وزارات ثقافت

ہر گھر ترنگا مہم کے تحت ہر گھر ترنگا ویب سائٹ پر 6 کروڑ سے زائد ترنگا سیلفیاں اپ لوڈ کی گئیں


چنڈی گڑھ میں 5885 افراد کی شمولیت کے ساتھ لہراتے ہوئے قومی پرچم کی دنیا کی سب سے بڑی انسانی تصویر کا گنیز ورلڈ ریکارڈ قائم ہوا

پورے ملک نے ہر گھر ترنگا مہم کو کامیاب بنانے کے لیے ایک ساتھ حصہ لیا۔ مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد کی جانب سے اس طرح کا جوش ملک کے اتحاد اور سالمیت کے غیر متزلزل جذبے کی علامت ہے: جناب جی کے ریڈی

Posted On: 16 AUG 2022 4:05PM by PIB Delhi

وزیر اعظم جناب نریندر مودی نے بھارت کی آزادی کے 75برس مکمل ہونے کا جشن منانے کے لیے عوام سے گھر پر ترنگا لاکر اسے لہرانے کے لیے حوصلہ افزائی فراہم کرنے کی غرض سے ’’ہر گھر ترنگا‘‘ مہم کا آغاز کیا۔ اس پہل قدمی کے پس پشت لوگوں کے دلوں میں حب الوطنی کے احساس کو مضبوط بنانے اور جن بھاگیداری کے جذبے کے ساتھ آزادی کا امرت مہوتسو منانے کا جذبہ کارفرما تھا۔ ریاستوں، مرکز کے زیر انتظام علاقوں اور وزراء  نے اس مہم میں پورے جوش و خروش کے ساتھ بڑھ چڑھ کر حصہ لیا۔ مختلف علاقوں کی غیر سرکاری تنظیموں اور سیلف ہیلپ گروپوں  نے بھی ہر گھر ترنگا مہم کو آزادی کا امرت مہوتسو کی کامیابی کے راستے میں ایک معیار کے طور پر قائم کرنے میں اپنا تعاون دیا۔ جدوجہد آزادی سے وابستہ مقامات پر تمام تر شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے لوگوں کی شمولیت کے ساتھ مختلف تقریبات کا اہتمام کیا گیا جن کا مقصد حب الوطنی اور پورے ملک کے اتحاد کی تصویر کشی کرنا تھا۔

مہم کے دوران سیکٹر 16، چنڈی گڑھ  میں ایک کرکٹ اسٹیڈیم میں 5885 افراد کی شراکت داری کے ساتھ قومی پرچم لہرانے کی دنیا کی سب سے بڑی انسانی تصویر کے گنیز عالمی ریکارڈ جیسے متعدد نئے سنگ میل قائم کیے گئے۔یہ تقریب آزادی کا امرت مہوتسو کے جزو کے طور پر وزیر اعظم نریندر مودی کی ’ہر گھر ترنگا‘ مہم کو مضبوط بنانے کے لیے این آئی ڈی فاؤنڈیشن اور چنڈی گڑھ یونیورسٹی کے ذریعہ منعقد کی گئی تھی۔

ایک اور شاندار حصولیابی کے تحت، آج کی تاریخ تک ہر گھر ترنگا ویب سائٹ پر 6 کروڑ سے زائد ترنگا سیلفی اپ لوڈ کی جا چکی ہیں۔ مخلوط فارمیٹ میں تیار شدہ یہ پروگرام پرچم کے ساتھ جسمانی اور جذباتی طور پر جڑنے  اور اس پہل قدمی کے لیے خصوصی طور پر تیار کی گئی ویب سائٹ (www.harghartiranga.com) پر ایک سیلفی اپ لوڈ کرتے ہوئے اجتماعی جشن اور حب الوطنی کے جوش و جذبے کو مہمیز کرنے کا خیال پیش کرتا ہے۔

اس کے علاوہ، جاری ’آزادی کا امرت مہوتسو‘ کے ایک جزو کے طور پر ’ہر گھر ترنگا‘ مہم کے تحت ، سری نگر کی ضلع انتظامیہ نے آزادی کے 75 برسوں کا جشن منانے کے لیے بخشی اسٹیڈیم میں 1850 میٹر طویل قومی پرچم کی نمائش کرتے ہوئے ایک قومی ریکارڈ قائم کیا۔

ثقافت، سیاحت اور شمال مشرقی خطے کی ترقی (ڈی او این ای آر) کے مرکزی وزیر جناب جی کشن ریڈی نے ملک کے شہریوں کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ، ’’ہر گھر ترنگا مہم کو کامیاب بنانے کے لیے پورے ملک نے مل جل کر کوشش کی۔ مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد کا یہ جوش  و خروش ملک کے اتحاد و سالمیت کے غیر متزلزل جذبے کی علامت ہے۔‘‘ انہوں نے مزید کہا، ’’پورے ملک نے ہر گھر ترنگا مہم میں حصہ لیا اور آج کی تاریخ تک، ترنگے کے ساتھ 6 کروڑ سے زائد سیلفیاں اپ لوڈ کی جا چکی ہیں۔ اس سے اس عظیم ملک کے تئیں ہماری محبت اور فخر کی عکاسی ہوتی ہے۔ میں ان تمام لوگوں سے جنہوں نے ترنگے کے ساتھ سیلفی لی ہے، درخواست کروں گا کہ وہ ہر گھر ترنگا پورٹل پر تصاویر اپ لوڈ کرتے رہیں اور تیوہاری جذبے کو برقرار رکھیں۔‘‘

جناب جی کشن ریڈی نے مزید کہا، ’’ہرگھر ترنگا تحریک میں شمولیت اختیار کرنے کے لیے محترم وزیر اعظم جناب نریندر مودی کی اپیل کو آگے بڑھانے کے لیے بھارت کا شکریہ۔‘‘ انہوں نے کہا کہ، ’’وزیر اعظم نے جب بھی ملک کے شہریوں سے کوئی اپیل کی ہے، خواہ ان لوگوں سے ایل پی جی سبسڈی چھوڑنے کی اپیل  ہو جنہیں اس کی ضرورت نہیں ہے، یا کووِڈ۔19 کے ہراول سورماؤں کی کوششوں کو تسلیم کرنے کی اپیل ہو یاہر گھر ترنگا مہم ہو، عوام نے زبردست جوش و خروش کے ساتھ ردعمل کا اظہار کیا ہے۔‘‘ بھارت 15 اگست 2022 کو 75 ہفتوں کے کاؤنٹ ڈاؤن کے اختتام کے ساتھ آزادی کے 76ویں برس میں داخل ہو چکا ہے۔ حکومت کی ہر گھر ترنگا پہل قدمی کو آزادی کا امرت مہوتسو ، وزارت ثقافت کے ذریعہ آگے بڑھایا گیا۔

 

حکومت ہند نے بھارت بھر میں پرچموں کی سپلائی کو یقینی بنانے کے لیے مختلف اقدامات کیے تھے۔ ملک میں ڈاک گھروں نے یکم اگست 2022 سے پرچم فروخت کرنے کے عمل کا آغاز کیا۔ اس کے علاوہ، ریاستی حکومتوں نے بھی پرچموں کی سپلائی اور فروخت کے لیے مختلف شراکت داروں کے ساتھ اشتراک قائم کیا ۔ بھارتی قومی ترنگے کو جی ای ایم پورٹل پر بھی درج رجسٹر کیا گیا تھا۔ حکومت ہند نے پرچم کی سپلائی کے نظام کو سہل بنانے کے لیے مختلف ای۔کامرس ویب سائٹوں اور سیلف ہیلپ گروپوں کے ساتھ شراکت داری قائم کی تھی۔

بھارت کی آزادی کے شاندار 75 برسوں کی یاد میں جشن منانے کے لیے وزیر اعظم نریندر مودی کے ذریعہ 12 مارچ 2021 کو آزادی کا امرت مہوتسو پہل قدمی کا آغاز کیا گیا تھا۔ اپنے آغاز سے لے کر، اس پہل قدمی نے دنیا بھر میں بھارتی ثقافت کی عظمت کو کامیابی کے ساتھ پیش کیا  ہے۔ 28 ریاستوں، مرکز کے زیر انتظام 8 علاقوں، اور 150 سے زائد ممالک میں 60000 سے زائد پروگراموں کے کامیاب نفاذ کے ساتھ، آزادی کا امرت مہوتسو پہل قدمی دائرہ کار اور شراکت داری کے لحاظ سے منعقد کیے جانے والے سب سے بڑے پروگراموں میں سے ایک ہے۔

آزادی کے 75 برس مکمل ہونے کا جشن 12 مارچ 2021 کو  ، 15 اگست 2022 تک 75 ہفتوں کے کاؤنٹ ڈاؤن کے طور پر شروع ہوا، اور یہ 15 اگست 2023 تک جاری رہے گا۔

 

 

 

**********

 

(ش ح –ا ب ن۔ م ف)

U.No:9205



(Release ID: 1852325) Visitor Counter : 128