وزارت دفاع
وزیر دفاع اور ان کے جاپانی ہم منصب نے ٹوکیو میں دو طرفہ بات چیت کے دوران دفاعی تعاون اور علاقائی سلامتی کی صورتحال کا جائزہ لیا
آزاد، کھلے اور قواعد پر مبنی ہند-بحرالکاہل خطے کو یقینی بنانے میں ان کے اہم کردار کو تسلیم کیا گیا
دفاعی ساز و سامان اور تکنیکی تعاون میں شراکت داری کے دائرہ کار کو بڑھانے کی ضرورت: جناب راجناتھ سنگھ
Posted On:
08 SEP 2022 10:27AM by PIB Delhi
وزیر دفاع جناب راج ناتھ سنگھ نے 08 ستمبر 2022 کو ٹوکیو میں جاپان کے وزیر دفاع جناب یاسوکازو ہماڈا کے ساتھ دو طرفہ بات چیت کی۔ دونوں وزراء نے دو طرفہ دفاعی تعاون کے ساتھ ساتھ علاقائی امور کے مختلف پہلوؤں کا جائزہ لیا۔ انہوں نے بھارت-جاپان دفاعی شراکت داری کی اہمیت اور آزاد، کھلے اور قواعد پر مبنی ہند-بحرالکاہل خطے کو یقینی بنانے میں اس کے اہم کردار کو تسلیم کیا۔
وفد کی سطح کی بات چیت کے دوران، جناب راج ناتھ سنگھ نے اس بات پر روشنی ڈالی کہ ہندوستان-جاپان دو طرفہ دفاعی مشقوں میں بڑھتی ہوئی رابطہ کاریاں دونوں ممالک کے درمیان دفاعی تعاون کے گہرے ہونے کا ثبوت ہیں۔ وزراء نے دوطرفہ اور کثیر جہتی مشقوں کو جاری رکھنے میں اپنی وابستگی کا اظہار کیا جن میں ‘دھرما گارجین’، ‘جیمکیس’ اور ‘مالابار’ شامل ہیں۔ انہوں نے اس سال مارچ میں مشق ‘میلان’ کے دوران سپلائی اور خدمات کے معاہدے کےباہمی التزام کے سلسلے میں کام شروع کئے جانے کا خیرمقدم کیا۔ دونوں وزراء نے اس بات پر اتفاق کیا کہ ابتدائی جنگی مشق کا جلد انعقاد دونوں ممالک کی فضائی افواج کے درمیان بہت زیادہ تعاون اور بڑے پیمانے پر معلومات کے باہمی تبادلے کی راہ ہموار کرے گا۔
وزیر دفاع نے دفاعی ساز و سامان اور تکنیکی تعاون کے میدان میں شراکت داری کے دائرہ کار کو بڑھانے کی ضرورت پر زور دیا۔ انہوں نے جاپانی صنعتوں کو ہندوستان کی دفاعی راہداریوں میں سرمایہ کاری کرنے کی دعوت دی جہاں حکومت ہند کی جانب سے دفاعی صنعت کی ترقی کے لیے سازگار ماحول پیدا کیا گیا ہے۔
اس سال ہندوستان اور جاپان کے درمیان سفارتی تعلقات کے 70 سال مکمل ہو رہے ہیں۔ دو مضبوط جمہوریتوں کے طور پر، دونوں ممالک ایک خصوصی اسٹریٹجک اور عالمی شراکت داری پر عمل پیرا ہیں۔
سات(07) ستمبر 2022 کی رات کو ٹوکیو پہنچنے کے بعد، جناب راج ناتھ سنگھ نے اپنی دن کی مصروفیات کا آغاز وزارت دفاع، جاپا ن میں جاپان کی سیلف ڈیفنس فورس کے اہلکاروں کے لیے وقف ایک یادگار پر پھول چڑھا کر کیا جنہوں نے ڈیوٹی کے دوران اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا تھا۔ جاپانی وزیر دفاع کے ساتھ دو طرفہ ملاقات سے قبل انہیں رسمی گارڈ آف آنر دیا گیا۔
اسی دن بعد میں، وزیر دفاع ، وزیر خارجہ ڈاکٹر ایس جے شنکر کے ساتھ، دوسرے ہندوستان-جاپان 2+2 وزارتی ڈائیلاگ میں حصہ لیں گے۔ جاپان کی طرف سے وزیر دفاع جناب یاسوکازو حمدا اور وزیر خارجہ جناب یوشیماسا حیاشی نمائندگی کریں گے۔ 2+2 ڈائیلاگ تمام شعبہ جات میں دو طرفہ تعاون کا جائزہ لے گا اور آگے بڑھنے کا راستہ طے کرے گا۔
*************
ش ح۔ س ب۔ رض
U. No.9051
(Release ID: 1857719)
Visitor Counter : 162