صدر جمہوریہ کا سکریٹریٹ

صدر جمہوریہ  نےلال بہادر شاستری نیشنل اکیڈمی آف ایڈمنسٹریشن (ایل بی ایس این اے ا ے ) میں 97ویں مشترکہ فاؤنڈیشن کورس کی اختتامی تقریب میں شرکت کی


’نام ظاہر نہ کرنا‘، ’قابلیت‘ اور ’سادگی‘ ایک سول سروینٹ کازیور ہیں: صدر جمہوریہ مرمو

Posted On: 09 DEC 2022 1:22PM by PIB Delhi

صدرجمہوریہ ہند،محترمہ دروپدی مرمو نے آج (9 دسمبر 2022)،مسوری میں لال بہادر شاستری نیشنل اکیڈمی آف ایڈمنسٹریشن (ایل بی ایس این اے اے) میں 97ویں مشترکہ  فاؤنڈیشن کورس کی اختتامی تقریب سے خطاب کیا۔

زیر تربیت افسران سے خطاب کرتے ہوئے صدر جمہوریہ نے کہا کہ جب وہ ان سے خطاب کر رہی تھیں تو ان  کے ذہن اور یادداشت میں سردار ولبھ بھائی پٹیل کے الفاظ گونج رہے تھے۔ اپریل 1947 میں سردار ولبھ بھائی پٹیل زیر تربیت آئی اے ایس افسران کے ایک بیچ سے ملاقات کر رہے تھے۔ اس وقت انہوں نے کہا تھا کہ ’’ہمیں توقع ضرور رکھنی چاہیے اور ہمیں ہر سول سروینٹ  سے بہترین  توقع رکھنے کا حق ہے ، چاہےوہ کسی بھی ذمہ داری کے عہدے پر فائز ہوں‘‘۔ صدر جمہوریہ نے کہا کہ آج ہم فخر کے ساتھ کہہ سکتے ہیں کہ سول سروینٹس  ان توقعات پر کھرا اترے ہیں۔

صدر جمہوریہ نے کہا کہ اس فاؤنڈیشن کورس کا بنیادی منتر ’’ہم، میں نہیں‘‘ ہے۔ انہوں نے اس یقین کا اظہار کیا کہ اس کورس کے زیر تربیت افسران اجتماعی جذبے کے ساتھ ملک کو آگے لے جانے کی اپنی ذمہ داری نبھائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ان میں سے بہت سے  افسران آنے والے 10-15 سالوں تک ملک کے بڑے حصے کا نظم و نسق چلائیں گے اور عوام سے جڑے رہیں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ وہ اپنے خوابوں کے ہندوستان کو ایک ٹھوس شکل دے سکتے ہیں۔

اکیڈمی کے نصب العین ’شیلم پرم بھوشنم‘جس کا مطلب ہے ’کردار اعلیٰ ترین خوبی ہے‘کا حوالہ دیتے ہوئے  صدر جمہوریہ نے کہا کہ  لال بہادر شاستری نیشنل اکیڈمی آف ایڈمنسٹریشن میں تربیت کا طریقہ کار کرم یوگ کے اصول پر مبنی ہے جس میں کردار کی بہت زیادہ اہمیت ہے۔ انہوں نے زیرتربیت افسران کو معاشرے کے پسماندہ طبقے کے تئیں حساس ہونے کا مشورہ دیا۔ انہوں نے کہا کہ ’اپنا نام ظاہر نہ کرنا‘، ’قابلیت‘ اور ’سادگی‘ ایک سول سروینٹ کے زیور ہیں۔ یہ خوبیاں انہیں اپنی سروس کی پوری مدت کے دوران خود اعتمادی فراہم کرتی ہیں۔

صدر جمہوریہ  نے کہا کہ تربیت کے دوران  ان زیر تربیت افسران نے جو اقدار سیکھی ہیں انہیں صرف نظریاتی دائرہ کار تک محدود نہیں رکھنا چاہیے۔ ملک کے عوام کے لیے کام کرتے ہوئے انہیں بہت سے چیلنجز اور مشکلات کا سامنا کرنا پڑے گا۔ ان حالات میں انہیں انہی قدروں پر پورے اعتماد کے ساتھ عمل کرنا ہوگا۔ ہندوستان کو ترقی کی راہ پر گامزن کرنا اور ملک کے لوگوں کیلئے  ترقی کی راہ ہموار کرنا ان کی آئینی ذمہ داری کے ساتھ ساتھ اخلاقی ذمہ داری بھی ہے۔

صدر جمہوریہ نے کہا کہ معاشرے کے فائدے کے لیے کوئی بھی کام اسی وقت مؤثر طریقے سے انجام پا سکتا ہے جب تمام متعلقہ افراد کو ساتھ لے کر چلیں۔ جب افسران معاشرے کے پسماندہ اور محروم طبقات کو ذہن میں رکھ کر اپنے فیصلے کریں گے تو یقیناً وہ اپنے مقاصد کے حصول میں کامیاب ہوں گے۔

صدر جمہوریہ  نے کہا کہ بہترحکمرانی وقت کی ضرورت ہے۔ بہترحکمرانی کا فقدان ہمارے بہت سے سماجی اور معاشی مسائل کی جڑ ہے۔ عوام کے مسائل کو سمجھنے کے لیے عام لوگوں سے جڑنا ضروری ہے۔ انہوں نےزیرتربیت یافتہ افسران کو مشورہ دیا کہ وہ لوگوں سے جڑنے کے لیے عاجزی اختیار کریں، تبھی  وہ ان کے ساتھ بات چیت کر سکیں گے، ان کی ضروریات کو سمجھ سکیں گے اور ان کی بہتری کے لیے کام کر سکیں گے۔

عالمی حرارت  اور آب وہوا کی تبدیلی کے بارے میں بات کرتے ہوئے صدر جمہوریہ نے کہا کہ پوری دنیا ان مسائل سے نبرد آزما ہے۔ ان مسائل کے حل کے لیے موثر اقدامات کرنے کی اشد ضرورت ہے۔ انہوں نے افسران سے اپیل کی کہ وہ ماحولیات کے تحفظ کے لیے حکومت ہند کی طرف سے کئے گئے اقدامات کو مکمل طور پر نافذ کریں، تاکہ ہمارے مستقبل کا تحفظ کیاجاسکے۔

صدر جمہوریہ نے کہا کہ 97ویں مشترکہ فاؤنڈیشن کورس کے افسران ہندوستان کی آزادی کے امرت کال میں سول سروسز میں داخل ہو رہے ہیں۔ اگلے 25 سالوں میں وہ ملک کی ہمہ جہت ترقی کے لیے پالیسی سازی اور اس کے نفاذ میں اہم کردار ادا کریں گے۔

اکیڈمی میں آج افتتاح کیے گئے ’واک وے آف سروس‘،جہاں ہر سال زیر تربیت افسر ان کے ذریعہ طے شدہ ملک کی تعمیر کے اہداف کو ٹائم کیپسول میں رکھا جائے گا ،کا حوالہ دیتے ہوئے   صدر جمہوریہ نے زیر تربیت افسر  ان پر زور دیا کہ وہ اپنے مقرر کردہ اہداف کو ہمیشہ یاد رکھیں اور ان کو حاصل کرنے کے لئے پوری طرح وقف ہوں۔ انہوں نے مزید کہا کہ جب وہ سال 2047 میں ٹائم کیپسول کھولیں گے تو انہیں اپنا مقصد پورا کرنے پر فخر اور اطمینان ہوگا۔

صدر جمہوریہ  نےایل بی ایس این اے اے کے ماضی کے عہدیداروں اور موجودہ عہدیداروں کی تعریف کی جنہوں نے ہمارے ملک کے شاندار اذہان  کو قابل سول سروینٹس میں ڈھالنے میں زبردست لگن اور محنت کامظاہرہ کیا۔ انہوں نے یقین ظاہر کیا کہ نئے ہاسٹل بلاک اور مطبخ، ایرینا پولو فیلڈ سمیت آج افتتاح ہونے والی سہولیات زیرتربیت افسران کے لیے فائدہ مند ثابت ہوں گی۔ انہوں نے کہا کہ ’’پربت مالا ہمالیہ اور نارتھ ایسٹ آؤٹ ڈور لرننگ  میدان‘‘، جس کی تعمیر آج شروع ہوئی ہے، ہمالیہ اور ہندوستان کے شمال مشرقی خطے کے بارے میں سول سروینٹس اور زیرتربیت افسران کیلئے معلومات فراہم کرنے والے کے طور پر کام کرے گا۔

 

صدرجمہوریہ کی تقریرسننے کے لیے یہاں کلک کریں

۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

ش ح۔م ع۔ ع ن۔

U-13562



(Release ID: 1882114) Visitor Counter : 104