نوجوانوں کے امور اور کھیل کود کی وزارت
مرکزی وزیر جناب انوراگ سنگھ ٹھاکر نے آج چاندنی چوک سے سوَچھ بھارت 2022 کے تحت بھارت بھر میں صفائی ستھرائی کی بڑی مہم کا آغاز کیا
سوَچھ بھارت 2022 کے تحت محض 18 دنوں میں ملک بھر کے تمام اضلاع سے 84 لاکھ کلو گرام پلاسٹک کا کچرا جمع کیا گیا: جناب انوراگ سنگھ ٹھاکر
سوَچھ بھارت کا خواب پورا کیے بغیر ایک نیو انڈیا، ایک ترقی یافتہ بھارت کا خواب مکمل نہیں ہو سکتا: جناب انوراگ سنگھ ٹھاکر
Posted On:
19 OCT 2022 2:39PM by PIB Delhi
نوجوانوں کے امور اور کھیل کود کے مرکزی وزیر جناب انوراگ سنگھ نے آج چاندنی چوک، دہلی سے سوَچھ بھارت 2022 کے تحت بھارت بھر میں صفائی ستھرائی کی ایک بڑی مہم کا آغاز کیا۔ اس موقع پر سوَچھتا کا عہد بھی لیا گیا۔ نوجوانوں کے امور اور کھیل کود کے محکمہ کے سکریٹری اور وزارت کے دیگر افسران بھی اس موقع پر موجود تھے۔ صفائی ستھرائی کی ایسی ہی مہمات 19 اکتوبر 2022 کو ملک بھر کے تمام مواضعات اور اضلاع میں جاری ہیں۔
اس موقع پر اظہار خیال کرتے ہوئے، جناب ٹھاکر نے کہا کہ سوَچھ بھارت محض ایک پروگرام نہیں بلکہ یہ صفائی ستھرائی کے مسئلے کے حل کے لیے عوام الناس کے عہد اور ان کی حقیقی تشویشات کا عکاس بھی ہے ۔مرکزی وزیر نے مزید کہا کہ وزیر اعظم جناب نریندر مودی نے ہمیشہ ’جن بھاگیداری سے جن آندولن‘ کے عزم کو دوہرایا ہے ۔ کوئی بھی مہم نوجوانوں کی شمولیت کے بغیر نامکمل ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ سوَچھ بھارت کا خواب پورا کیے بغیر ایک نیوانڈیا، ایک ترقی یافتہ بھارت کا خواب مکمل نہیں ہو سکتا۔
جناب ٹھاکر نے کہا کہ اس پروگرام کا آغاز ایک مہینے کے عرصہ میں ایک کروڑ کلو گرام کے بقدر کوڑا جمع کرنے کے مقصد کے ساتھ عمل میں آیا اور ہم پہلے ہی 18 دنوں کے اندر 84 کلو گرام کے بقدر پلاسٹک کوڑا کرکٹ جمع کر چکے ہیں، اور ہدف حاصل کرنے کے لیے تیار ہیں۔ یہ کام تاریخی مقامات، کمیونٹی مراکز، اسکولوں، مواضعات اور ضلع کے دیگر مقامات پر انجام دیا گیا۔ عوام الناس خصوصاً نوجوان ، اپنے پس منظر اور وابستگیوں سے قطع نظر، نہ صرف اس پروگرام میں حصہ لے رہے ہیں بلکہ لوگوں کو خالص رضاکارانہ بنیاد پر پروگرام میں شمولیت اختیار کرنے کے لیے ان کی حوصلہ افزائی کرنے میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔
صفائی ستھرائی کی اہمیت کو اجاگر کرتے ہوئے، ٹھاکر نے کہا کہ صفائی ستھرائی کے بغیر ہم عوام الناس کی اچھی صحت اور خیر وعافیت کو یقینی نہیں بنا سکتے۔ مرکزی وزیر نے اپیل کی کہ ہمیں صاف ستھرے بھارت کا سفیر بننا چاہئے۔ اس کے لیے، ہمیں بیداری پیدا کرنے اور عوام کے ذہن کو بدلنے کی ضرورت ہے۔ وزیر موصوف نے اپنے آس پاس صفائی ستھرائی رکھنے کے لیے نوجوانوں سے دیوالی تیوہار کے دو دن وقف کرنے کی اپیل کی۔
ایک ماہ طویل سوَچھ بھارت 2022 پروگرام یکم اکتوبر 2022 کو اترپردیش کے شہر پریاگ راج میں جناب انوراگ سنگھ ٹھاکر کے ذریعہ لانچ کیا گیا۔ سوَچھ بھارت پروگرام یوتھ کلبس اور نیشنل سروس اسکیم سے وابستہ اداروں کے ساتھ نہرو یووا کیندر سنگٹھن (این وائی کے ایس) کے نیٹ ورک کے توسط سے ملک بھر کے 744 اضلاع کے 6 لاکھ مواضعات میں منعقد کیا جا رہا ہے۔
اس مہم کا مقصد نوجوانوں کے امور اور اس کی وابستہ تنظیموں جیسے این وائی کے ایس اور این ایس ایس کے ذریعہ سوَچھ بھارت 2022 کی کوششوں کو تقویت بہم پہنچانا اور ملک بھر کے تمام مواضعات میں اسی طرح کے پروگراموں کا اہتمام کرکے مہم میں عوامی شراکت داری کو یقینی بنانے کے لیے سرگرمیوں میں مزید تیزی لانا ہے۔
ایک چھوٹی شروعات زبردست اور بڑی تبدیلی لا سکتی ہے۔ آزادی کا امرت مہوتسو کی یاد میں نوجوانوں کے امور کے محکمہ کے ذریعہ شروع کیا گیا سوَچھ بھارت پروگرام اس کا گواہ ہے۔
یہ پروگرام پیمانے اور رسائی دونوں کے لحاظ سے منفرد ہے اور یووا بھاگیداری سے جن بھاگیداری کے ماڈل پر وضع کیا گیا ہے، اور اس کے توسط سے پروگرام کی کامیابی اور پائیداری کے لیے ہر ایک شہری کا کردار اور تعاون طے کیا گیا ہے۔
اس پہل قدمی کا اہم عنصر علیحدہ کام کرنے کے نقطہ نظر کو فراموش کرکے تمام شراکت داروں کے درمیان باہمی تعاون اور تال میل کو بڑھاوا دینا ہے۔ مختلف محکمے/ایجنسیاں، سی بی او ادارے اور سول سوسائیٹی تنظیمیں؛ یہ سب سنگل یوز پلاسٹک کے خاتمہ اور صفائی ستھرائی کو یقینی بنانے کے مشترکہ ہدف کی حصولیابی کے لیے ایک ساتھ مل کر کام کر رہی ہیں۔
***************
ش ح۔ا ب ن۔ م ف
U-NO.11603
(Release ID: 1869263)
Visitor Counter : 141