نوجوانوں کے امور اور کھیل کود کی وزارت
azadi ka amrit mahotsav

کھیلوں کے مرکزی وزیر انوراگ ٹھاکر نے شوٹنگ، سیلنگ، ووشو، ٹینس میں ایشیائی کھیلوں  میں تمغہ جیتنے والوں کی عزت افزائی کی  اور نقد انعامات سے نوازا

Posted On: 02 OCT 2023 5:34PM by PIB Delhi

کھیلوں کے مرکزی وزیر انوراگ سنگھ ٹھاکر نے آج نئی دہلی میں ایک تقریب میں ایشین گیمز 2022  سے واپس آنے والے شوٹنگ، سیلنگ، ووشو اور ٹینس کے   کھلاڑیوں کی عزت افزائی کی ۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے، جناب انوراگ سنگھ ٹھاکر نے ایشین گیمز میں ان کی شاندار کارکردگی پر کھلاڑیوں کو مبارکباد دی۔ انہوں نے کہا کہ ان کی کامیابیوں سے ملک کا سر فخر سے بلند ہوا ہے۔ انہوں نے کھلاڑیوں کو یہ بھی یقین دلایا کہ حکومت انہیں ہر وہ تعاون فراہم کرنے کے لیے پرعزم ہے جس کی انہیں اپنے منتخب کھیلوں میں بہترین کارکردگی  کا مظاہرہ کرنے کی ضرورت ہے۔  انہوں نے کہا ’’میں تمام کھلاڑیوں کو اپنی نیک خواہشات  پیش کرتا ہوں اور مجھے یقین ہے کہ جب (ایشین گیمز کے ) فائنل ہوں گے تو ہندوستان کے کھلاڑی زیادہ  تمغوں کے ساتھ وہاں ہوں گے۔ جلد ہی پیرس اولمپکس کا انعقاد ہوگا  اور سب کی نگاہیں اس پر ہیں۔وزیراعظم مودی نے ہمیشہ کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی کی ہے کہ وہ تمام کھیلوں میں 100 فیصد کوشش کریں۔‘‘

انہوں نے کھلاڑیوں کی حمایت میں فیڈریشنوں کی اہمیت اور حکومت کی اسکیموں جیسے ٹی او پی ایس (ٹاپس) اور کھیلو انڈیا کے بارے میں بھی بات کی۔ انہوں نے کہا، ’’فیڈریشنوں کو  بڑا رول ادا کرنا ہے۔ ٹاپس کا آغاز 2014 میں کھلاڑیوں کو سہولت فراہم کرنے اور ان کی توجہ کھیلوں  پرمرکوز کرنے کو یقینی بنانے کے وژن کے ساتھ کیا گیا تھا۔ کھیلو انڈیا اسکیم نے بھی ایسا ہی تعاون فراہم کیا۔ میں ایشیائی کھیلوں میں اب تک سب سے زیادہ تمغے جیتنے پر  شوٹنگ فیڈریشن (این آر اے آئی) کو مبارکباد دیتا ہوں۔  2002 میں شوٹنگ میں  ہم نے دو تمغے جیتے تھے جبکہ اس بار ہم نے 22 تمغے حاصل کیے۔

وزیرموصوف نے مزید کہا  ’’ ہم نے پیرس سائیکل شوٹنگ میں کل 38 کروڑ روپے خرچ کیے تھے۔ ووشو کے لیے بھی ایشیاڈ سے قبل 1.8 کروڑ روپے کا کیمپ لگایا گیا تھا۔ اب کھیلوں  میں  7 دن باقی رہ گئے  ہیں، مجھے اب بھی یقین  ہے کہ ہم اب تک کے سب سے زیادہ  تمغے حاصل کریں گے ‘‘ ۔

ایتھلیٹوں  نے  بھی ہانگ ژو گیمز میں کامیابی حاصل کرنے میں مدد کرنے پر حکومت اور اس کی معاون ٹیموں کا بھی شکریہ ادا کیا۔

ووشو  میں چاندی کا تمغہ جیتنے والی روشیبینا نے کہا، ’’ہم کوچز، ایس اے آئی، فیڈریشن کے مقروض ہیں جنہوں نے ہمیں اس مقام تک پہنچایا۔ میں نے ایس اے آئی   این سی او ای امپھال میں تربیت حاصل کی ہے اور برسوں سے اچھی طرح دیکھ بھال ہوئی ہے۔ اب میرا مقصد اگلی بار سونے کا تمغہ حاصل کرنا ہے۔‘‘

50 میٹر 3پی انفرادی سونے کا تمغہ جیتنے والی صفت کور نے کہا، ’’یہ میرا پہلا ایشیائی گیم  تھا اور میں نہیں جانتی تھی کہ میرا  یہ اسکور عالمی ریکارڈ بن جائے گا۔ کھیلو انڈیا اسکیم میرے لیے سب سے زیادہ فائدہ مند رہی ہے۔‘‘

ایشیاڈ میں کانسی کا تمغہ جیتنے والے ٹوکیو اولمپین سیلر وشنو سراوانن نے کہا، ’’یہ ہم سب کے لیے  زبردست ایشین گیمز رہے ہیں۔ میں کوچز، عہدیداران ، خاص طور پر ہماری فیملی ، جنہوں نے ہمیشہ ہمارا ساتھ دیا، کا شکرگزار ہوں۔  میں خود اور دوسرے سیلر کشتی رانی کو ہندوستان کے نقشے پر  پیش کرنے  کی  کوشش کر رہے ہیں۔ میں ہر طرح کی مدد کے لئے ایس اے آئی  اے آر این پونے  کا بھی  شکریہ ادا کرتا ہوں۔ آئیے   ہم سب اب  پیرس  جانے کے بنیادی مقصد پر توجہ مرکوز کریں۔‘‘

پیر کو منعقد ہوئے اس پروگرام میں نوجوانوں کے امور اور کھیلوں کی وزارت، اسپورٹس اتھارٹی آف انڈیا کے سینئرافسران کے ساتھ ساتھ  ایتھلیٹوں کے اہل خانہ اور دوستوں نے بھی شرکت کی۔

************

 

ش ح ۔  ف ا    ۔ م   ص   

 (U:10260)


(Release ID: 1963375) Visitor Counter : 85