صدر جمہوریہ کا سکریٹریٹ

 صدر جمہوریہ ہند نے اروناچل پردیش قانون ساز اسمبلی کے خصوصی اجلاس سے خطاب کیا


شہری عوامی نمائندوں سے توقع کرتے ہیں کہ وہ ریاست کی ترقی اور عوامی فلاح و  بہبود کے لیے ہمیشہ کوشاں رہیں گے: صدر جمہوریہ دروپدی مرمو

Posted On: 21 FEB 2023 12:32PM by PIB Delhi

صدر جمہوریہ ہندمحترمہ دروپدی مرمو نے آج (21 فروری 2023) کوایٹانگر میں اروناچل پردیش قانون ساز اسمبلی کے خصوصی اجلاس سے خطاب کیا۔

اس موقع پر اظہار خیال کرتے ہوئے صدرجمہوریہ  نے کہا کہ نظم و ضبط،مہذب برتاؤ اورآداب مجلس، پارلیمانی نظام کی خصوصیات ہیں۔ہمیں اس بات کو یقینی بنانا چاہیے کہ بحث کا مواد اور معیار، اعلیٰ ترین معیار کا ہو۔ اس کے ساتھ ساتھ ہمیں ترقی اور عوامی فلاح و بہبودسے متعلق معاملات پر اتفاق رائے پیدا کرنے کی بھی ضرورت ہے۔انہیں یہ جان کر خوشی ہوئی کہ اروناچل پردیش قانون ساز اسمبلی نے پارلیمانی جمہوریت کے اعلیٰ ترین معیار کو برقرار رکھا ہے۔ انہوں نے صحت مند جمہوریت کے  تئیں انتہائی احترام برتنے پر موجودہ اور سابق اراکین اسمبلی کی ستائش کی۔

صدرجمہوریہ نے کہا کہ آج کے دور میں ،ماحولیاتی آلودگی اورآب و ہوا کی تبدیلی بہت اہم مسائل ہیں۔ہمیں ان تشاویش کا حل بہت جلد تلاش کرنا ہوگا۔ اروناچل پردیش جیسی جغرافیائی طور پر حساس ریاست کے لیے یہ معاملات زیادہ اہمیت اختیار کرجاتے ہیں۔ محترمہ مرمو کو یہ جان کر خوشی ہوئی کہ اس ریاست کے پالیسی سازوں نے اس مسئلے پر توجہ مرکوز کی ہے ۔ اروناچل پردیش نے پکّے اعلامیہ کے ذریعے آب  و ہواکی تبدیلی کے تئیں اپنے عزم  کااظہار کیا ہے۔انہوں نے امید ظاہر کی کہ دیگر ریاستیں بھی آب و ہوا کی تبدیلی کے مسئلے سے نمٹنے کی غرض سے اس ماڈل کواختیار کریں گی۔

صدر جمہوریہ  محترمہ مرمونے ’ڈیجیٹل انڈیا‘ پروگرام کے تحت ’ای ودھان‘ - پیپر لیس یعنی کاغذ کےکسی بھی طرح کے استعمال کے بغیر ڈیجیٹل سفر - کو لاگو کرنے کے لیے اروناچل پردیش قانون ساز اسمبلی کی تعریف کی۔انہوں نے  اس بات کو نمایاں کیا کہ ریاستی حکومت نے سال 2022 کو ’ای   - حکمرانی کا سال‘ قرار دیا ہے اور ای  - حکمرانی سے متعلق کئی پروجیکٹ شروع کیے ہیں۔انہوں نے اس اعتماد کا اظہار کیا کہ یہ منصوبے نہ صرف انتظامی اصلاحات میں معاون ثابت ہوں گے بلکہ عام شہری کی زندگی کو آسان بنانے میں بھی معاون ثابت ہوں گے۔

صدرجمہوریہ کو یہ جان کر خوشی ہوئی کہ اسکولوں، کالجوں اور یونیورسٹیوں کے طلباء کو اسمبلی لائبریری تک رسائی  مفت  حاصل ہے۔ انہوں نے  اس بات کو بھی نمایاں کیا کہ ’اپنی اسمبلی کو جانیں‘ پہل کے تحت، یہ اسمبلی،طلباء کو وقتاً فوقتاً مدعو کرتی ہے تاکہ انہیں قانون سازی کے کام کاج سے واقف کرایا جا سکے۔ انہوں نے یقین ظاہر کیا کہ نوجوان نسل ان سہولیات سے فائدہ اٹھا کر ملک اور ریاست کی ترقی میں اپنا کردار ادا کرے گی۔

صدر جمہوریہ نے کہا کہ اروناچل پردیش کی سرزمین پر صدیوں سے  خود کی حکمرانی ،سیلف گورننس اور بنیادی سطح پر جمہوریت کا ایک متحرک نظام موجودرہا ہے۔ اس  کے علاوہ ریاست کے لوگوں نے جدید جمہوری عمل میں بھی بڑھ چڑھ کر حصہ لیا ہے، جو ان کے سیاسی شعور اور جمہوریت پراعتماد کی عکاسی کرتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ شہری ،عوامی نمائندوں سے توقع رکھتے ہیں کہ وہ ریاست کی ترقی اور عوامی فلاح و بہبود کے لیے ہمیشہ کوشاں رہیں گے۔ کیونکہ ریاست کے اعلیٰ ترین پالیسی سازوں کی حیثیت سے اراکین اسمبلی کا ریاست کی ترقی میں  بہت اہم کردار ہوتا ہے۔

صدرجمہوریہ نے کہا کہ ہمارے ملک کی جامع اورمبنی بر شمولیت ترقی کے لیے ،کام کاج کےہر شعبے میں خواتین کی زیادہ سے زیادہ شرکت ہونی چاہیے۔اروناچل پردیش قانون ساز اسمبلی کے ساتھ ساتھ عوامی نمائندگی کے دیگر اداروں سمیت سبھی ریاستی اسمبلیوں میں خواتین کی شرکت  میں اضافہ ہونا چاہئے۔

صدرجمہوریہ نے کہا کہ اروناچل پردیش ،ہندوستان کا ایک اہم حصہ ہے اور ہندوستان کی ایکٹ ایسٹ پالیسی  یعنی مشرق نواز پالیسی میں ایک اہم  متعلقہ فریق ہے۔سڑک، ریل اور ہوائی رابطہ کی کمی کی وجہ سے شمال مشرقی خطہ ،طویل عرصے سے اقتصادی ترقی کے ثمرات سے محروم رہا ہے۔ لیکن مرکزی حکومت، شمال مشرق میں کنکٹی وٹی، روابط اور ترقی کو اولین ترجیح دے رہی ہے۔ انہیں یہ جان کر خوشی ہوئی کہ اروناچل پردیش میں ترقی کا سورج چمک رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مالا مال قدرتی وسائل اور معیاری انسانی وسائل کے ساتھ اروناچل پردیش  کے سرمایہ کاری کے ایک پرکشش مقام بننے اور تجارت اور کاروبار کا مرکز بننے کی پوری صلاحیت اور گنجائش موجود ہے۔

صدرجمہوریہ محترمہ دروپدی مرمو نے کہا کہ اس بات کو یقینی بنانے کی غرض سےکہ اس خطے کے لوگ اپنی جڑوں سے کٹے بغیر ترقی کی راہ پر گامزن رہیں، ہمیں خطے کی روایات، ثقافت اور اقدار کے تحفظ اور فروغ پر زور دینے کی ضرورت ہے۔اروناچل پردیش کے عوامی نمائندوں کی حیثیت سے ، اس اسمبلی کے اراکین کو، ریاست کی ثقافتی اقدار اور روایات کی دولت کو برقرار رکھتے ہوئے سماجی تبدیلی کو فروغ دینے میں اہم کردار ادا کرنا ہے۔

صدر کی تقریرملاحظہ فرمانے کے لئے یہاں کلک کریں-

***********

ش ح ۔  ع م  ۔ م ش

U. No.1902



(Release ID: 1900996) Visitor Counter : 125