وزارت اطلاعات ونشریات

وزارت اطلاعات و نشریات نے میڈیا، تفریح اور عوامی بیداری کے شعبہ میں ایمیزون انڈیا کے ساتھ شراکت داری کی


اس معاہدے سے فلمی اداروں سے آنے والے فنکاروں کے لیے جدوجہد کی مدت میں کمی آئے گی:جناب انوراگ ٹھاکر

ہندوستان ایک متنوع ملک ہے، او ٹی ٹی پلیٹ فارم کو اجتماعی بہبود اور تخلیقی تنوع کی عکاسی کرنی چاہیے: وزیربرائے اطلاعات و نشریات

ہندوستانی  تفریحی مواد اب غیر متوقع ناظرین تک پہنچ رہا ہے، دور دراز سے آنے والے  فنکاروں کی صلاحیت  اب دنیا بھر میں پہنچ رہی ہے: جناب ورون دھون

Posted On: 05 APR 2023 5:15PM by PIB Delhi

اطلاعات و نشریات کے مرکزی وزیر جناب انوراگ ٹھاکر نے آج میڈیا، تفریح اور عوامی بیداری کےشعبہ میں وزارت  اطلاعات و نشریات اور ایمیزون انڈیا کے درمیان شراکت داری کا اعلان کیا۔

https://static.pib.gov.in/WriteReadData/userfiles/image/WhatsAppImage2023-04-05at5.21.20PMB600.jpeg

اطلاعات و نشریات کے مرکزی وزیر جناب انوراگ ٹھاکر نے اس معاہدے کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہندوستان ایک قدیم تہذیب  ہے اور اس وجہ سے ہندوستان کی تاریخ میں ایسے لاکھوں واقعات محفوظ ہیں جنہیں ابھی بیان کرنا باقی ہے۔جناب انوراگ ٹھاکر نے کہا کہ ان  کہانیوں کا دائرہ وقت سے ماورا ہے اور  یہ روحانیت سے لے کر  سافٹ ویئر تک ، روایات سے  لے کر رجحانات تک ،عوامی داستانوں سے لے کر  تہواروں  تک اور دیہی ہندوستان سے  لے کر نئے ابھرتے ہوئے ہندوستان تک ایک وسیع شعبہ  کا احاطہ کرتا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ حال ہی میں ہندوستانی تفریحی  مواد کو بین الاقوامی فورم پرزبردست  کامیابی  ملی ہے اور ہندوستانی اداکاروں نے غیر ملکی ناظرین  میں کافی مقبولیت حاصل کی ہے۔

وزیر موصوف نے ہندوستان میں تفریحی صنعت کے تئیں سازگار ماحول پیدا کرنے کے لیے وزارت کی طرف سے اٹھائے گئے اقدامات پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ موجودہ  حکومت ہندوستانی تفریحی صنعت، خاص طور پر او ٹی ٹی جیسے نئے پلیٹ فارم کی طاقت اور اس میں مضمر مواقع کو بھی   پہچانتی ہے۔ وزیر موصوف نے کہا کہ وزارت  اطلاعات و نشریات نے آڈیو ویژول سروسز کو ایک پریمیم سروس سیکٹر کے طور پر تسلیم کیا ہے اور حال ہی میں او ٹی ٹی  مواد ریگولیشن کا خود کارریگولیٹری فریم ورک  پیش کیا ہے۔

جناب انوراگ ٹھاکر نے ایمیزون کے ساتھ شراکت داری کے بارے میں بات کرتے ہوئے کہا کہ ایمیزون انڈیا کے ساتھ شراکت داری کئی لحاظ سے منفرد ہے اور یہ معاہدہ  تخلیقی صنعت کے مختلف پہلوؤں کا احاطہ کرتا ہے۔ اس معاہدے سے فلم اینڈ ٹیلی ویژن انسٹی ٹیوٹ آف انڈیا اور ستیہ جیت رے فلم اینڈ ٹیلی ویژن انسٹی ٹیوٹ آف انڈیا میں طلباء کے لیے اسکالرشپ، انٹرنشپ، ماسٹر کلاسز اور دیگر مواقع کی فراہمی کے ذریعہ صنعت اور اکیڈمی کے روابط کو مضبوط کرنے میں مدد ملے گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ اس اقدام سے ہندوستان کے نامور فلمی اداروں سے باہر آنے والے باصلاحیت فنکاروں کی جدوجہد کی مدت کو کم کرنے میں مدد ملے گی۔

وزیر موصوف نے او ٹی ٹی پلیٹ فارم پر مواد کے معیار پر بھی اپنی تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ او ٹی ٹی پلیٹ فارم کی ذمہ داری ہے کہ وہ اس بات کو یقینی بنائے کہ ان کے پلیٹ فارم تخلیقی اظہار کے طور پر بے حیائی اور بدسلوکی  کی تشہیر نہ کریں۔ انہوں نے مزید کہا کہ او ٹی ٹی کو ملک کے اجتماعی ضمیر کی عکاسی کرنی چاہیے۔

اس تقریب کے مہمان خصوصی، جناب ورون دھون نے اسٹریمنگ سروسز کے ذریعہ حاصل کی جانے والی کامیابیوں  کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ اسٹریمنگ کے ذریعہ ہندوستانی سینما اب عالمی سطح پر پہنچ رہا ہے اور اسٹریمنگ سروس نے آج ہندوستان کے تفریحی  مواد کو ایک ایسی رسائی فراہم کی ہے جس کا تصور بھی نہیں کیا جا سکتا تھا۔  جناب دھون نے اس بات پر بھی روشنی ڈالی کہ اسٹریمنگ سروس ایک لیولر کے طور پر کام کرتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ دور دراز سے آنے والے نئے اداکار اور تخلیق کار کا ہنر اب دنیا بھر کے ناظرین کے ساتھ آسان ہو رہے ہیں۔

اس معاہدے اور تعاون کے بارے میں بات کرتے ہوئے،جناب دھون نے کہا کہ "ایسی نوعیت کا تعاون جو ہماری صنعت اور صلاحیت کو فروغ دیتا ہے اور اس سے بہت مدد ملتی ہے۔ ہماری تفریحی صنعت اور اس کا ہنر مجھے امید سے بھر دیتا ہے اور عالمی تفریحی  پلیٹ فارم پر ایک ہندوستانی ہونے کے معنی کو نئے سرے سے متعین کرنے کے لیے ہم سب کو کام کرنے میں مدد کرتا ہے"۔

اس موقع پر وزارت اطلاعات و نشریات کے سکریٹری جناب اپوروا چندرا نے کہا کہ وزارت اطلاعات و نشریات اور ایمیزون کے درمیان شراکت داری قومی اور بین الاقوامی سطح پر ہندوستانی ٹیلنٹ کے لیے مواقع فراہم کرے گی۔

ایمیزون پرائم ویڈیو میں ایشیا بحر الکاہل کے نائب صدر ایس گورو گاندھی نے کہا کہ "وزارت اطلاعات و نشریات کے ساتھ ہمارا مکمل تعاون صنعت کی ترقی کو تحریک دینے کے لیے زندگی کے ہر مرحلے اور انضمام کے ہر گوشے کو دیکھتا ہے اور ہم اس کے  ذریعہ حاصل کی جانے والی کامیابیوں کے بارے میں بہت پر امید ہیں۔"

اس موقع پر ایمیزون انڈیا میں پبلک پالیسی کے نائب صدر جناب چیتن کرشن سوامی،وزارت اطلاعات و نشریات کے جوائنٹ سکریٹری جناب وکرم سہائے اور وزارت کے دیگر سینئر افسران بھی موجود تھے۔

تعاون کے بارے میں معلومات

لیٹر آف انگیجمنٹ (ایل او ای) وزارت کے تحت مختلف تنظیموں اور ایمیزون  کے مختلف عمودی اداروں کے درمیان کثیر جہتی شراکت داری کا باعث بنتا ہے۔ ان میں نیشنل فلم ڈیولپمنٹ کارپوریشن (این ایف ڈی سی)،  پرسار بھارتی، پبلی کیشن ڈویژن اور فلم اینڈ ٹیلی ویژن انسٹی ٹیوٹ آف انڈیا  (ایف ٹی آئی آئی) اور ستیہ جیت رے فلم اینڈ ٹیلی ویژن انسٹی ٹیوٹ (ایس آر ایف ٹی آئی) کے میڈیا ٹریننگ کے ادارے شامل ہیں۔  ایمیزوں کی جانب سے معاہدے میں ایمیزون پرائم ویڈیو، الیکسا، ایمیزون میوزک، ایمیزون ای-کامرس اور آئی ایم بی ڈی کی شرکت شامل ہے۔

عوامی بیداری اور ہندوستان کے ثقافتی ورثے کو اجاگر کرنا

ایمیزون کے ساتھ معاہدے میں ایمیزون ای کامرس ویب سائٹ پر پبلی کیشن ڈویژن کی ہندوستان کی ثقافت پر کتابوں کے ایک مخصوص کیٹلاگ کے ذریعہ  ہندوستانی ورثے کے فروغ کے پہلو اور ایمیزون میوزک اور الیکسا پر ہندوستانی موسیقی کے فروغ کے پہلو بھی شامل ہیں۔

عزت مآب صدرجمہوریہ  اور وزیر اعظم کی تقاریر، قومی اہمیت کے اہم واقعات اور مفاد عامہ کی مہمات سے متعلق مواد اور روزانہ کی خبر کی نشریات کی الیکسا اور ایمیزون میوزک کے ذریعہ تشہیر کی جائے گی۔

ہندوستانی ٹیلنٹ کا فروغ

ایمیزون پرائم ویڈیو (اے پی وی) صلاحیت کے فروغ کے جزو کے طور پر، اسکالرشپ سپانسر کرے گا، انٹرنشپ پروگرام بنائے گا، اور ایف ٹی آئی آئی نیز ایس آر ایف ٹی آئی  کے طلباء کے لیے روزگار کے مواقع پیش کرے گا۔ ایمیزون پرائم ویڈیو  این ایف ڈی سی کے ساتھ شراکت میں ہنر سازی کی سرگرمیاں شروع کرے گا، میڈیا اور تفریحی صنعت کے لیے تعلیمی اداروں میں ہندوستانی اور بین الاقوامی فلمی شخصیات کے ذریعہ  ماسٹر کلاسز کا انعقاد کرے گا اور ’75 تخلیقی ذہنوں کا مستقبل ‘ پروگرام کے فاتحین کی صلاحیتوں کو نکھارنے کے لیے اقدامات شروع کرے گا۔

ہندوستان کے باصلاحیت فنکاروں کی عالمی دریافت کو بڑھانے کے لیے ایمیزون تخلیقی صنعت کے لیے ایک عالمی ڈیٹا بیس آئی ایم ڈی بی  پر ہندوستانی فنکاروں کے بارے میں معلومات کی دستیابی کو  آسان  بنانے کے مقصد سے این ڈی ایف سی کے ساتھ کام کرے گا۔

عالمی سطح پر ہندوستانی تفریحی مواد کی نمائش

وزارت اطلاعات و نشریات  کے ساتھ تعاون کے ایک حصے کے طور پر، انٹرنیشنل فلم فیسٹیول آف انڈیا (آئی ایف ایف آئی) ایوارڈ یافتہ فلمیں، اور ہندوستان کے بین الاقوامی شریک پروڈکشن معاہدوں کے حصے کے طور پر تیار کی جانے والی فلموں کو عالمی سامعین کے لیے دستیاب ہونے کے لیے ایمیزون پرائم ویڈیو کے ذریعہ  دستیاب کرایا جائے گا۔ ایمیزون پرائم انڈیا  پوری دنیا  میں ہندوستان کی کامیابیوں کو اجاگر کرنے والی فلموں اور ویب سیریز کے فروغ کے امکانات کو بھی تلاش کرے گا۔

ایمیزون پرائم ویڈیو اور منی ٹی وی ، ملک اور دنیا بھر کے نوجوانوں تک آسان رسائی کے لیے پرسار بھارتی اور این ایف ڈی سی  کے زیر ملکیت بیش بہا آرکائیو مواد کو استعمال کریں گے۔ ایمیزون نیشنل فلم ڈیولپمنٹ کارپوریشن کے ساتھ باوقار انٹرنیشنل فلم فیسٹیول آف انڈیا (آئی ایف ایف آئی) اور علاقائی فلمی میلوں میں مواد، ٹیکنالوجی کی نمائش ، فلم سازی کے ورکشاپ اور ٹیلنٹ کی بات چیت کے لیے تعاون جاری رکھے گا ۔

۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

​​​​​​​(ش ح ۔ رض  ۔ ج ا  (

3765



(Release ID: 1914112) Visitor Counter : 125