وزیراعظم کا دفتر

وزیر اعظم کا  جی 20 کے وزرائے سیاحت  کے اجلاس سے خطاب


’’سیاحت کے بارے میں ہندوستان کا نقطہ نظر سنسکرت کے قدیم جملہ ’اتیتھی دیوو بھوہ‘ پر مبنی ہے، جس کا مطلب ہے ’مہمان بگھوان ہوتا ہے‘‘‘

’’سیاحت کے شعبے میں ہندوستان کی کوششیں، سیاحت کے لیے عالمی معیار کے بنیادی ڈھانچے کی تعمیر کے ساتھ ساتھ اپنے بیش قیمتی ورثے کو محفوظ رکھنے پر مرکوز ہیں‘‘

’’گزشتہ نو برسوں میں، ہم نے ملک میں سیاحت کے پورے ایکو سسٹم کو فروغ دینے پر خصوصی زور دیا ہے‘‘

’’ہندوستان پائیدار ترقی کے اہداف کو تیزی سے حاصل کرنے کے لیے سیاحت کے شعبے کی افادیت کو بھی تسلیم کر رہا ہے‘‘

’’حکومتوں، صنعت کاروں، سرمایہ کاروں اور تعلیمی اداروں کے درمیان تعاون سیاحت کے شعبے میں ٹیکنالوجی کے نفاذ کو تیز کر سکتا ہے‘‘

’’دہشت گردی لوگوں کو تقسیم کرتی ہے، لیکن سیاحت انہیں متحد کرتی ہے‘‘

’’ہندوستان کی جی 20 صدارت کا نصب العین، ’وسودھیو کٹمبکم‘ – ’ایک زمین، ایک خاندان، ایک مستقبل‘ خود عالمی سیاحت کا نصب العین ہو سکتا ہے‘‘

’’مدر آف ڈیموکریسی میں جمہوریت کے تہوار کا مشاہدہ ضرور کریں‘‘

Posted On: 21 JUN 2023 2:37PM by PIB Delhi

وزیر اعظم جناب نریندر مودی نے آج ویڈیو پیغام کے ذریعے گوا میں منعقد جی 20 کے وزرائے سیاحت کے اجلاس سے خطاب کیا۔

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے، وزیر اعظم نے ہندوستان کے ناقابل یقین جذبے کی دعوت دی اور کہا کہ سیاحت کے وزراء کو شاید ہی کبھی خود سیاح بننے کا موقع ملتا ہے حالانکہ وہ عالمی سطح پر دو ٹریلین ڈالر سے زیادہ مالیت کے شعبے کو سنبھال رہے ہیں۔ اس بات کا ذکر کرتے ہوئے کہ جی 20 وزرائے سیاحت کی میٹنگ گوا میں ہو رہی ہے، جو کہ ہندوستان کے سیاحتی مقامات میں سے ایک ہے، وزیر اعظم نے معززین پر زور دیا کہ وہ اپنی سنجیدہ گفتگو سے کچھ وقت نکال کر گوا کے قدرتی حسن اور روحانی پہلو کا مشاہدہ کریں۔

وزیر اعظم نے کہا کہ سیاحت کے بارے میں ہندوستان کا نقطہ نظر سنسکرت کے قدیم جملہ ’اتیتھی دیوو بھوہ‘ پر مبنی ہے، جس کا مطلب ہے ’مہمان بھگوان ہوتا ہے‘۔ جناب مودی نے زور دے کر کہا کہ سیاحت صرف سیر و تفریح کا نام نہیں ہے، بلکہ یہ ایک حیرت انگیز تجربہ ہے۔ انہوں نے اپنی بات کو جاری رکھتے ہوئے کہا، ’’موسیقی ہو یا خوراک، فن ہو یا ثقافت، ہندوستان کا تنوع واقعی شاندار ہے۔ اونچے ہمالیہ سے لے کر گھنے جنگلات تک، خشک صحراؤں سے لے کر خوبصورت ساحلوں تک، ایڈونچر اسپورٹس سے لے کر مراقبہ (میڈی ٹیشن) تک، ہندوستان کے پاس سبھی کے لیے کچھ نہ کچھ ضرور ہے۔‘‘ وزیر اعظم نے بتایا کہ ہندوستان اپنی جی 20 صدارت کے دوران پورے ملک میں 100 مختلف مقامات پر تقریباً 200 میٹنگوں کا اہتمام کر رہا ہے جو ہر تجربے کو دوسرے سے مختلف بنا رہا ہے۔ انہوں نے مزید کہا، ’’اگر آپ اپنے دوستوں سے پوچھیں جو پہلے ہی ان میٹنگوں کے لیے ہندوستان کا دورہ کر چکے ہیں، تو مجھے یقین ہے کہ کوئی دو تجربات ایک جیسے نہیں ہوں گے۔‘‘

وزیر اعظم نے اس بات پر زور دیا کہ سیاحت کے شعبے میں ہندوستان کی کوششیں سیاحت کے لیے عالمی معیار کے بنیادی ڈھانچے کی تعمیر کے ساتھ ساتھ اپنے بیش قیمتی ورثے کو محفوظ رکھنے پر مرکوز ہیں۔ اس بات کا ذکر کرتے ہوئے کہ ہندوستان دنیا کے ہر بڑے مذہب کے زائرین کو اپنی طرف متوجہ کرتا ہے، وزیر اعظم نے  کہا کہ روحانی سیاحت کو فروغ دینے پر توجہ مرکوز کرنا ان کے ترجیحی شعبوں میں سے ایک ہے۔ انہوں نے بتایا کہ ابدی شہر وارانسی میں بنیادی ڈھانچے کو اپ گریڈ کیا گیا ہے، جو بڑے روحانی مراکز میں سے ایک ہے، جس کی وجہ سے عازمین کی تعداد میں دس گنا اضافہ ہوا اور آج یہ تعداد 70 ملین تک پہنچ چکی ہے۔ انہوں نے اس بات پر بھی زور دیا کہ ہندوستان سیاحوں کے لیے نئے پرکشش مقامات بنا رہا ہے اور اس سلسلے میں انہوں نے  اسٹیچو آف یونٹی کی مثال دی، جو دنیا کا سب سے اونچا مجسمہ ہے، جس نے افتتاح کے ایک سال کے اندر تقریباً 2.7 ملین سیاحوں کو اپنی طرف متوجہ کیا۔  وزیر اعظم نے کہا کہ گزشتہ نو برسوں میں ہم نے ملک میں سیاحت کے پورے ماحولیاتی نظام کو فروغ دینے پر خصوصی زور دیا ہے۔ جناب مودی نے کہا، ’’ٹرانسپورٹ کے بنیادی ڈھانچے سے لے کر مہمان نوازی کے شعبے اور ہنر مندی کے فروغ تک، اور یہاں تک کہ اپنے ویزا سسٹم میں ہم نے سیاحت کے شعبے کو اپنی اصلاحات کے مرکزی نقطہ کے طور پر رکھا ہے۔‘‘ انہوں نے اس بات پر روشنی ڈالی کہ مہمان نوازی کے شعبے میں روزگار کے مواقع پیدا کرنے، سماجی شمولیت اور معاشی ترقی کے لیے بہت زیادہ امکانات ہیں جبکہ دیگر شعبوں کے مقابلے خواتین اور نوجوانوں کو زیادہ روزگار فراہم کیا جا رہا ہے۔ وزیر اعظم نے اس بات پر خوشی کا اظہار کیا کہ ہندوستان پائیدار ترقی کے اہداف کو تیزی سے حاصل کرنے کے لیے سیاحت کے شعبے کی افادیت کو بھی تسلیم کر رہا ہے۔

وزیر اعظم نے اس بات پر روشنی ڈالی کہ گرین ٹورازم، ڈیجیٹلائزیشن، اسکل ڈیولپمنٹ، ٹورازم ایم ایس ایم ای، اور ڈیسٹی نیشن مینجمنٹ کے پانچ باہم مربوط ترجیحی شعبے ہندوستان کے ساتھ ساتھ جنوبی دنیا کی ترجیحات کی عکاسی کرتے ہیں۔ جناب مودی نے اختراعات کو آگے بڑھانے کے لیے مصنوعی ذہانت اور بڑھی ہوئی حقیقت جیسی ابھرتی ہوئی ٹیکنالوجیز کے زیادہ استعمال کی تجویز پیش کی اور اس بات پر روشنی ڈالی کہ ہندوستان مصنوعی ذہانت کے لیے کام کر رہا ہے تاکہ ملک میں بولی جانے والی مختلف زبانوں کا حقیقی وقت میں ترجمہ کیا جا سکے۔ انہوں نے اعتماد کا اظہار کیا کہ حکومتوں، صنعت کاروں، سرمایہ کاروں اور ماہرین تعلیم کے درمیان تعاون سے سیاحت کے شعبے میں اس طرح کی ٹیکنالوجی کے نفاذ کو تیز کیا جا سکتا ہے۔ وزیر اعظم نے سیاحتی کمپنیوں کے لیے کاروباری ضوابط کو آسان بنانے اور مالیات تک ان کی رسائی بڑھانے اور مہارت کی ترقی میں سرمایہ کاری کرنے میں ان کی مدد کرنے کے لیے مل کر کام کرنے کی تجویز بھی پیش کی۔

وزیراعظم نے کہا کہ دہشت گردی لوگوں کو تقسیم کرتی ہے، لیکن سیاحت انہیں متحد کرتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ سیاحت زندگی کے تمام شعبوں سے تعلق رکھنے والے لوگوں کو جوڑنے کی صلاحیت رکھتی ہے جس سے ایک ہم آہنگ معاشرہ تشکیل پاتا ہے۔ جناب مودی نے اس بات پر خوشی کا اظہار کیا کہ یو این ڈبلیو ٹی او کے ساتھ شراکت میں جی 20 کا ایک ٹورازم ڈیش بورڈ تیار کیا جا رہا ہے جو اپنی نوعیت کا پہلا پلیٹ فارم ہوگا جو بہترین طور طریقوں، کیس اسٹڈیز اور متاثر کرنے والی کہانیاں جمع کرے گا۔ وزیر اعظم نے اعتماد کا اظہار کیا کہ بات چیت اور ’گوا روڈ میپ‘ سیاحت کی تبدیلی کی طاقت کو محسوس کرنے کے لیے اجتماعی کوششوں کو بڑھا ئے گا۔ انہوں نے مزید کہا، ’’ہندوستان کی جی 20 صدارت کا نصب العین، ’وسودھیو کٹمبکم‘ – ’ایک زمین، ایک خاندان، ایک مستقبل‘ بذات خود عالمی سیاحت کا نصب العین ہو سکتا ہے۔‘‘

وزیر اعظم نے گوا میں آئندہ منعقد ہونے  والے ساؤ جواؤ فیسٹیول پر روشنی ڈالی اور کہا کہ ہندوستان تہواروں کی سرزمین ہے۔ اگلے سال ہونے والے عام انتخابات کا ذکر کرتے ہوئے، وزیر اعظم نے معززین پر زور دیا کہ وہ مدر آف ڈیموکریسی میں جمہوریت کے تہوار کا مشاہدہ کریں جہاں تقریباً ایک ارب ووٹرز ایک ماہ سے زیادہ عرصے تک حصہ لے کر جمہوری اقدار پر اپنے پختہ یقین کا اعادہ کریں گے۔ وزیر اعظم نے کہا، ’’ایک ملین سے زیادہ ووٹنگ بوتھوں کے ساتھ، آپ کے لیے اس تہوار کو اپنے تمام تنوع کے ساتھ دیکھنے کے لیے جگہوں کی کمی نہیں ہوگی۔‘‘ انہوں نے جمہوریت کے تہوار کے دوران ہندوستان کے دورے کی دعوت دے کر اپنے خطاب کا اختتام کیا۔

*****

ش ح – ق ت – ت ع

U: 6352



(Release ID: 1934178) Visitor Counter : 109