امور صارفین، خوراک اور عوامی تقسیم کی وزارت

مرکز نے تین لاکھ میٹرک ٹن کے پیاز کے بفر اسٹاک سے اسٹاک جاری کرنا شروع کردیا ہے


حکومت ہند پیاز کی قیمتوں کو قابو میں رکھنے کیلئے قیمتوں کے استحکام کے فنڈ کے تحت پیاز کا بفر اسٹاک رکھتی ہے

Posted On: 11 AUG 2023 12:33PM by PIB Delhi

اُمور صارفین کے محکمے نے اس سال تیار کیے گئے 3 لاکھ میٹرک ٹن کے پیاز کے بفر اسٹاک سے اسٹاک جاری کرنے کا کام شروع کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ محکمے کے سکریٹری جناب روہت کمار سنگھ نے 10 اگست 2023 کو نیفیڈ اور این سی سی ایف کے مینجنگ ڈائریکٹروں کے ساتھ ایک میٹنگ کی اور نپٹان کے طریقوں کو حتمی شکل دی۔ فیصلہ کیا گیا کہ ریاستوں میں ایسے اہم بازاروں کو ہدف بناتے ہوئے پیاز کے اسٹاک جاری کیے جائیں گے جہاں پر خردہ قیمتیں کُل ہند اوسط قیمت سے اوپر چل رہی ہوں اور جہاں پر گزشتہ ماہ  اور سال کی  قیمتوں میں اضافے کی شرح متعینہ سطح سے اوپر ہو، اس سلسلے میں ای- نیلامی اور ای- کامرس پلیٹ فارموں پر  خردہ فروخت کے ذریعے نمٹان کے امکانات کا بھی پتہ لگایا جارہا ہے۔نمٹان کی مقدار اور رفتار کے تعین کیلئے  پیاز کو سستی قیمت پر صارفین کو دستیاب کرانے کے مقصد سے قیمتوں اور دستیابی کی صورتحال  کا بھی جائزہ لیا جائیگا۔ بازار میں بھیجنے کے علاوہ یہ فیصلہ کیا گیا کہ ریاستوں کو کنزیومر کوآپریٹیو اور کارپوریشنوں کی خردہ دکانوں کے ذریعے فروخت کے واسطے رعایتی شرحوں پر پیاز فراہم کرائی جائے۔

رواں سال میں بفر کے لئے مجموعی طور پر تین لاکھ میٹرک ٹن پیاز حاصل کی گئی ہے، جس میں حالات کا تقاضا ہونے کی صورت میں مزید اضافہ کیاجاسکتا ہے۔ دو مرکزی نوڈل ایجنسیوں نیفیڈ اور این سی سی ایف میں مہاراشٹر اور مدھیہ پردیش سے جون اور جولائی کے دوران ڈیڑھ ڈیڑھ لاکھ میٹرک ٹن ربیع کی پیاز حاصل کی ہے۔ اس سال ذخیرے کے نقصان کو کم سے کم کرنے کے مقصد سے بھابھا ایٹمی ریسرچ سینٹر (بی اے آر سی) کے تعاون سے پائلٹ بنیاد پر پیاز کے اِرریڈیشین کا کام بھی کیا جائے گا۔ تقریباً 1000 میٹرک ٹن پیاز کو اِرریڈیٹ کیا گیا ہے اور کنٹرول شدہ ماحول والے اسٹوریج میں رکھا گیا ہے۔

حکومت پیاز کی قیمتوں کے اتار چڑھاؤ پر قابو پانے کیلئے قیمتوں کے استحکام کے فنڈ کے تحت پیاز کا بفر برقرار رکھتی ہے ۔ ربیع کی فصل سے پیاز کے حصولیابی کے ذریعے سالانہ بفر تیا رکیا جاتا ہے اور اسے کم دستیابی کے سیزن کے دوران بڑی کھپت والے مراکز میں جاری کیا جاتا ہے۔ گزشتہ چار برسوں میں پیاز کے بفر کا سائز تین گنا ہوچکا ہے ؛ سال 21-2020 میں ایک لاکھ میٹرک ٹن سے بڑھ کر سال 24-2023 میں یہ تین لاکھ میٹرک ٹن ہوگیا ہے۔ پیاز کا بفر سستی قیمت پر صارفین کو پیاز کی دستیابی کو یقینی بنانے اور پیاز کی قیمتوں کو مستحکم رکھنے میں ایک کلیدی رول ادا کرتا ہے۔

 

-----------------------

ش ح۔ا گ۔ ع ن

U NO: 8221



(Release ID: 1947784) Visitor Counter : 120