کابینہ سکریٹریٹ

چودہ (14)  مارچ 2023 کو کابینہ سکریٹری کی زیر صدارت آنے والے موسم گرما اور  اس کے شدید اثرات  سے تحفظ  کے  اقدامات کے لیے تیاریوں کا جائزہ لینے  کی غرض سے  میٹنگ کا انعقاد

Posted On: 14 MAR 2023 7:07PM by PIB Delhi

کابینہ سکریٹری جناب راجیو گوبا نے آج آنے والے موسم گرما اور اس کے شدید اثرات سے تحفظ کے اقدامات کے لیے تیاریوں کا جائزہ لینے کی غرض سے  منعقد کی جانے والی  ایک میٹنگ کی صدارت کی۔ متعلقہ مرکزی وزارتوں/ محکموں کے سکریٹریز اور ممکنہ طور پر گرمی کی لہر کی شدت سے متاثر ہونے والی ریاستوں/ مرکز کے زیر انتظام علاقوں کے چیف سکریٹریز  اس موقع پر موجود تھے۔

انڈیا میٹرولوجیکل ڈپارٹمنٹ(آئی ایم ڈی) نے عالمی موسمی منظر نامے اور مارچ سے مئی 2023 کی مدت کے لیے درجہ حرارت کے منظر نامے پر ایک پریزنٹیشن پیش کی۔ مارچ 2023 کے دوسرے پندرہ  واڑے کے تعلق سے  پیشین گوئی بھی فراہم کی گئی۔

مارچ سے مئی 2023 کی مدت کے لیے اپنے درجہ حرارت کے خاکے میں،  بھارتی محکمہ موسمیات (آئی ایم ڈی) نے مطلع کیا کہ شمال مشرق، مشرقی اور وسطی ہندوستان کے بیشتر حصوں اور شمال مغربی ہندوستان کے کچھ حصوں میں درجہ حرارت معمول کے مقابلے بہت  زیادہ بڑھے رہنے کاامکان ہے۔ آئی ایم ڈی نے یہ بھی بتایا کہ جنوبی جزیرہ نما ہندوستان کے علاوہ، جہاں  درجہ حرارت کے معمول  پر سے لے کر معمول سے کم تر  رہنے  کی توقع  ہے،  ملک کے بیشتر حصوں میں کم از کم درجہ حرارت معمول سے بہت زیادہ رہنے کا امکان ہے۔

بھارتی محکمہ موسمیات (آئی ایم ڈی )نے مزید بتایا کہ مارچ 2023 کے بقیہ حصے میں گرمی کی کوئی خاص لہر متوقع نہیں ہے۔ تاہم، مارچ کے آخری ہفتے کے دوران ہند گنگا کے میدانی علاقوں اور مشرقی ہندوستان کے کچھ حصوں میں درجہ حرارت معمول سے 3-2 سینٹی گریڈ زیادہ ہوسکتا ہے۔

 (ڈی او اینڈ ایف ڈبلیو) کے سیکریٹری نے بتایا کہ ربیع کی فصل کی حالت آج تک معمول پر ہے اور گیہوں کی پیداوار تقریباً 112.18 میٹرک ٹن متوقع ہے، جو اب تک کی سب سے زیادہ ہے۔ انہوں نے مزید بتایا کہ زراعت اور کسانوں کی بہبود کے محکمے( ڈی او اے اینڈ ایف ڈبلیو) نے گندم میں شدید ترین گرم لہرکی نگرانی اور اس کے اثرات  کےکم کرنے کے لیے ایگریکلچر کمشنر کی سربراہی میں ماہرین پر مشتمل  کمیٹی تشکیل دی ہے۔ مزید برآں، کراپ ویدر واچ گروپ(سی ڈبلیو ڈبلیو جی) نام کی   فصل اور موسم کی  نگرانی کرنے والی ایک بین وزارتی کمیٹی ہر ہفتے فصل کی صورتحال کا جائزہ لیتی ہے۔

صحت اور خاندانی بہبود کی وزارت  (ایم او ایچ ایف ڈبلیو)  کے سیکریٹری نے مطلع کیا کہ جولائی 2021  میں زراعت اور کسانوں کی بہبود کے محکمے(  ایم او ایچ ایف ڈبلیو) کے ذریعہ جاری کردہ گرمی سے متعلق بیماری پر قومی ایکشن پلان (این اے پی۔ ایچ آر آئی) گرمی کی لہر، گرمی سے متعلق بیماریوں اور ابتدائی درجے سے تیسرے زمرے تک کے ان کے  بندوبست سے متعلق  چیلنجوں کا خاکہ پیش کرتا ہے۔ انہوں نے ریاستوں کو مشورہ دیا کہ وہ ضروری  علاج و معالجہ ، نسوں میں داخل کی جانے والی  مائعات، آئس پیک، او آر ایس اور پینے کے پانی کے حوالے سے صحت کی سہولیات کی تیاری کا جائزہ لیں۔ انہوں نے ضروری آئی ای سی/ آگاہی مواد کی بروقت تشہیر کرنے کی اہمیت پر بھی زور دیا، اسی کے ساتھ ساتھ  انہوں نے علاقائی زبانوں میں اس کا ترجمہ کرائے جانے کی بھی تاکید کی۔

ڈائریکٹر جنرل (جنگلات)( ڈی جی ایف) ماحولیات، جنگلات اور موسمیاتی تبدیلی کی وزارت (ایم او ای ایف اینڈ سی سی) نے جنگل میں آگ لگنے کے واقعات  کی روک تھام کے بندوبست کے لئے  ایکشن پلان اور تیاریوں کا خاکہ پیش کیا۔ ان میں ریاستی جنگلات کے محکموں کے ذریعہ آگ پر قابو پانے والی ٹیموں کی تشکیل اور پانی کے ذخیرہ کرنے کے ڈھانچے کی تخلیق،  جلنے کے واقعات کی روک تھام اور ریاستی جنگلاتی محکموں کے ذریعہ  آگ لگنے کے واقعات  پر نظر رکھنے والوں کی  شمولیت  شامل ہے۔ انہوں نے یہ بھی بتایا کہ فارسٹ سروے آف انڈیا (ایف ایس آئی) نے وی اے این اے جی این آئی  کے نام سے ایک جنگلات میں  لگنے والی آگ کی پیشین گوئی  کے نظام کاحامل  پورٹل تیار کیا ہے، جو آگ لگنے سے قبل اور  عین وقت پر  جنگلاتی آگ  سے متعلق  پیش انتباہی  فراہم کرتا ہے۔

 داخلہ سکریٹری  نے داخلی امور کی وزارت ( ایم ایچ اے ) اور این ڈی ایم اے کی طرف سے کی گئی کوششوں کا خاکہ پیش کیا اور بتایا کہ گرمی کی لہروں کی روک تھام اور انتظام کے لیے ایکشن پلان کی  تیاری کی غرض سے قومی رہنما خطوط 2016 میں جاری کیے گئے تھے اور 2017 اور 2019 میں ان  پر نظر ثانی کی گئی تھی۔ ریاستوں کو مشورہ دیا گیا ہے کہ وہ تمام سطحوں پر  گرم لہر سے متعلق  لائحہ عمل (ایچ اے پیز)  تیار کریں اور ان پر عمل درآمد کریں۔ مزید برآں  یہ کہ مارچ، اپریل اور مئی 2023 میں دوردرشن اور آل انڈیا ریڈیو پر بیداری کے پروگرام نشر کیے جائیں گے۔این ڈی ایم اے تمام سوشل میڈیا پلیٹ فارموں کے ذریعہ عوام میں حساسیت بیدار کرنے والے اقدامات کی قیادت بھی کرے گا۔

بجلی کی وزارت کے سیکریٹری نے مارچ 2023 تک پاور پلانٹس میں دیکھ بھال کی تمام سرگرمیاں مکمل کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔ انہوں نے پنجاب اور راجستھان کی ریاستوں سے سرکار کے زیر نگرانی کام کرنے والے پاور پلانٹس کے ذریعے کوئلے کی پیداوار بڑھانے کی بھی درخواست کی۔ پینے کے پانی اور صفائی ستھرائی، آبی وسائل، دریا کی ترقی اور گنگا کی بحالی اور جانوروں کی پرورش اور ڈیری کے محکموں کے سکریٹریوں نے پینے کے پانی، آبپاشی اور چارے سے متعلق تجویز کردہ اقدامات کا خاکہ پیش کیا۔

کابینہ سکریٹری نے اس خیال کا اظہار  کیا کہ چونکہ 2023 میں عام موسم گرما سے زیادہ گرمی متوقع ہے، اس لیے ریاستوں اور مرکز کے زیر انتظام علاقوں کو متعلقہ چیلنجوں سے نمٹنے کے لیے مناسب طور پر تیار رہنے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے اس بارے میں بھی بتایا کہ مرکزی وزارتیں/محکمے ریاستوں اور مرکز کے زیر انتظام علاقوں کے ساتھ مل کر کام کر رہے ہیں تاکہ آنے والے موسم گرما کے استقبال کی تیاری کی بہترین سطح کو یقینی بنایا جا سکے اور گرم لہر کی شدت میں   بروقت تخفیف کے اقدامات کو لاگو کیا جا سکے۔ انہوں نے چیف سکریٹریوں سے درخواست کی کہ وہ متعلقہ محکموں کے سکریٹریوں اور ضلع کلکٹروں کے ساتھ ممکنہ گرمی کی لہر کی شدت کو کم سے کم کرنے کے لیے تیاریوں کا جائزہ لیں۔ این ڈی ایم اے اور ایم او ایچ ایف ڈبلیو  کی طرف سے جاری کردہ  ایڈوائزری کا علاقائی زبانوں میں ترجمہ کیا جاسکتا ہے اور اسے  وسیع پیمانے پر تشہیر دی جاسکتی ہے۔کابینہ سکریٹری نے بنیادی تیاریوں کی اہمیت پر زور دیا جیسے ہینڈ پمپوں کی مرمت، فائر آڈٹ اور موک ڈرل۔ کابینہ سکریٹری نے ریاستوں کو یقین دلایا کہ مرکزی ایجنسیاں ان کے ساتھ قریبی تال میل جاری رکھیں گی اور ضروری مدد کے لیے دستیاب رہیں گی۔

*************

 ( ش ح ۔ س ب۔ ر ض(

U. No.2712

 



(Release ID: 1907044) Visitor Counter : 111