نائب صدر جمہوریہ ہند کا سکریٹریٹ
نائب صدر جمہوریہ نے ذمہ دارانہ ابلاغ عامہ/ میڈیا احاطہ پر زور دیا
نائب صدر جمہوریہ کا میڈیا کے شعبے میں افزوں سنسنی خیزی پر اظہار تشویش
پریس کی آزادی جمہوریت کے لئے ناگزیر تقاضہ ہے: نائب صدر جمہوریہ
نائب صدر جمہوریہ نے نیلّور اے آئی آر ایف ایم اسٹیشن پر دس کلو واٹ کے ایف ایم آپریشن کے لئے 100 میٹر بلندٹاور کا افتتاح کیا
Posted On:
27 APR 2022 12:29PM by PIB Delhi
نائب صدر جمہوریہ جناب ایم وینکیا نائیڈو نے آج میڈیا / ذرائع ابلاغ کو تلقین کی کہ وہ اخلاقی طور پر درست صحافت کی اقدار پر عمل کریں اور خبروں کا احاطہ کرنے کے دوران ذمہ داری کا ثبوت دیں۔
خبروں کو بڑھا چڑھا کر پیش کرنے اور انہیں سنسنی خیز بنانے کے رجحان کے بارے میں تشویش کا اظہار کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ یہ عوام کو گمراہ کرنے کے مترادف ہے۔ کبھی کبھی اس قسم کی غلط اطلاع کے سبب خوف و ہراس پھیل سکتا ہے۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ ‘‘سچائی کے قریب رہو اور سنسنی خیزی سے دور رہو’’۔
جناب نائیڈو نے آج نیلّور میں آل انڈیا ریڈیو ایف ایم اسٹیشن میں دس کلو واٹ آپریشن کے لئے ایک سو میٹر بلند ٹاور کا افتتاح کیا۔ اے آئی آر اسٹوڈیو میں پہنچنے کے فوراً بعد،جناب نائیڈو نے براہ راست براڈ کاسٹ کے توسط سے ایک خصوصی خطاب کیا اور اس ایف ایم ٹاور کو نیلّور کے عوام کو وقف کیا ۔انہوں نے اس بات پر خوشی کا اظہار کیا کہ جب وہ اطلاعات و نشریات کے وزیر تھے تو انہوں نے اس اسٹیشن کا سنگ بنیاد رکھا تھا اور آج یہ اسٹیشن فعال ہوگیا ہے ۔
بعد میں ایک اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے جناب نائیڈو نے اس بات پر زور دیا کہ پریس کی آزادی ، جمہوریت کے لئے ناگزیر ہے۔ انہوں نے کہا کہ میڈیا ، مختلف امور پر لوگوں کو باخبر کرنے اور جمہوریت کو مستحکم بنانے میں ایک اہم کردار ادا کرتا ہے۔ اس ضمن میں انہوں نے قومی ترقی میں براڈ کاسٹ میڈیا کے اہم کردار کو اجاگر کیا۔
جناب نائیڈو نے ، ڈیجیٹل دور میں میڈیا کی وسیع تر پہنچ کو اجاگر کرتے ہوئے، میڈیا کو صلاح دی کہ وہ معاشرے کی حقیقتوں کی عکاسی کرے اور ہمیشہ صحافت کے منصفانہ اصولوں کی پیروی کریں۔اس کے علاوہ اس بات کی بھی ضرورت ہے کہ میڈیا،خود کا جائزہ لے اور خود اپنے آپ کو منضبط کرے ۔انہوں نے یہ بھی تجویز کیا کہ لوگوں کو ان میڈیا تنظیموں کی حوصلہ افزائی کرنی چاہئے جو ایماندارانہ اور اقدار پر مبنی صحافت پر عمل کرتی ہیں۔
ٹیلی ویژن کے مباحثوں میں گرتے ہوئے معیارات پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے انہوں نے اہم قومی امور پر زیادہ معنی خیز، بامقصد اور احترام پر مبنی بحث و مباحثہ پر زور دیا ۔ اس بات کی یاد دہانی کراتے ہوئے کہ بھارت کی 60 فیصد آبادی گاؤوں میں بستی ہے انہوں نے سبھی میڈیا تنظیموں پر زور دیا کہ وہ دیہی بھارت کے مسائل پر زیادہ توجہ مرکوز کریں۔
سوشل میڈیا کے بڑھتے استعمال کا سرسری طور پر ذکر کرتے ہوئے ، انہوں نے فرضی خبروں سے متعلق صورتحال پر اپنی تشویش کا اظہار کیا،اور کہا کہ لوگوں کو غیر مصدقہ اور بے حقیقت خبروں کی دوسروں تک ترسیل نہیں کرنی چاہئے۔
نائب صدر جمہوریہ نے ریڈیو کی مقبولیت اور مختلف امور کے بارے میں لوگوں کو باخبر اور آگاہ کرنے میں اس کی اہمیت کو نمایاں کیا۔ انہوں نے یاد دلایا کہ کس طرح ریڈیو نے بہت سے فنکاروں کو عوام کے سامنے پیش کرنے میں اہم کردار ادا کیا ہے۔
آندھرا پردیش سرکار کے زراعت اور امداد باہمی ، مارکیٹنگ ، خوراک کی ڈبہ بندی کے وزیر جناب ککانی گووردھن ریڈی، آندھرا پردیش کے رکن اسمبلی جناب کوٹم ریڈی سری دھر ریڈی ، پرسار بھارتی کے سی ای او جناب ششی شیکھر و یمپاتی ، آل انڈیا ریڈیو کے ڈائریکٹر جنرل جناب این وینو دھر ریڈی اور دیگر ممتاز شخصیات اس موقع پر موجود تھیں۔
*************
ش ح ۔ ع م ۔ م ش
U. No.4740
(Release ID: 1820458)