صحت اور خاندانی بہبود کی وزارت

پچہتر روزہ۔ ’’کووڈ ٹیکہ کاری امرت مہوتسو‘‘ کا کل سے آغازہوگا جس میں سرکاری ٹیکہ کاری مراکز پر تمام مجاز بالغ افراد کو مفت ’’احتیاطی خوراک‘‘ دی جائے گی


ریاستیں اور مرکزی انتظام والے علاقے ’’کووڈ ٹیکہ کاری امرت مہوتسو‘‘ کو جن ابھیان کے طور پر لاگو کریں گے اور مشن موڈ میں کووڈ ٹیکہ کاری کے زیادہ تعداد میں کیمپ لگائے جائیں گے

یاتراؤں کے راستوں، میلوں اور دیگر اجتماعات کے مقام پر خصوصی ٹیکہ کاری کیمپ

کام کی جگہوں پر ٹیکہ کاری کے خصوصی کیمپوں کا دفاتر، صنعتی اداروں، ریلوے اسٹیشنوں، بین ریاستی بس اڈوں ، اسکولوں اور کالجوں میں انتظام کیا جائے گا

Posted On: 14 JUL 2022 5:25PM by PIB Delhi

 

پچہتر روزہ کووڈ ٹیکہ کاری امرت مہوتسو کل (پندرہ جولائی 2022) سے شروع ہوگا جس کے تحت تمام بالغ افراد کو (اٹھارہ سال سے زیادہ کے لوگ) جو ٹیکے کے مجاز ہیں، انہیں سرکاری کووڈ ٹیکہ کاری مراکز پر احتیاطی خوراک مفت دی جائے گی۔ مشن کے پیمانے پر لاگو ہونے والی یہ خصوصی کووڈ ٹیکہ کاری مہم آزادی کا امرت مہوتسو کا حصہ ہے۔ خصوصی مہم کا مقصد مجاز بالغ افراد میں کووڈ کی احتیاطی خوراک زیادہ سے زیادہ تعداد میں دینا ہے۔

مرکزی ہیلتھ سکریٹری جناب راجیش بھوشن کی سربراہی میں آج ریاستوں اور مرکزی انتظام والے علاقوں کے ہیلتھ سکریٹریز اور این ایچ ایم کے ایم ڈیز کے ساتھ ہوئی ورچوئل میٹنگ میں ریاستوں اور مرکزی انتظام کے علاقوں پر زور دیا گیا کہ وہ تمام مجاز مستفدین کو کووڈ کی احتیاطی خوراک دینے کا بڑے پیمانے پر انتظام کریں۔

image002RQ91.png

مرکزی ہیلتھ سکریٹری نے کہا کہ اٹھارہ سال اور اس سے زیادہ عمر والوں میں احتیاطی خوراک کا کم اوسط (آٹھ فیصد) اور ساٹھ سال سے زیادہ عمر والوں میں (27 فیصد) تشویش کا معاملہ ہے۔ حکومت ہند نے اٹھارہ برس سے زیادہ عمر کے تمام مجاز افراد کو احتیاطی خوراک دینے کے لئے کووڈ ٹیکہ کاری امرت مہوتسو کے تحت سرکاری کووڈ ٹیکہ کاری مراکز پر مفت احتیاطی خوراک کا انتظام کیا ہے۔ پندرہ جولائی 2022 سے 30 ستمبر 2022 تک یعنی 75 دن یہ مہم چلائی جائے گی۔ احتیاطی خوراک کے مجاز افراد میں اٹھارہ برس سے زیادہ عمر والے وہ تمام افراد شامل ہیں جو دوسری خوراک کے بعد چھ مہینے (یا26 ہفتے) مکمل کرچکے ہیں۔

ریاستوں اور مرکزی انتظام والے علاقوں پر اس بات کے لئے زور دیا گیا ہے کہ وہ 75 روزہ کووڈ ٹیکہ کاری امرت مہوتسو کو جن ابھیان یعنی عوامی مہم کی طرح چلائیں اور کیمپوں کا اہتمام کرکے عوام میں بیداری لائیں۔ انھیں صلاح دی گئی ہے کہ وہ چار دھام یاترا(اتراکھنڈ)، امرناتھ یاترا،(جموں وکشمیر)، کنور یاترا(شمالی ہندوستان کی تمام ریاستیں اور مرکزی انتظام والے علاقے)، کے علاوہ بڑے میلوں اور اجتماعات کے راستوں پر خصوصی ٹیکہ کاری کیمپ لگائیں ۔ مرکزی ہیلتھ سکریٹری نے ہدایت دی ہے کہ ریاستوں اور مرکزی انتظام والے علاقوں میں بڑے دفاتر (سرکاری اورنجی) صنعتی اداروں، ریلوے اسٹیشنوں، بین ریاستی بس اڈوں، اسکولوں اور کالجوں میں خصوصی ورک پلیس ٹیکہ کاری کیمپوں کا اہتمام کریں۔ ان تمام خصوصی ٹیکہ کاری کیمپوں میں کو-ون کے ذریعہ ٹیکہ کاری کو لازمی بنایا جائے اور ٹیکہ لگنے کا سرٹیفکیٹ مہیا کرایا جائے۔ ریاستوں اور مرکزی انتظام والے علاقوں کو یہ صلاح بھی دی گئی ہے کہ اس مہم کے آغاز سے پہلے اس کی بڑے پیمانے پر تشہیر  کی جائے اور پرنٹ، الیکٹرونک، سوشل میڈیا پر اس پیغام کو پھیلایا جائے۔ ریاستی ہیلتھ سکریٹریز پر زور دیا گیا ہے کہ وہ ریاستی سطح پر مہم کی پیش رفت کا ہفتہ وار جائزہ لیں۔

ریاستوں اور مرکزی انتظام والے علاقوں کو صلاح دی گئی ہے کہ سرکاری اور پرائیویٹ دونوں طرح کے مراکز میں کووڈ ویکسین کو بروقت استعمال کیا جائے تاکہ کوئی خوراک ضائع نہ ہو۔ کووڈ ویکسین ایک قیمتی قومی سرمایہ ہے، لہذا ریاستوں سے درخواست کی گئی ہے کہ وہ اٹھارہ سال سے زیادہ عمر والے گروپ کی تعداد کو دیکھتے ہوئے 75 دن کے لئے مطلوبہ خوراکوں کی تعداد کا تخمینہ لگائیں اور مرکز کو مطلع کریں۔ اس سے مرکزی وزارت صحت کو مطلوبہ خوراکیں ریاستوں اور مرکزی انتظام والے علاقوں کو فراہم کرانے میں آسانی ہوگی۔ کووڈ ٹیکہ کاری میں فرسٹ ایکسپائری ۔فرسٹ آؤٹ کا اصول اپنایا جائے۔ یعنی ایکسپائری کے قریب خوراکوں کو پہلے استعمال کیا جائے۔

****

 

 

U.No:7570

ش ح۔رف۔س ا



(Release ID: 1841620) Visitor Counter : 142