وزارتِ تعلیم

جی 20 کے وزرائے تعلیم نے وباء کے دوران معیاری تعلیم کو جاری رکھنے کو یقینی بنانے کے لئے اپنے عہد کا اعادہ کیا


جناب سنجے دھوترے نے تعلیمی نا برابری ختم کرنے کے لئے بھارت کے عزم کا اعادہ کیا

جناب سنجے دھوترے نے جی 20 کے وزرائے تعلیم کی میٹنگ اور وزرائے تعلیم اور محنت اور روزگار کے وزیروں کی مشترکہ میٹنگ سے خطاب کیا

Posted On: 23 JUN 2021 4:49PM by PIB Delhi

 

نئی دلّی ، 23 جون / تعلیم کے وزیر مملکت  جناب سنجے دھوترے نے 22 جون ، 2021 ء کو جی 20 کے وزرائے تعلیم کی میٹنگ میں شرکت کی  ۔ اس میٹنگ کی میزبانی اٹلی نے ورچوئل طور پر کی تھی  ۔ جی 20 کے وزرائے تعلیم نے ، اِس بات پر تبادلۂ خیال کیا کہ کس طرح تعلیمی غربت اور نابرابری  ، خاص طور پر کووڈ – 19 وباء کے دور میں  نا برابری  سے لڑائی میں پیش رفت کی جائے ۔  وزیروں نے  وباء کے دوران نافذ کئے گئے اختراعی طریقوں  میں ساجھیداری کرنے  اور  معیاری تعلیم کو جاری رکھنے  کو یقینی بنانے  کے لئے اپنے  عہد کا بھی اعادہ کیا  ۔

         بھارت کی نمائندگی کرتے ہوئے جناب سنجے دھوترے نے  تعلیمی غربت  ، نا برابری  اور  جلد اسکول چھوڑنے  جیسی خامیوں کو  دور کرنے کے تئیں  ملک کے عزم کا اعادہ کیا ۔ قومی  تعلیمی پالیسی  2020 پر  اظہارِ خیال کرتے ہوئے ، وزیر موصوف نے کہا کہ  یہ سبھی کے لئے یکساں اور شمولیت والی تعلیم کو یقینی بناتی ہے  ، جس میں  بچوں اور نو جوانوں ، خاص طور پر لڑکیوں  پر  توجہ مرکوز کی گئی ہے ، جن کا تعلق  سماجی اور اقتصادی  طور پر  پسماندہ گروپوں سے ہے ۔

         جناب سنجے دھوترے نے کہا کہ  بھارت کے تعلیمی نظام نے    کئی اختراعی اقدامات کے ذریعے   صنفی  اختلاف کو کم کرنے اور سماجی  خلیج کو پُر کرنے میں تیزی سے پیش رفت کی ہے ۔  اس میں   اسکولوں میں  بچوں کے داخلے  کی صلاحیت میں اضافہ کرنا   ،  جن بچوں نے اسکول چھوڑ دیا ہے ، اُن کو تلاش کرنا  ، کمزور بچوں  کے آموزشی نتائج کی نگرانی کرنا   ، اُن کے جسمانی  تحفظ کو یقینی بنانا  ، دوپہر کے کھانے کے ذریعے  بچوں کی صحت کو یقینی بنانا ،  خصوصی ضروریات والے بچوں کے لئے نظام تیار کرنا  اور  فاصلاتی تعلیمی پروگراموں کو مستحکم کرنا وغیرہ شامل ہے ۔

         وباء کے دوران  تعلیم کو جاری رکھنے  کو یقینی بنانے  کے بارے میں وزیر موصو ف نے کہا کہ بھارت نے   آمیزش والی  تدریس کو فروغ دیا ہے   ۔ ڈجیٹل تعلیمی مواد مختلف   ای – لرننگ پلیٹ فارم جیسے دِکشا ،  سوایم اور دیگر  پلیٹ فارموں پر دستیاب کرایا گیا ہے ، جن سے  کوئی بھی  ، کہیں بھی اور کسی بھی وقت  مفت رسائی حاصل کر سکتا ہے ۔  انہوں نے مزیدکہا کہ روایتی تعلیمی طریقے میں   آن لائن  طریقۂ کارکو 20 فی صد بڑھا کر 40 فیصد کر دیا گیا ہے ۔  انہوں نے کہا کہ  این ای پی 2020 کے تحت ٹیکنا لوجی کی قیادت والی  تعلیم  میں مدد کے لئے  ایک قومی تعلیمی  ٹیکنالوجی فورم  قائم کیا جا رہاہے ۔

         انہوں نے اِس بات کو بھی اجاگر کیا کہ حکومت نے مَنو درپن اور دیگر پروگراموں کے ذریعے   طلباء کی ذہنی صحت   کی دیکھ بھال کے لئے کاؤنسلنگ  پروگرام  بھی شروع کئے ہیں ۔

         جناب دھوترے نے کہا کہ  بھارت  تعلیمی پسماندگی   ، نا برابری  اور  جلد اسکول چھوڑنے   وغیرہ کو کم کرنے کی خاطر جی 20 ملکوں کی مشترکہ کوششوں میں اپنے اپنے تعاون کا اعادہ کرتا ہے ۔

         تعلیم کے وزیروں نے  میٹنگ کے آخر میں  ایک اعلانیہ کو منظوری دی ۔

         بعد میں ، دن میں  تعلیم کے وزیروں اور  محنت اور روز گار کے وزیروں کی ایک مشترکہ  میٹنگ کا  ورچوئل انعقاد کیا گیا ۔ جی 20 کے وزیروں نے  اسکول سے   کام تک کے سفر پر  اپنے خیالات کا تبادلہ کیا  ۔ جناب سنجے دھوترے نے ،اِس میٹنگ میں وزارتِ تعلیم کی نمائندگی کی ، جب کہ  محنت اور روز گار کی وزارت کی نمائندگی   وزیر مملکت  جناب سنتوش گنگوار نے کی ۔

         شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے جناب دھوترے نے کہا کہ  یہ بہت ضروری ہے کہ  ہم  جی 20 کے رکن ممالک  اپنے نو جوانوں کو اچھی طرح  اپنی تعلیم مکمل کرنے کے بعد کام   کے لئے تیار کریں  اور خاص طور سے یہ چیز  سماجی اور اقتصادی طور پر پسماندہ آبادی والے گروپوں   کے لئے زیادہ اہم ہے  ، جو  پیچھے رہ جانے کے خطرے سے دو چار ہیں ۔

         وزیر موصوف نے کہا کہ بھارت  اپنے نو جوانوں کو  21 ویں صدی کے عالمی  سطح پر کام  کے قابل بنانے کے لئے ، اُن کی معلومات  ، صلاحیت اور رویے کو بہتر بنانے میں مدد کرنے کے لئے عہد بستہ ہے ۔  انہوں نے مزید کہا کہ ہمارا طریقۂ کار  اکیڈمک تعلیم کو پیشہ ورانہ تعلیم  سے مربوط کرنے کا ہے  تاکہ  صلاحیت پر مبنی   ماڈیولر  پیشہ ورانہ  کورس کرائے جا سکیں ۔

         وزیر موصوف نے  ، اِس بات کو اجاگر کیا کہ قومی تعلیمی پالیسی 2020 مڈل اور سیکنڈری اسکول سے ہی  پیشہ ورانہ  تعلیم  فراہم کرنے پر زور دیتی ہے اور اسے تعلیم کے اصل  دھارے میں شامل کیا گیا ہے ۔ اس کا مقصد ہے کہ 2025 ء تک اسکول اور اعلیٰ تعلیمی نظام  کے 50 فی صد طلباء پیشہ ورانہ تعلیم سے آشنا ہوں ۔ انہوں نے کہا کہ   ما قبل آموزش  کو تسلیم کئے جانے  پر مبنی فریم ورک  ، اسکول چھوڑنے والے طلباء کو دوبارہ  باضابطہ نظام میں شامل کرنے میں مددگار ثابت ہو گا ۔

         جناب دھوترے نے بتایا کہ  بھارت  موجودہ قومی ایپرنٹس شپ ٹریننگ اسکیم  کو پھر سے مرتب کرکے  تعلیم کے بعد  نو جوانوں کو ایپرنٹس شپ کے مواقع فراہم کرتی ہے  ۔

انہوں نے کہاکہ بھار ت پیشہ ورانہ تعلیم اور تربیت  کے شعبے میں  جی 20 ملکوں کے درمیان اشتراک کو بہت اہمیت دیتا ہے ۔ انہوں نے تعلیم سے کام کرنے تک  کے سفر کو خوش اسلوبی سے پورا کرنے کی حکمتِ عملی تیار کرنے کی خاطر جی 20 ملکوں کی مشترکہ کوششوں میں بھارتی حکومت کی حمایت کا  اعادہ کیا  ۔

جی 20 کے تعلیم  اور محنت و روزگار کے وزیروں نے میٹنگ کے اختتام پر  ایک اعلانیہ کو منظوری دی ۔

 

Click here for G20 Education Ministers’ Declaration

Click here for G20 Joint Education and Labour and Employment Ministers’ Declaration

 

۔۔۔۔ ۔۔۔۔۔۔۔۔۔

( ش ح ۔ و ا  ۔ ع ا ۔23.06.2021 )

U.No. 5826



(Release ID: 1729922) Visitor Counter : 155