صدر جمہوریہ کا سکریٹریٹ

صدر جمہوریہ ہند سے مسلم ورلڈ لیگ کے سکریٹری جنرل کی ملاقات

Posted On: 12 JUL 2023 1:34PM by PIB Delhi

مسلم ورلڈ لیگ کے سکریٹری جنرل ڈاکٹر محمد بن عبدالکریم العیسیٰ نے آج (12 جولائی 2023) کو راشٹرپتی بھون میں صدر جمہوریہ ہند محترمہ دروپدی مرمو سے ملاقات کی۔

ہندوستان کے اپنے پہلے سرکاری دورے پر آئے ہوئے ڈاکٹر العیسیٰ کا خیرمقدم کرتے ہوئے، صدر جمہوریہ نے کہا کہ ہندوستان رواداری کی اقدار، تحمل اور بین المذاہب مکالمے کو فروغ دینے میں مسلم ورلڈ لیگ کے کردار اور مقاصد کو سراہتا ہے۔ انھوں نے کہا کہ ہندوستان ایک کثیر ثقافتی، کثیر لسانی، کثیر نسلی اور کثیر مذہبی سماج کے طور پر کثرت میں وحدت کا پیغام دیتا ہے۔ ہمارے  200 ملین سے زیادہ ہندوستانی مسلمان بھائیوں اور بہنوں نے ملک کو دنیا کا دوسرا سب سے بڑا مسلم آبادی والا ملک بنا دیا ہے۔

صدر جمہوریہ نے کہا کہ ہندوستان سعودی عرب کے ساتھ اپنے تعلقات کو بہت اہمیت دیتا ہے۔ دونوں ممالک کے درمیان خوشگوار تعلقات کی طویل تاریخ ہے، جس کی جڑیں تجارت اور عوام سے عوام کے تعلقات میں پیوست ہیں۔ ہمارے دونوں ممالک کے پاس دنیا کے ساتھ بانٹنے کے لیے قیمتی اسباق ہیں۔

صدر جمہوریہ نے کہا کہ ہندوستان اور سعودی عرب دونوں نے ہر طرح کی دہشت گردی کی مذمت کی اور دہشت گردی کے خلاف ’زیرو ٹالرینس‘ پر زور دیا۔ دونوں رہنماؤں نے اس بات پر اتفاق کیا کہ دہشت گردی اور پرتشدد انتہا پسندی کا مقابلہ کرنے کے لیے ایک جامع نقطہ نظر کی ضرورت ہے اور یہ روادار مکاتب فکر کے ذریعے ہی ممکن ہے۔ صدر جمہوریہ نے انتہا پسندی، دہشت گردی اور تشدد کے خلاف ڈاکٹر العیسیٰ کے موقف کو سراہا۔ انہوں نے یقین ظاہر کیا کہ ان کا ہندوستان کا دورہ مسلم ورلڈ لیگ کے ساتھ تعاون کے مزید مواقع فراہم کرے گا۔

 

******

 

ش  ح۔ م  م۔ م ر

U-NO. 6960



(Release ID: 1938968) Visitor Counter : 135