وزیراعظم کا دفتر
azadi ka amrit mahotsav g20-india-2023

وزیر اعظم چندریان 3 کی لینڈنگ کا مشاہدہ کرنے کے لیے ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعے اسرو کی ٹیم کے ساتھ شامل ہوئے


یہ 140 کروڑ دلوں کی دھڑکنوں کی صلاحیت اور ہندوستان کی نئی توانائی کے اعتماد کا لمحہ ہے

’امرت کال‘ کی پہلی روشنی میں، یہ کامیابی کی ’امرت ورشا‘ ہے

ہمارے سائنسدانوں کی لگن اور قابلیت کے ساتھ ہندوستان چاند کے قطب جنوبی پر پہنچ گیا ہے جہاں آج تک دنیا کا کوئی ملک نہیں پہنچ سکا

وہ وقت دور نہیں جب بچے کہیں گے ’چندا ماما ایک ٹور کے‘ یعنی چاند بس ایک ٹور کی دوری پر ہے

ہمارا چاند مشن انسان مرکوز نقطہ نظر پر مبنی ہے۔ اس لیے یہ کامیابی پوری انسانیت کی کامیابی ہے

ہم اپنے نظام شمسی کی حدود کو جانچیں گے، اور انسانوں کے لیے کائنات کے لا محدود امکانات کو محسوس کرنے کے لیے کام کریں گے

ہندوستان بار بار یہ ثابت کر رہا ہے کہ آسمان اس کی حد نہیں ہے

Posted On: 23 AUG 2023 7:03PM by PIB Delhi

وزیر اعظم جناب نریندر مودی آج چاند کی سطح پر چندریان 3 کی لینڈنگ کا مشاہدہ کرنے کے لیے ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعے اسرو (آئی ایس آر او) ٹیم کے ساتھ شامل ہوئے۔ کامیاب لینڈنگ کے فوراً بعد وزیر اعظم نے ٹیم سے خطاب کیا اور انہیں اس تاریخی کامیابی پر مبارک باد دی۔

وزیر اعظم نے ٹیم کو خاندان کے ایک فرد کے طور پر مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ ایسے تاریخی واقعات قوم کا ابدی شعور بن جاتے ہیں۔ ”یہ لمحہ ناقابل فراموش، بے مثال ہے۔ یہ ’وکِست بھارت‘ کا لمحہ ہے، بھارت کے لیے فتح کا لمحہ، یہ مشکلوں کے سمندر کو پار کرنے اور فتح کے ’چندر پتھ‘ پر چلنے کا لمحہ ہے۔ یہ 140 کروڑ دلوں کی دھڑکنوں کی صلاحیت اور ہندوستان کی نئی توانائی کے اعتماد کا لمحہ ہے۔ یہ ہندوستان کی بڑھتی ہوئی خوش قسمتی کو دعوت دینے کا ایک لمحہ ہے“، وزیر اعظم نے کہا۔ ’’امرت کال‘‘ کی پہلی روشنی میں یہ کامیابی کی ’’امرت ورشا‘‘ ہے، وزیر اعظم نے پر جوش انداز میں کہا۔ وزیر اعظم نے سائنسدانوں کا حوالہ دیتے ہوئے کہا، ”ہندوستان اب چاند پر ہے!“ انہوں نے کہا کہ ہم نے ابھی نئے ہندوستان کی پہلی پرواز کا مشاہدہ کیا ہے۔

وزیر اعظم نے بتایا کہ وہ اس وقت جوہانسبرگ میں برکس چوٹی کانفرنس میں شرکت کے لیے موجود ہیں لیکن ان کا ذہن بھی ہر دوسرے شہری کی طرح چندریان 3 پر مرکوز تھا۔ انہوں نے کہا کہ ہر ہندوستانی جشن میں ڈوب گیا ہے اور یہ ہر خاندان کے لیے تہوار کا دن ہے کیونکہ وہ اس خاص موقع پر ہر شہری کے ساتھ جوش و خروش سے جڑے ہوئے ہیں۔ وزیر اعظم نے ٹیم چندریان، اسرو اور ملک کے تمام سائنس دانوں کو مبارک باد دی جنہوں نے برسوں سے ان تھک محنت کی ہے اور ساتھ ہی 140 کروڑ ہم وطنوں کو جوش، خوشی اور جذبات سے بھرے اس شاندار لمحے کے لیے مبارک باد دی ہے۔

” ہمارے سائنسدانوں کی لگن اور قابلیت کے ساتھ ہندوستان چاند کے جنوبی قطب پر پہنچ گیا ہے جہاں آج تک دنیا کا کوئی ملک نہیں پہنچ سکا“، وزیر اعظم نے کہا۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ اب چاند سے متعلق تمام افسانے اور کہانیاں بدل جائیں گی اور کہاوتیں نئی نسل کے لیے ایک نئے معنی تلاش کریں گی۔ ہندوستانی لوک داستانوں کا حوالہ دیتے ہوئے جہاں زمین کو ’ماں‘ اور چاند کو ’ماما‘ سمجھا جاتا ہے، وزیر اعظم نے کہا کہ چاند کو ابھی بہت دور سمجھا جاتا ہے اور اسے ’چندا ماما دور کے‘ کہا جاتا ہے، لیکن وہ وقت زیادہ دور نہیں ہے۔ جب بچے کہیں گے ’چندا ماما ایک ٹور کے‘، یعنی چاند اب صرف ایک ٹور کی دوری پر ہے۔

وزیر اعظم نے دنیا کے ہر ملک اور خطے کے لوگوں سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ”بھارت کا کامیاب چاند مشن اکیلا ہندوستان کا مشن نہیں ہے۔ یہ وہ سال ہے جس میں دنیا ہندوستان کی جی - 20 صدارت دیکھ رہی ہے۔ ’ایک زمین، ایک خاندان، ایک مستقبل‘ کا ہمارا نقطہ نظر پوری دنیا میں گونج رہا ہے۔ اس انسان مرکوز نقطہ نظر کا جس کی ہم نمائندگی کرتے ہیں عالمی سطح پر خیر مقدم کیا گیا ہے۔ ہمارا چاند مشن بھی اسی انسان مرکوز نقطہ نظر پر مبنی ہے۔ اس لیے یہ کامیابی پوری انسانیت کی کامیابی ہے۔ اور یہ مستقبل میں دوسرے ممالک کے چاند مشنوں میں مدد کرے گا۔ جناب مودی نے مزید کہا ”مجھے یقین ہے کہ دنیا کے تمام ممالک بشمول گلوبل ساؤتھ کے ممالک اس طرح کے کارنامے انجام دینے کے قابل ہیں۔ ہم سب چاند اور اس سے آگے کی خواہش کر سکتے ہیں۔

وزیر اعظم نے یقین ظاہر کیا کہ چندریان مہا ابھیان کی کامیابیاں ہندوستان کی پرواز کو چاند کے مدار سے آگے لے جائیں گی۔ ”ہم اپنے نظام شمسی کی حدود کو جانچیں گے، اور انسانوں کے لیے کائنات کے لا محدود امکانات کو محسوس کرنے کے لیے کام کریں گے“، جناب مودی نے زور دے کر کہا۔ وزیر اعظم نے مستقبل کے لیے اہم اہداف طے کرنے پر روشنی ڈالی اور بتایا کہ اسرو جلد ہی سورج کے تفصیلی مطالعہ کے لیے ’آدتیہ L-1‘ مشن شروع کرنے جا رہا ہے۔ ”ہندوستان بار بار ثابت کر رہا ہے کہ آسمان اس کی حد نہیں ہے“، وزیر اعظم نے مشن گگنیان پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا جہاں ہندوستان اپنے پہلے انسانی خلائی پرواز کے مشن کے لیے پوری طرح تیار ہے۔

وزیر اعظم نے اس بات پر زور دیا کہ سائنس اور ٹیکنالوجی ملک کے روشن مستقبل کی بنیاد ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ دن ہم سب کو روشن مستقبل کی طرف بڑھنے کی ترغیب دے گا اور قراردادوں کی تکمیل کا راستہ دکھائے گا۔ ”یہ دن اس بات کی نشاندہی کرتا ہے کہ کس طرح شکست کے سبق سے فتح حاصل کی جاتی ہے“، وزیر اعظم نے سائنسدانوں کو ان کی تمام مستقبل کی کوششوں کے لیے کامیابیوں کی خواہش کا اظہار کیا۔

**************

ش ح۔ ف ش ع- م ف

U: 8736



(Release ID: 1951539) Visitor Counter : 152