وزیراعظم کا دفتر
azadi ka amrit mahotsav

وزیر اعظم نے پہلی نیشنل ٹریننگ کنکلیو کا افتتاح کیا


سرکاری نظام پر لوگوں کا اعتماد بڑھانا تمام سرکاری ملازمین کی ذمہ داری ہے: وزیر اعظم

ٹریننگ سے عہدیداروں کی صلاحیتوں کو فروغ دینے کے ساتھ ساتھ عوامی حصہ داری کے پورے حکومتی اپروچ اور جذبے کو فروغ ملنا چاہیے: وزیر اعظم

پرانا نقطہ نظرجس میں تربیتی اداروں میں پوسٹنگ کو سزا کے طور پر دیکھا جاتا تھا ، اب بدل رہا ہے: وزیر اعظم

عمودی اور افقی سطحوں پر تبادلہ خیال کرتے ہوئے وزیر اعظم نے عہدیداروں پر زور دیا کہ وہ درجہ مراتب کی زنجیروں کو توڑیں اور تجربہ کاروں کی جستجو کریں

کرم یوگی مشن کا مقصد سرکاری ملازمین کی سمت ، ذہنیت اور اپروچ کو بہتر بنانا ہے تاکہ وہ مطمئن اور خوش محسوس کریں اور اس بہتری کے ضمنی نتیجے کے طور پر حکمرانی کا نظام بہتر ہوگا

Posted On: 11 JUN 2023 6:02PM by PIB Delhi

وزیراعظم جناب نریندر مودی نے نئی دہلی کے پرگتی میدان میں بین الاقوامی نمائش اور کنونشن سینٹر میں پہلے نیشنل ٹریننگ کنکلیو کا افتتاح کیا۔

وزیر اعظم کا خطاب ان کے شاندار سیاسی اور انتظامی تجربے سے پیدا ہونے والی بہت سی حکایتوں اور کہانیوں سے بھرپور تھا۔ انہوں نے اپنے خطاب میں ایسی مثالیں دیتے ہوئے سرکاری کاموں کی خدمت کا رجحان، عام آدمی کی امنگوں کو پورا کرنے میں ملکیت، درجہ بندی کو توڑنے اور تنظیم میں ہر شخص کے تجربے کو استعمال کرنے کی ضرورت، عوامی شرکت کی اہمیت، نظام کو بہتر بنانے اور جدت طرازی کا جذبہ جیسے پہلوؤں کی اہمیت پر زور دیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ ٹریننگ ماڈیولز کو اس طرح تیار کیا جانا چاہیے کہ یہ پہلوسرکاری عہدیداروں میں  پروان چڑھ سکیں۔

پہلے وزیر اعلیٰ اور بعد میں وزیر اعظم کی حیثیت سے خدمات انجام دینے کے اپنے تجربے پر گفتگوکرتے ہوئے وزیر اعظم نے اس بات پر زور دیا کہ حکومت کے پاس کبھی بھی باصلاحیت ، مخلص اور پرعزم عہدیداروں کی کمی نہیں رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ جس طرح فوج کے ادارے نے عوام کی نظروں میں بے مثال ساکھ قائم کی ہے اسی طرح تمام سرکاری ملازمین کی ذمہ داری ہے کہ وہ حکومتی نظام پر عوام کے اعتماد کو مزید بڑھائیں۔

وزیر اعظم نے کہا کہ ٹریننگ میں حکمرانی کی اپروچ کو بھی شامل کیا جانا چاہیے اور عہدیداروں کی صلاحیتوں کو فروغ دینے کے لیے تمام تر کوششیں کی جانی چاہئیں۔ انہوں نے اس بات پر بھی زور دیا کہ پرانا نقطہ نظر جس میں ٹریننگ اداروں میں پوسٹنگ کو سزا کے طور پر دیکھا جاتا تھا ، اب تبدیل ہو رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ تربیتی ادارے سب سے اہم مقامات میں سے ایک ہیں کیونکہ وہ کئی دہائیوں تک حکومت میں کام کرنے والے اہلکاروں کی پرورش کرتے ہیں۔

وزیر اعظم نے عمودی اور افقی سطحوں اور مراتب کی درجہ بندی کی زنجیروں پر بھی گفتگو کی اور عہدیداروں پر زور دیا کہ وہ ان پر قابو پائیں اور مراتب سے قطع نظر تجربہ رکھنے والوں کی جستجو کریں۔

وزیراعظم نے اس بات پر زور دیا کہ ٹریننگ سے ہر سرکاری ملازم میں عوامی شرکت کی اہمیت پیدا ہونی چاہیے۔ مجمع کو اس کی وضاحت کرتے ہوئے انہوں نے سووچھ بھارت مشن کی کامیابی، خواہش مند اضلاع پروگرام، امرت سروور اور دنیا میں ڈیجیٹل ادائیگیوں میں بھارت کے نمایاں حصے کا سہرا عوامی شرکت کو دیا۔

وزیر اعظم نے کہا کہ ٹریننگ ہر سطح اور ہر ایک کے لیے ہے اور اس لحاظ سے آئی جی او ٹی کرم یوگی پلیٹ فارم نے یکساں مواقع فراہم کیے ہیں کیونکہ یہ ہر ایک کو ٹریننگ کے مواقع فراہم کرتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ آئی جی او ٹی کرم یوگی رجسٹریشن 10 لاکھ یوزربیس کے نشان کو عبور کرنے سے پتہ چلتا ہے کہ سسٹم میں لوگ سیکھنے کے خواہشمند ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ کرم یوگی مشن سرکاری ملازمین کے رجحان، ذہنیت اور اپروچ کو بہتر بنانے کی کوشش کرتا ہے تاکہ وہ مطمئن اور خوش محسوس کریں، اور اس بہتری کے ضمنی پیداوار کے طور پر، حکمرانی کے نظام میں بہتری آتی ہے۔

انہوں نے کنکلیو کے تمام شرکاء کو دن بھر جاری رہنے والی تقریب کے لیے نیک خواہشات پیش کیں اور انہیں مشورہ دیا کہ وہ قابل عمل تجاویز پیش کریں جس سے ملک میں ٹریننگ بنیادی ڈھانچے کو بہتر بنانے میں مدد ملے گی۔ انہوں نے باقاعدگی سے کنکلیو کے انعقاد کے لیے ایک ادارہ جاتی میکانزم بنانے کی بھی تجویز دی۔

**

(ش ح – ع ا – ع ر)

U. No. 6041


(Release ID: 1931511) Visitor Counter : 157