امور داخلہ کی وزارت

مرکزی وزیر داخلہ اور تعاون کے وزیر جناب امت شاہ نے آج گجرات کے احمد آباد میں ہر گھر ترنگا مہم کے ایک حصے کے طور پر ترنگا یاترا سے خطاب کیا


ہاتھوں میں ترنگا تھامے کھڑے ہزاروں لوگوں کو دیکھ کر ایسا لگتا ہے کہ ملک کے ہر بچے اور نوجوان میں حب الوطنی کا جذبہ پیدا کرنے کی وزیر اعظم جناب نریندر مودی کی مہم کامیاب ہو رہی ہے

وزیر اعظم جناب نریندر مودی نے ملک کے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ اپنے گھروں پر ترنگا لہرائیں

وزیر اعظم جناب نریندر مودی کی قیادت میں آزادی کا امرت مہوتسو کی تحریک حب الوطنی کی لہر کو بلند کرنے کا ذریعہ بن گئی

اسی طرح ’میری ماٹی، میری دیش‘ پروگرام آنے والے دنوں میں ایک عظیم، ترقی یافتہ اور خود کفیل بھارت بنانے کے ہمارے عزم کو بھی پورا کرے گا

مرکزی وزیر داخلہ نے تمام ہم وطنوں سے اپیل کی کہ وہ 13 سے 15 اگست تک اپنے گھروں پر ترنگا  لہرائیں اور سیلفی آن لائن اپ لوڈ کریں

ہمارے مجاہدین آزادی کی قربانی محض قربانی نہیں بلکہ یہ ہمارے اور آنے والی نسلوں کے لیے ملک کے لیے جینے کا ایک سبق ہے

جس طرح نوجوان نسل نے 1857 سے 1947  تک 90 سال کے عرصے میں تحریک آزادی کی قیادت کی اور ملک کو غلامی کی زنجیروں سے آزاد کرایا، اسی طرح نوجوان نسل کو بھارت کو عظیم بنانے کے لیے 2023 سے 2047 تک کا عرصہ مادرِ وطن  کے لیے وقف کرنا ہوگا

Posted On: 13 AUG 2023 3:00PM by PIB Delhi

مرکزی وزیر داخلہ اور تعاون کے وزیر جناب امت شاہ نے آج گجرات کے احمد آباد میں ہر گھر ترنگا مہم کے ایک حصے کے طور پر ترنگا یاترا سے خطاب کیا۔ اس موقع پر گجرات کے وزیر اعلی جناب بھوپندر پٹیل سمیت کئی معززین موجود تھے۔

جناب امت شاہ نے اپنے خطاب میں کہا کہ آزادکا امرت مہوتسو کے موقع پر ہاتھوں میں ترنگا تھامے کھڑے ہزاروں لوگوں کو دیکھ کر ایسا لگتا ہے کہ ملک کے ہر بچے اور نوجوان میں حب الوطنی کا جذبہ پیدا کرنے کا وزیر اعظم جناب نریندر مودی کا منصوبہ کامیاب ہو رہا ہے۔ انھوں نے کہا کہ 15 اگست 2022 کو ملک میں ایک بھی ایسا گھر نہیں تھا جہاں ترنگا نہ لہرایا گیا ہو اور لوگوں نے سیلفی نہ لی ہو۔ جناب شاہ نے کہا کہ وزیر اعظم جناب نریندر مودی نے ملک کے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ اپنے گھروں پر پھر ترنگا لہرائیں۔ انھوں نے کہا کہ گجرات سے مٹی اور ترنگا لے کر نوجوان دہلی پہنچیں گے۔ یہ نوجوان ملک بھر سے لائی گئی مٹی اور ترنگا دہلی میں وزیر اعظم جناب نریندر مودی کے حوالے کریں گے۔ نوجوان طاقت ہر گاؤں میں ایک عظیم بھارت کے عزم کو بھی پھیلائے گی۔

مرکزی وزیر داخلہ اور تعاون کے وزیر نے کہا کہ وزیر اعظم جناب نریندر مودی کی قیادت میں آزادی کا امرت مہوتسو کی تحریک حب الوطنی کی لہر کو بلند کرنے کا ذریعہ بن گئی ہے، اسی طرح ’میری ماٹی ، میرا دیش‘ پروگرام آنے والے دنوں میں ایک عظیم، ترقی یافتہ اور خود کفیل بھارت بنانے کے ہمارے عزم کو بھی پورا کرے گا۔ مرکزی وزیر داخلہ نے تمام ہم وطنوں سے اپیل کی کہ وہ 13 سے 15 اگست تک اپنے گھروں پر ترنگا لہرائیں اور آن لائن سیلفی اپ لوڈ کریں، لوگوں کی یہ کوشش پورے ملک کو عظیم بنانے کی مہم بن جائے گی۔ جناب شاہ نے کہا کہ نوجوان جس جوش و خروش کے ساتھ ان کے سامنے کھڑے ہیں، انھیں یقین ہے کہ یہ مہم حب الوطنی کے جذبے کو آگے لے جائے گی اور لوگوں بالخصوص بچوں اور نوجوانوں میں ملک کو عظیم بنانے کے عزم کو فروغ دے گی۔

جناب امت شاہ نے کہا کہ آزادی کا امرت مہوتسو کے سال میں وزیر اعظم جناب نریندر مودی نے ملک بھر میں حب الوطنی کی لہر پیدا کرنے کا کام کیا ہے۔ انھوں نے کہا کہ 15 اگست 2023 کو آزادی کا امرت مہوتسو اختتام پذیر ہوگا اور وزیر اعظم جناب نریندر مودی کی قیادت میں ملک 15 اگست 2023 سے 15 اگست 2047 تک آزادی کا امرت کل منائے گا۔ آزادی کے 75 سال سے 100 سال کے سفر کے دوران ہم ملک کو ہر میدان میں عظیم اور نمبر ایک بنائیں گے۔ جناب شاہ نے کہا کہ امرت کال خاص طور پر ہماری نوجوان نسل کے لیے بہت اہم ہے۔ انھوں نے کہا کہ جس طرح 1857 سے 1947 تک 90 برسوں میں نوجوان نسل نے تحریک آزادی کی قیادت کی اور ملک کو غلامی کی زنجیروں سے آزاد کرایا، اسی طرح نوجوان نسل کو بھارت کو عظیم بنانے کے لیے 2023 سے 2047 تک کے سال مادرِ وطن  کے لیے وقف کرنے ہیں۔

مرکزی وزیر داخلہ اور تعاون کے وزیر نے کہا کہ وزیر اعظم جناب نریندر مودی نے آزادی کا امرت مہوتسو کے سال کو بہت اچھے جذبے کے ساتھ ملک کے عوام کے سامنے رکھا ہے۔ انھوں نے کہا کہ 1857 سے 1947 کے دوران لاکھوں مجاہدین آزادی نے مسلسل لڑائی لڑی اور اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا اور ملک کو آزاد کرایا۔ نتیجتا گزشتہ 75 برسوں سے ہمارا ملک دنیا کی سب سے بڑی جمہوریت ہے اور دنیا بھر میں اپنا مقام پیدا کر رہا ہے۔ جناب شاہ نے کہا کہ آزادی کی اس جدوجہد میں کئی مجاہدین آزادی نے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا۔ عظیم مجاہد آزادی بھگت سنگھ نے خوشی خوشی شہادت کی موت قبول کی اور انقلاب زندہ باد کا نعرہ لگاتے ہوئے پھانسی پر چڑھ گئے۔ 17 سالہ خودی رام بوس، جنہوں نے اپنی پوری زندگی ذات پات، مذہب، ریاست اور علاقے کی پروا کیے بغیر ملک کے لیے اپنی جان قربان کر دی، جبکہ دوسری طرف 80 سالہ بابو کنور سنگھ جی نے 1857 کی جنگ میں جام شہادت نوش کیا۔ انھوں نے کہا کہ ہمارے مجاہدین آزادی کی قربانی محض قربانی نہیں بلکہ یہ ہم سب کے لیے اور آنے والی نسلوں کے لیے ایک سبق ہے کہ وہ ملک کی خاطر زندگی بسر کریں۔ جناب شاہ نے کہا کہ آزادی کے 75 سال بعد آج ہمارے لیے ملک کی خاطر جانوں  کا نذرانہ پیش کرنے کے ویسے مواقع نہیں میسر ہیں لیکن ہمیں ملک کے لیے جینے سے کوئی نہیں روک سکتا۔

***

(ش ح – ع ا – ع ر)

U. No. 8303



(Release ID: 1948346) Visitor Counter : 133