروں کی سرگرمیاں چلتی رہتی ہیں، لیکن اس بار جی- 20 نے تہواروں کے موسم کا جوش سال بھر برقرار رکھا ہے۔ ہم نے سال بھر ہندوستان کے مختلف شہروں میں جی- 20 مندوبین کی میزبانی کی۔ جس کی وجہ سے ان شہروں میں تہوار کا ماحول بنا رہا۔ اس کے بعد ہندوستان چاند پر اترا۔ اس سے ملک بھر میں تقریبات میں مزید اضافہ ہوگیا۔ پھر، ہم نے یہاں دہلی میں ایک کامیاب جی- 20 سربراہی اجلاس کی میزبانی کی۔ اور اب یہ پی 20 سربراہی اجلاس یہاں منعقد ہو رہا ہے۔ کسی بھی ملک کی سب سے بڑی طاقت اس کے عوام، اس کے عوام کی قوت ارادی ہوتی ہے۔ آج یہ سربراہی اجلاس بھی عوام کی اس طاقت کو منانے کا ایک ذریعہ بن گیا ہے۔

ساتھیو

پی20 سربراہی اجلاس بھارت کی سرزمین پر منعقد ہو رہا ہے جو مادر جمہوریت کہلاتا ہے، اور یہاں دنیا کی سب سے بڑی جمہوریت ہے۔ دنیا بھر میں مختلف پارلیمنٹ کے نمائندے کے طور پر، آپ جانتے ہیں کہ پارلیمنٹ بحث و مباحثہ کے لیے اہم مقامات ہیں۔ ہمارے پاس بحث و مباحثے کی بہت اچھی مثالیں ہیں، یہاں تک کہ ہزاروں سال پہلے، ہمارے صحیفوں میں جو 5 ہزار سال سے زیادہ پرانے ہیں، ہمارے ویدوں میں اجلاسوں اور کمیٹیوں کی بات کی گئی ہے۔ ان میں معاشرے کے مفاد میں اکٹھے ہو کر اجتماعی فیصلے کیے گئے۔ یہ ہمارے سب سے پرانے وید، رگ وید میں بھی کہا گیا ہے - سنگچھ-دھوم سنود – دھوم سم، وو منانسی جان تام۔ اس کا مطلب ہے کہ ہم ایک ساتھ چلتے ہیں، ہم ایک ساتھ بولتے ہیں اور ہمارے ذہن متحد ہیں۔ اس کے بعد بھی گاؤں سے متعلق فیصلے گرام سبھا میں بحث کے ذریعے کئے جاتے تھے۔ جب یونانی سفیر میگاسٹینیز نے بھی ہندوستان میں ایسا نظام دیکھا تو حیران رہ گئے۔ انہوں نے ہندوستان کی مختلف ریاستوں کے اس نظام پر تفصیل سے لکھا ہے۔ آپ کو یہ جان کر بھی حیرت ہو گی کہ ہمارے پاس تمل ناڈو میں نویں صدی کا پتھر کا نوشتہ موجود ہے۔ اس میں گاؤں کی قانون سازی کے ضابطوں اور اصولوں کا ذکر ہے۔ اور آپ کے لیے یہ جاننا بھی بہت دلچسپ ہوگا کہ اس  1200 سال پرانے نوشتہ پر یہ بھی لکھا ہے کہ کون سا رکن کس وجہ سے، کن حالات میں نااہل ہوسکتا ہے۔ میں بارہ سو سال پہلے کی بات کر رہا ہوں۔ میں آپ کو انوبھو منٹپا کے بارے میں بھی بتانا چاہتا ہوں۔ میگنا کارٹا سے پہلے بھی، ہمارے پاس 12ویں صدی میں ’’انوبھو منٹپا‘‘ کی روایت موجود ہے۔ اس میں بھی بحث و مباحثہ کی حوصلہ افزائی کی گئی۔ ہر طبقے، ہر ذات، ہر برادری کے لوگ ’’انوبھو منٹپا‘‘ میں اپنے خیالات کا اظہار کرنے کے لیے وہاں آتے تھے۔ جگت گرو بسویشورا کا یہ تحفہ آج بھی ہندوستان کے لئے باعث افتخار ہے۔ پانچ ہزار سال پرانے ویدوں سے لے کر آج تک کا یہ سفر، پارلیمانی روایات کی یہ ترقی نہ صرف ہماری میراث ہے، بلکہ پوری دنیا کی میراث ہے۔

ساتھیو

ہندوستان کے پارلیمانی عمل میں وقت کے ساتھ ساتھ مسلسل بہتری آئی ہے اور یہ زیادہ طاقتور ہو گئے ہیں۔ ہندوستان میں ہم عام انتخابات کو سب سے بڑا تہوار سمجھتے ہیں۔ 1947 میں آزادی کے بعد سے، بھارت میں 17 عام انتخابات اور 300 سے زیادہ ریاستی اسمبلیوں کے انتخابات ہو چکے ہیں۔ ہندوستان میں نہ صرف دنیا کے سب سے بڑے انتخابات کرائے جاتے ہیں بلکہ اس میں لوگوں کی شرکت بھی مسلسل بڑھ رہی ہے۔ 2019 کے عام انتخابات میں اہل وطن نے میری پارٹی کو مسلسل دوسری بار کامیاب کروایا۔ 2019 کے عام انتخابات انسانی تاریخ کی سب سے بڑی جمہوری مشق تھی۔ اس میں 60 کروڑ سے زیادہ یعنی 600 ملین ووٹروں نے حصہ لیا ہے۔ آپ تصور کر سکتے ہیں، اس وقت ہندوستان میں 91 کروڑ یعنی 910 ملین رجسٹرڈ ووٹرز تھے۔ یہ پورے یورپ کی کل آبادی سے زیادہ ہے۔ ہندوستان میں کل رجسٹرڈ ووٹرز میں سے تقریباً 70 فیصد کا ٹرن آؤٹ ظاہر کرتا ہے کہ لوگ ہندوستان میں پارلیمانی طریقوں پر کتنا اعتماد رکھتے ہیں۔ اور اس میں بھی ایک اہم عنصر خواتین کی زیادہ سے زیادہ شرکت تھی۔ ہندوستانی خواتین نے 2019 کے انتخابات میں ریکارڈ تعداد میں ووٹ ڈالے۔ اور دوستو، نہ صرف تعداد میں بلکہ سیاسی نمائندگی کے لحاظ سے بھی آپ کو دنیا میں ہندوستان کے انتخابات جیسی مثال نہیں ملے گی۔ 2019 کے عام انتخابات میں 600 سے زائد سیاسی جماعتوں نے حصہ لیا۔ ان انتخابات میں ایک کروڑ یعنی ایک کروڑ سے زائد سرکاری ملازمین نے انتخابی کام کیا۔ انتخابات کے لیے ملک میں 10 لاکھ یا 10 لاکھ سے زائد پولنگ اسٹیشن بنائے گئے تھے۔

ساتھیو

وقت کے ساتھ ساتھ ہندوستان نے انتخابی عمل کو بھی جدید ٹیکنالوجی سے مربوط کیا ہے۔ ہندوستان تقریباً 25 سالوں سے الیکٹرانک ووٹنگ مشین- ای وی ایم کا استعمال کر رہا ہے۔ ای وی ایم کے استعمال سے انتخابات میں شفافیت اور انتخابی عمل میں کارکردگی دونوں میں اضافہ ہوا ہے۔ بھارت میں، انتخابات کے نتائج ووٹوں کی گنتی شروع ہونے کے چند گھنٹوں کے اندر آتے ہیں۔ اب میں آپ کو ایک اور شکل دے رہا ہوں۔ یہ سن کر آپ بھی حیران رہ جائیں گے۔ آپ کو معلوم ہوگا کہ اگلے سال ہندوستان میں دوبارہ عام انتخابات ہونے والے ہیں۔ اس الیکشن میں 100 کروڑ رائے دہندگان یعنی ایک ارب لوگ اپنا ووٹ ڈالنے والے ہیں۔ میں آپ تمام مندوبین کو پی- 20 سربراہی اجلاس میں اگلے سال ہونے والے عام انتخابات کو دیکھنے کے لیے پیشگی دعوت دیتا ہوں۔ ہندوستان کو ایک بار پھر آپ کی میزبانی کرکے بہت خوشی ہوگی۔

ساتھیو

ابھی کچھ دن پہلے، ہندوستان کی پارلیمنٹ نے ایک بہت بڑا فیصلہ کیا ہے، جس کے بارے میں میں آپ کو آگاہ کرنا چاہتا ہوں۔ بھارت نے اپنی پارلیمنٹ اور ریاستی قانون ساز اسمبلیوں میں خواتین کو  33 فیصد ریزرویشن دینے کا فیصلہ کیا ہے۔ ہندوستان میں لوکل سیلف گورنینس انسٹی ٹیوشنس میں تقریباً 32 لاکھ یعنی 3 ملین سے زیادہ منتخب نمائندے ہیں۔ ان میں سے تقریباً 50 فیصد خواتین نمائندے ہیں۔ آج ہندوستان ہر شعبے میں خواتین کی شرکت کو فروغ دے رہا ہے۔ ہماری پارلیمنٹ کا حالیہ فیصلہ ہماری پارلیمانی روایت کو مزید تقویت بخشے گا۔

دوستو

ہندوستان کی پارلیمانی روایات پر ہم وطنوں کے اٹل اعتماد کی ایک اور بڑی وجہ ہے، جسے جاننا اور سمجھنا آپ کے لیے بہت ضروری ہے۔ یہ ہماری طاقت، ہمارا تنوع، ہماری وسعت، ہماری گوناگونیت ہے۔ ہمارے یہاں ہر عقیدے کے لوگ ہیں۔ کھانے کی سینکڑوں اقسام، زندگی گزارنے کے سینکڑوں طور طریقے ہماری پہچان ہیں۔ ہندوستان میں سینکڑوں زبانیں بولی جاتی ہیں، ہماری سینکڑوں بولیاں ہیں۔ ہندوستان میں 900 سے زیادہ ٹی وی چینلز 28 زبانوں میں ہیں،  اور  لوگوں کو حقیقی معلومات فراہم کرنے کے لیے ساتوں دن چوبیس گھنٹے کام کرتے ہیں۔ یہاں تقریباً 200 زبانوں میں 33 ہزار سے زیادہ مختلف اخبارات شائع ہوتے ہیں۔ ہمارے پاس مختلف سوشل میڈیا پلیٹ فارموں پر تقریباً 3 بلین صارفین ہیں۔ اس سے پتہ چلتا ہے کہ ہندوستان میں معلومات کا بہاؤ اور آزادی اظہار کی سطح کتنی بڑی اور طاقتور ہے۔ 21ویں صدی کی اس دنیا میں، ہندوستان کی گوناگونیت، تنوع میں اتحاد، ہماری بڑی طاقت کا پتہ چلتا ہے۔ یہ گوناگونیت ہمیں ہر چیلنج سے لڑنے اور ہر مشکل کو مل کر حل کرنے کی ترغیب دیتا ہے۔

دوستو

آج دنیا کے مختلف خطوں میں جو کچھ ہو رہا ہے اس سے کوئی بھی اچھوتا نہیں ہے۔ آج دنیا تنازعات اور محاذ آرائی کی وجہ سے مختلف بحران کا شکار ہے۔ ان بحران سے بھری یہ دنیا کسی کے مفاد میں نہیں۔ ایک منقسم دنیا انسانیت کو درپیش بڑے چیلنجز کا حل فراہم نہیں کرسکتی۔ یہ وقت امن اور بھائی چارے کا ہے، ایک ساتھ چلنے کا وقت ہے، مل کر آگے بڑھنے کا وقت ہے۔ یہ سب کی ترقی اور بہبود کا وقت ہے۔ ہمیں عالمی اعتماد کے بحران پر قابو پانا ہو گا اور انسان پر مبنی سوچ پر آگے بڑھنا ہو گا۔ ہمیں دنیا کو ایک کرۂ ارض، ایک خاندان، ایک مستقبل کے جذبے سے دیکھنا ہے۔ دنیا سے متعلق فیصلے کرنے میں جتنا زیادہ حصہ لیا جائے گا، اتنا ہی بڑا اثر ہوگا۔ اسی جذبے کے تحت ہندوستان نے افریقی یونین کو جی- 20 کا مستقل رکن بنانے کی تجویز پیش کی۔ مجھے خوشی ہے کہ تمام رکن ممالک نے اسے قبول کیا۔ مجھے اس فورم میں پورے افریقی پارلیمنٹ کی بھی شرکت دیکھ کر بہت خوشی ہوئی ہے۔

ساتھیو

مجھے بتایا گیا ہے کہ ہمارے اسپیکر، اوم برلا جی، آج شام آپ کو ہندوستان کے نئے پارلیمنٹ ہاؤس میں بھی لے جانے والے ہیں۔ وہاں آپ مہاتما گاندھی کو بھی خراج عقیدت پیش کرنے جا رہے ہیں۔ جیسا کہ آپ جانتے ہیں کہ بھارت کئی دہائیوں سے سرحد پار سے دہشت گردی کا سامنا کررہا ہے۔ بھارت میں دہشت گردوں نے ہزاروں بے گناہ لوگوں کو قتل کیا ہے۔ پارلیمنٹ کی نئی عمارت کے قریب آپ کو ہندوستان کی پرانی پارلیمنٹ بھی نظر آئے گی۔ تقریباً  20 سال پہلے دہشت گردوں نے ہماری پارلیمنٹ کو بھی نشانہ بنایا تھا۔ اور آپ یہ جان کر حیران رہ جائیں گے کہ اس وقت پارلیمنٹ کا اجلاس جاری تھا۔ دہشت گردوں کی تیاری ارکان اسمبلی کو یرغمال بنانے اور انہیں ختم کرنے کے لیے تھی۔ اس طرح کے کئی دہشت گردانہ واقعات سے نمٹنے کے بعد ہندوستان آج یہاں تک پہنچا ہے۔ اب دنیا کو بھی اندازہ ہو رہا ہے کہ دہشت گردی دنیا کے لیے کتنا بڑا چیلنج ہے۔ دہشت گردی جہاں بھی ہوتی ہے، کسی بھی وجہ سے، کسی بھی شکل میں ہوتی ہے، انسانیت کے خلاف ہے۔ ایسی صورتحال میں ہم سب کو دہشت گردی کے حوالے سے مسلسل سختی سے کام لینا ہو گا۔ تاہم اس کا ایک اور عالمی پہلو بھی ہے جس کی طرف میں آپ کی توجہ مبذول کرانا چاہتا ہوں۔ یہ انتہائی افسوسناک ہے کہ دہشت گردی کی تعریف پر اتفاق رائے نہیں ہے۔ آج بھی دہشت گردی سے نمٹنے کا بین الاقوامی کنونشن اقوام متحدہ میں اتفاق رائے کا منتظر ہے۔ دنیا کے اس رویے سے انسانیت کے دشمن فائدہ اٹھا رہے ہیں۔ دنیا بھر کی پارلیمانوں اور نمائندوں کو سوچنا ہو گا کہ ہم دہشت گردی کے خلاف اس جنگ میں کیسے مل کر کام کر سکتے ہیں۔

ساتھیو

دنیا کے چیلنجز سے نمٹنے کے لیے عوامی شرکت سے بہتر کوئی ذریعہ نہیں ہو سکتا۔ میرا ہمیشہ سے یہ ماننا ہے کہ حکومتیں اکثریت سے بنتی ہیں، لیکن ملک اتفاق رائے سے چلتا ہے۔ ہماری پارلیمنٹ اور یہ پی 20 فورم بھی اس جذبے کو تقویت دے سکتا ہے۔ بحث و مباحثہ کے ذریعے اس دنیا کو سنوارنے کی ہماری کوششیں ضرور کامیاب ہوں گی۔ مجھے یقین ہے کہ ہندوستان میں آپ کا قیام خوشگوار رہے گا۔ میں ایک بار پھر آپ کو اس چوٹی کانفرنس کی کامیابی اور ہندوستان میں خوشگوار سفر کے لئے نیک تمناؤں کا اظہار کرتا ہوں۔

بہت بہت شکریہ۔

-----------------------

ش ح۔ ح ا  ۔ م ر

U NO: 10773


(Release ID: 1967343) Visitor Counter : 146