وزیراعظم کا دفتر

وزیر اعظم نے گلوبل پاٹیدار بزنس سمٹ کا افتتاح کیا


’’آج بھارت کے پاس بہت کچھ ہے۔ ہمیں صرف اپنی خود اعتمادی اور آتم نربھرتا کے جذبے کو مضبوط کرنا ہے‘‘

’’حکومت کی مسلسل کوشش ہے کہ عام گھرانوں کے نوجوان بھی کاروباری بنیں اور کاروبار کا خواب دیکھ سکیں اور اس پر فخر کرسکیں‘‘

’’ہر چھوٹا اور بڑا کاروبار قومی ترقی میں حصہ ڈال رہا ہے اور سب کا پریاس کا یہ جذبہ امرت کال میں نئے بھارت کی طاقت بن رہا ہے‘‘

پاٹیدار برادری سے گروپس بنانے اور فنٹیک، این ای پی وغیرہ جیسے اہم شعبوں کے نفاذ کیلئے تجویز دینے اور مدد کرنے کیلئے کہا

Posted On: 29 APR 2022 1:46PM by PIB Delhi

نئی دہلی،  29/ اپریل 2022 ۔ وزیر اعظم جناب نریندر مودی نے آج ویڈیو کانفرنسنگ کے توسط سے  سردار دھام کے ذریعے منعقد کیے جانے والے گلوبل پاٹیدار بزنس سمٹ (جی پی بی ایس ) کا افتتاح کیا۔ اس موقع پر گجرات کے وزیر اعلیٰ بھوپیندر بھائی پٹیل اور مرکزی وزراء اور صنعتی لیڈران موجود تھے۔

اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم نے سورت شہر کی حیثیت کو دنیا کے تیزی سے ترقی کرنے والے شہروں میں سے ایک کے طور پر نوٹ کیا۔ سردار پٹیل کے الفاظ کو یاد کرتے ہوئے وزیر اعظم نے کہا کہ آج بھارت  کے پاس بہت کچھ ہے۔ ہمیں صرف اپنی  خود اعتمادی، آتم نربھرتا  کی روح کو مضبوط کرنا ہے۔ یہ اعتماد تب آئے گا جب ترقی میں سب کی شراکت ہوگی، سب کی کوششیں شامل ہوں گی۔

ملک میں کاروبار کے جذبے کو بڑھانے کے تعلق سے  وزیراعظم نے کہا کہ حکومت کی مسلسل کوشش ہے کہ وہ  اپنی پالیسیوں اور عمل کے ذریعے  ملک میں ایسا ماحول پیدا کرے کہ عام گھرانوں کے نوجوان بھی کاروباری بن سکیں ، خواب دیکھ سکیں  اور انٹرپرینیورشپ پر فخر کرسکیں ۔ وزیر اعظم نے کہا کہ مدرا یوجنا جیسی اسکیمیں ان لوگوں کو کاروبار میں آنے کی طاقت دے رہی ہیں جنھوں نے کبھی ایسا کرنے کا خواب بھی نہیں دیکھا تھا۔ اسی طرح اسٹارٹ اپ انڈیا اختراعات، ٹیلنٹ اور یونیکورن کے خوابوں کو پورا کرنے میں مدد کر رہا ہے، جو پہلے ناقابل رسائی تھے۔ وزیراعظم نے کہا کہ پیداوار سے منسلک ترغیب روایتی شعبوں میں نئی ​​توانائی پیدا کر رہی ہے اور نئے شعبوں میں نئے امکانات پیدا کر رہی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ  وبا کے چیلنجوں کے باوجود، ملک کا ایم ایس ایم ای  شعبہ  تیزی سے ترقی کر رہا ہے۔ بڑے پیمانے پر مالی تعاون سے اس شعبے میں لاکھوں روزگار کو تحفظ فراہم کیا گیا اور اب یہ شعبہ بہت تیزی سے روزگار کے مواقع پیدا کر رہا ہے۔  پی ایم  سواندھی اسکیم نے اسٹریٹ وینڈروں کو رسمی بینکنگ اور فنانس تک رسائی دے کر ترقی کی کہانی سے  منسلک کیا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ اس اسکیم کو حال ہی میں دسمبر 2024 تک بڑھا دیا گیا ہے۔

وزیر اعظم نے کہا کہ ہر چھوٹا اور بڑا کاروبار قومی ترقی میں اپنا حصہ ڈال رہا ہے اور سب کا  پریاس  کا یہ جذبہ امرت کال میں نئے بھارت  کی طاقت بن رہا ہے۔ انہوں نے اس بات پر خوشی کا اظہار کیا کہ اس سال سربراہی اجلاس اس پہلو پر تفصیلی گفتگو کر رہا ہے۔

گجراتی میں منتقل ہوتے ہوئے وزیر اعظم نے کمیونٹی سے کہا کہ وہ تجربہ کار اور نوجوان ممبران دونوں پر مشتمل گروپ بنائیں جو قومی مفاد کے مسائل اور دستاویزی نظریات، عالمی عمدہ طور  طریقوں اور حکومتی پالیسیوں پر کام کریں اور ان کا تجزیہ بھی کیا جا سکے۔ انھوں نے کہا کہ فن ٹیک، فروغ ہنرمندی ، مالی شمولیت وغیرہ جیسے مضامین کو حکومت اور تعلیمی اداروں میں اقدامات  کی تجویز کے طور پر پیش کیا جا سکتا ہے۔ اسی طرح قومی تعلیمی پالیسی کو مکمل نفاذ کے بہترین طریقے  کی تلاش کرنے اور ہر سطح پر مفید اقدامات کی  تجویز پیش کرنے کے لیے لیا  جا سکتا ہے۔

وزیراعظم نے سمٹ سے زراعت کو جدید بنانے اور زراعت میں سرمایہ کاری  کے طریقے تلاش کرنے کو بھی کہا۔ انہوں نے مشورہ دیا  کہ زراعت کے نئے طریقے اور نئی فصلوں کی تجویز کے لیے گجرات کی زمین کا مطالعہ کرنے کے لیے ٹیمیں بنائی جا سکتی ہیں۔ انہوں نے چند دہائیوں قبل گجرات میں ڈیری تحریک کے تصور کی مثال پیش کی، جس نے گجرات کے کسانوں کے معاشی منظرنامے کو بدل دیا۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں زراعت پر مبنی صنعتوں کو فروغ دینے کے طریقے تلاش کرنے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایسی کوششوں سے خوردنی تیل کی درآمد کو کم کرنے میں مدد مل سکتی ہے۔ انھوں نے  فوڈ پروسیسنگ انڈسٹری میں امکانات پر زور دیا۔ انھوں نے سامعین سے یہ بھی کہا کہ وہ ابھرتے ہوئے ایف پی اوز پر نگاہ کرے،  کیونکہ ان تنظیموں کی آمد سے بہت سے مواقع پیدا ہو رہے ہیں۔ وزیراعظم نے قدرتی زراعت کے شعبے میں کام کرنے کو بھی کہا۔ وزیر اعظم مودی نے شمسی پینل کے لیے کھیتوں میں فاضل جگہوں کے استعمال کے امکانات پر زور دیا۔ انھوں نے حال ہی میں شروع کئے گئے امرت سروور ابھیان میں اپنا تعاون دینے کو کہا۔ حال ہی میں منعقدہ آیوروید چوٹی کانفرنس کے بارے میں بات کرتے ہوئے وزیر اعظم نے کہا کہ ہربل اور آیوش کے شعبے میں نئے امکانات پر نگاہ رکھی جا سکتی ہے۔

وزیر اعظم نے مالیاتی سلطنتوں  کے تئیں  ایک نئے نقطہ نظر پر زور دیا۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ یہ فیصلہ کیا جا سکتا ہے کہ صنعتیں بڑے شہروں کی بجائے چھوٹے شہروں میں لگائی جا سکتی ہیں۔ انہوں نے جیوترگرام یوجنا کی مثال دی جس سے دیہاتوں میں صنعتی سرگرمیاں شروع ہوئیں۔ انھوں نے کہا کہ اب اس طرح کا کام چھوٹے قصبوں اور شہروں کے لیے کیا جا سکتا ہے۔

سردار دھام ’مشن 2026‘ کے تحت جی پی بی ایس  کا اہتمام کررہا ہے تاکہ پاٹیدار برادری کی سماجی و اقتصادی ترقی کو تحریک دی جا سکے۔ سربراہ اجلاس ہر دو سال بعد منعقد کیا جاتا ہے۔ پہلی دو سربراہ کانفرنس 2018 اور 2020 میں گاندھی نگر میں منعقد ہوئی تھی اور موجودہ سربراہ کانفرنس اب سورت میں منعقد ہو رہی ہے۔ جی پی بی ایس 2022 کا مرکزی تھیم ہے ’’آتم نربھر  کمیونٹی سے آتم نربھر گجرات اور بھارت  تک‘‘۔ سمٹ کا مقصد کمیونٹی کے اندر چھوٹے، درمیانے اور بڑے کاروباری اداروں کو اکٹھا کرنا ،نئے کاروباری افراد کو پروان چڑھانا اور مدد کرنا اور تعلیم یافتہ نوجوانوں کو تربیت اور روزگار میں مدد فراہم کرنا ہے ۔ 29 اپریل سے یکم مئی تک منعقد ہونے والی تین روزہ سمٹ میں حکومت کی صنعتی پالیسی، ایم ایس ایم ایز، اسٹارٹ اپس، اختراعات اور دیگر  مختلف پہلوؤں کا احاطہ کیا گیا ہے۔

 

 

******

ش ح۔ م م۔ م ر

U-NO. 4835



(Release ID: 1821297) Visitor Counter : 122