بندرگاہوں، جہاز رانی اور آبی راستوں کی وزارت

جناب سربانند سونووال نے ایران کے نائب صدر، محمد مخبر سے ملاقات کی؛ ہند-ایران دو طرفہ تعلقات کی مضبوطی کے عزم کا اعادہ کیا


ہندوستان اور ایران نے مسافر بردار بحری جہازوں سے متعلق مفاہمت نامہ پر دستخط کیے؛ چابہار بندرگاہ کے ذریعے تجارتی امکانات کو بروئے کار لانے  کے ہندوستانی عزم پر زور دیا گیا

چابہار بندرگاہ کے ذریعے تجارت اور ٹرانزٹ کو فروغ دینے کے لیے، انڈیا پورٹس اینڈ گلوبل کمپنی (آئی پی جی ایل) تہران اور چابہار میں دفتر کھولے گی

چابہار کی وسط ایشیا، جنوبی ایشیا اور جنوبی مشرقی ایشیا کے لیے راستے کے طور پر کام کرنے کی صلاحیت اس خطہ میں تجارتی امکانات  کو بروئے کار لانے کے لیے اہم ہے

Posted On: 22 AUG 2022 3:32PM by PIB Delhi

بندرگاہوں، جہاز رانی اور آبی گزرگاہوں، اور آیوش کے مرکزی وزیر جناب سربانند سونووال  نے اسلامی جمہوریہ ایران کے نائب صدر، عزت مآب محمد مخبر سے تہران میں ملاقات کی۔ دونوں لیڈروں نے ہند-ایران دو طرفہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے پر تبادلہ خیال کیا۔ نائب صدر، جو  ہندوستان کے ساتھ تعلقات کے لیے ایران کے خصوصی ایلچی ہیں، نے ہندوستان کے جہاز رانی کے وزیر کے دورہ کی تعریف کی، کیوں کہ  اس دورہ نے دونوں ممالک کے درمیان دو طرفہ تعاون کو آگے بڑھانے کا موقع فراہم کیا ہے۔ نائب صدر نے مزید کہا کہ چابہار بندرگاہ  کے ترقیاتی کام سے تجارت اور مال کی ڈھلائی کے حجم میں اضافہ ہوگا۔ مرکزی وزیر نے بھی اس اہمیت کو اجاگر کیا کہ چابہار بندرگاہ کو تجارتی مال کی ڈھلائی کے لیے اس خطہ کی ترقی کا بنیادی آلہ بنانے کی خاطر یہ ضروری ہے کہ دونوں فریق اس سلسلے میں مزید قدم اٹھائیں۔

https://static.pib.gov.in/WriteReadData/userfiles/image/image001WW4P.jpg

ایران کے عزت مآب نائب صدر سے ملاقات کے بعد بولتے ہوئے، جناب سربانند سونووال نے کہا، ’’ایران کے نائب صدر، عزت مآب محمد مخبر سے مل کر بے حد خوشی ہوئی، جہاں ہم نے  متحرک ہند-ایران دو طرفہ تعلقات کو مزید مضبوط اور مستحکم کرنے کے طور طریقوں پر تبادلہ خیال کیا۔ ایران کے ساتھ ہم اپنے متحرک تعلقات کو مضبوط کرنا جاری رکھے ہوئے ہیں۔ ہندوستانی وزیر اعظم نریندر مودی جی نے مجھ سے  باہمی طور پر مفید اپنے تعلقات کو مزید گہرا اور وسیع کرنے کے اعلیٰ سطحی عزم کا پیغام پہنچانے کے لیے کہا ہے۔‘‘

https://static.pib.gov.in/WriteReadData/userfiles/image/image002AW92.jpg

قبل ازیں، جناب سونووال نے اسلامی جمہوریہ ایران کے سڑکوں اور شہری ترقی کے وزیر، عزت مآب رستم قاسمی  کے ساتھ دو طرفہ میٹنگ میں شرکت کی۔ اس موقع پر دونوں ممالک نے، بحری مسافروں کے لیے ٹریننگ، سرٹیفکیشن اور واچ کیپنگ کے معیارات سے متعلق بین الاقوامی کنونشن (1978) کے التزامات کے مطابق دونوں ممالک کے بحری مسافروں کی مدد کرنے کے لیے لامحدود بحری جہازوں کی صلاحیت کے سرٹیفکیٹ کو تسلیم کرنے سے متعلق مفاہمت نامہ پر دستخط کیے۔

https://static.pib.gov.in/WriteReadData/userfiles/image/image003NULP.jpg

جناب سربانند سونووال اور رستم قاسمی نے ہند-ایران تعلقات کو گہرا کرنے کے لیے نتیجہ خیز دو طرفہ میٹنگ کی۔ مفاہمت نامہ پر دستخط کرنے کا مقصد  دونوں ممالک کے بحری مسافروں کی نقل و حرکت کو ہموار کرنا ہے۔ مرکزی وزیر نے دونوں ممالک کے درمیان موجود دو طرفہ تعلقات کی اہمیت کو دہرایا۔  مرکزی وزیر نے میٹنگ کے دوران  اس بات کو نمایاں کیا کہ اس خطہ کی ترقی کو آگے بڑھانے کے لیے چابہار ایک اہم رول ادا کر سکتا ہے، اور یہ بھی کہا کہ وسط ایشیا اور جنوبی ایشیا، یہاں تک کہ جنوب مشرقی ایشیا کے درمیان تیز رفتار، اقتصادی تجارت کے راستے کے طور پر اس بندرگاہ کی استعداد کو پوری طرح بروئے کار لانا ابھی باقی ہے۔

انڈیا پورٹس گلوبل پرائیویٹ لمیٹڈ (آئی جی پی ایل) نے جب سے شاہد بہشتی بندرگاہ کے کام کاج کی ذمہ داری سنبھالی ہے،  اس نے 4.8 ملین ٹن سے زیادہ بلک کارگو کو سنبھالا ہے۔ ہندوستانی آئی جی پی ایل اور ایرانی متعلقین بشمول ایران  کی بندرگاہ اور سمندری تنظیم، ایرانی کسٹمز انتظامیہ اور چابہار فری ژون اتھارٹی، شاہد بہشتی پورٹ اتھارٹی اور دیگر متعلقین کے ساتھ گہرے تعاون سے یہ بندرگاہ اس خطہ میں تجارت کے بڑے امکانات کو بروئے کار لانے میں بنیادی رول ادا کر سکتا ہے۔

سال 2020 میں، ہندوستان نے  انسانی امدادی پروگرام کے حصہ کے طور پر چابہار بندرگاہ کے ذریعے افغانستان کو 75000 ٹن گندم  کی سپلائی کی اور ساتھ ہی اس خطہ میں زراعت کو درپیش ٹڈیوں کے خطرے کو کم کرنے اور غذائی تحفظ کو بڑھانے کی ایک ٹھوس کوشش کے طور پر اسی بندرگاہ سے ایران کو 40000 لیٹر ملاتھین 96 فیصد یو ایل وی حشرہ کش فراہم کیا۔ چابہار بندرگاہ کو مضبوط کرنے کی کوشش کے طور پر، مرکزی وزیر نے  انڈین پورٹس گلوبل چابہار فری ٹریڈ ژون (آئی پی جی سی ایف ٹی زیڈ) کو چھ موبائل ہاربر کرینیں سونپیں۔

https://static.pib.gov.in/WriteReadData/userfiles/image/image00493CE.jpg

جناب سربانند سونووال ایران کے تین روزہ سرکاری دورے پر ہیں۔ ایران کے بعد وہ متحدہ عرب امارات کا ایک دن کا سرکاری دورہ کریں گے، جہاں وہ جبل علی بندرگاہ  دیکھنے جائیں گے اور دو طرفہ میٹنگوں میں شرکت کرنے کے ساتھ ساتھ سرمایہ کاروں کی میٹنگ میں بھی شریک ہوں گے۔

*****

ش ح – ق ت – ت ع

U: 9392



(Release ID: 1853627) Visitor Counter : 121