کابینہ
کابینہ نے ہندوستان اور قدرتی آفات کے لیے مزاحم بنیادی ڈھانچہ کے لیے اتحاد (سی ڈی آر آئی) کے درمیان صدر دفتر کے معاہدہ (ایچ کیو اے) کی توثیق کو منظوری دی
Posted On:
28 JUN 2023 3:51PM by PIB Delhi
وزیر اعظم جناب نریندر مودی کی زیرصدارت مرکزی کابینہ نے آج حکومت ہند (جی او آئی) اور قدرتی آفات کے لیے مزاحم بنیادی ڈھانچہ کے لیے اتحاد (سی ڈی آر آئی) کے درمیان 22 اگست، 2022 کو دستخط کیے گئے صدر دفتر کے معاہدہ (ایچ کیو اے) کی توثیق کواپنی منظوری دے دی ہے۔
ہندوستان کے عزت مآب وزیر اعظم نے 23 ستمبر، 2019 کو نیویارک میں اقوام متحدہ کے کلائمیٹ ایکشن سمٹ کے دوران سی ڈی آر آئی کو لانچ کیا تھا۔ یہ حکومت ہند کی طرف سے شروع کی گئی ایک بڑی عالمی پہل ہے اور اسے موسمیاتی تبدیلی اور قدرتی آفات کے لیے مزاحم معاملوں میں عالمی قائدانہ کردار حاصل کرنے کی ہندوستان کی کوششوں کے طور پر دیکھا جاتا ہے۔
کابینہ نے 28 اگست، 2019 کو نئی دہلی میں اس کے معاون سیکریٹریٹ کے ساتھ ساتھ سی ڈی آر آئی کے قیام کی منظوری دی تھی اور سی ڈی آر آئی کو حکومت ہند کی مالی مدد کے طور پر سال 20-2019 سے 24-2023 تک 5 سالوں کی مدت کے لیے 480 کروڑ روپے دیے جانے کی بھی منظوری دی تھی۔
اس کے بعد، 29 جون 2022 کو کابینہ نے سی ڈی آر آئی کو ایک بین الاقوامی تنظیم کے طور پر تسلیم کرنے اور اقوام متحدہ (استحقاق اور استثنیٰ) قانون، 1947 کی دفعہ 3 کے تحت سی ڈی آر آئی کو استثنیٰ، چھوٹ اور مراعات دیے جانے کے لیے صدر دفتر کے معاہدہ (ایچ کیو اے) پر دستخط کیے جانے کی منظوری دی تھی۔
کابینہ کے فیصلے کی تعمیل میں، 22 اگست 2022 کو حکومت ہند اور سی ڈی آر آئی کے درمیان صدر دفتر کے معاہدے (ایچ کیو اے) پر دستخط کیے گئے۔
سی ڈی آر آئی قومی حکومتوں، اقوام متحدہ کی ایجنسیوں اور پروگراموں، کثیر جہتی ترقیاتی بینکوں اور مالیاتی میکانزم، نجی شعبے، تعلیمی اور علمی اداروں کی ایک عالمی شراکت داری ہے، جس کا مقصد موسمیاتی اور قدرتی آفات کے خطرات کے لیے مزاحم بنیادی ڈھانچے کے نظام کو فروغ دینا، اور اس طرح پائیدار ترقی کو یقینی بنانا ہے۔
اپنے آغاز کے بعد سے، اکتیس (31) ممالک، چھ (06) بین الاقوامی تنظیمیں اور دو (02) نجی شعبے کی تنظیمیں سی ڈی آر آئی کے رکن بن چکے ہیں۔ سی ڈی آر آئی اقتصادی طور پر ترقی یافتہ ممالک، ترقی پذیر ممالک، اور موسمیاتی تبدیلیوں اور آفات کے سب سے زیادہ خطرات سے درپیش ممالک کو متوجہ کرکے اپنی رکنیت کو مسلسل بڑھا رہا ہے۔
حکومت ہند اور سی ڈی آر آئی کے درمیان دستخط شدہ صدر دفتر کے معاہدے کی توثیق سے اقوام متحدہ (استحقاق اور استثنیٰ) قانون، 1947 کی دفعہ 3 کے تحت استثنیٰ، چھوٹ اور مراعات دینے میں سہولت ہوگی، جن کی بنیاد پر سی ڈی آر آئی کو ایک آزاد اور بین الاقوامی قانونی درجہ دیا جا سکے گا، تاکہ یہ بین الاقوامی سطح پر اپنے کاموں کو زیادہ مؤثر طریقے سے انجام دے سکے۔
*****
ش ح – ق ت – ت ع
U: 6576
(Release ID: 1935987)
Visitor Counter : 143
Read this release in:
English
,
Hindi
,
Marathi
,
Manipuri
,
Bengali
,
Assamese
,
Punjabi
,
Gujarati
,
Odia
,
Tamil
,
Telugu
,
Kannada
,
Malayalam