وزیراعظم کا دفتر

وزیر اعظم مودی نے ویڈیو کانفرنسنگ کے توسط سے ملک بھر کے سرکردہ آکسیجن مینوفیکچرر حضرات سے گفت و شنید کی

Posted On: 23 APR 2021 5:56PM by PIB Delhi

 

نئی دہلی، 23 اپریل 2021: وزیر اعظم مودی نے ویڈیو کانفرنسنگ کے توسط سے ملک بھر کے سرکردہ آکسیجن مینوفیکچررحضرات کے ساتھ میٹنگ کا اہتمام کیا۔ وزیر اعظم مودی نے کہا کہ یہ وقت محض چنوتیوں سے نمٹنے کا نہیں ہے، بلکہ بہت ہی مختصر سے وقت میں حل بھی پیش کرنے کا ہے۔ وزیر اعظم مودی نے حکومت اور آکسیجن پروڈیوسروں کے درمیان بہتر تال میل بنائے رکھنے کی ضرورت پر زور دیا۔

گذشتہ چند ہفتوں کے دوران اپنی پیداواریت میں اضافہ کرنے کے لئے وزیر اعظم نے آکسیجن پرڈیوسروں کی ستائش کی۔ انہوں نے رقیق آکسیجن کی پیداواریت میں اضافہ کے لئے کیے گئے اقدامات کو بھی تسلیم کیا۔ملک میں طبی ضرورتوں کو پورا کرنے کی غرض سے صنعتی آکسیجن کو بروئے کار لانے کے لئے صنعتوں کا بھی شکریہ ادا کیا۔

صورتحال کو مزید بہتر بنانے کے لئے، وزیر اعظم مودی نے آئندہ دنوں میں آکسیجن کے مطالبات کو پورا کرنے کے لئے صنعت کے تمام تر مضمرات کو بروئے کار لانے کے بارے میں بات کی۔ وزیر اعظم مودی نے کہا کہ آکسیجن سلنڈروں کی دستیابی میں اضافے کے ساتھ ساتھ آکسیجن کے نقل و حمل کے لئے لاجسٹکس سہولتوں کی تجدیدکاری کی بھی ضرورت ہے۔ انہوں نے صنعتوں سے آکسیجن کی سپلائی کے سلسلے میں دیگرگیسوں کے نقل و حمل کے لئے استعمال میں آنے والے ٹینکروں کو بروئے لانے کی اپیل کی۔

وزیر اعظم نے کہا کہ آکسیجن سے متعلق ریاستوں کی ضرورتوں کو ذہن میں رکھتے ہوئے، حکومت ریلوے اور فضائیہ کے مؤثر استعمال کے سلسلے میں کام کر رہی ہے تاکہ ٹینکروں کو پیداواری مراکز تک جلد سے جلد پہنچایا جا سکے۔

وزیر اعظم مودی نے کہا کہ حکومت، ریاستوں، صنعتوں ، ٹرانسپورٹر حضرات، اور ہسپتالوں کو مل جل کر اتحاد کا مظاہرہ کرنے کی ضرورت ہے۔ جتنا بہتر تال میل ہوگا، اس چنوتی سے نمٹنا بھی اتنا ہی آسان ہوگا۔

آکسیجن پروڈیوسروں کی ستائش کرتے ہوئے، وزیر اعظم مودی نے ان کے لئے حکومت کی مکمل حمایت کا اعلان کیا اور امید ظاہر کی کہ ملک جلد ہی اس بحران سے کامیابی کے ساتھ نمٹنے میں کامیاب ہوگا۔

آر آئی ایل کے چیئرمین، مینجنگ ڈائریکٹر جناب مکیش امبانی، ایس اے آئی ایل کی چیئرپرسن محترمہ سوما منڈل، جے ایس ڈبلیو کے جناب سجن جندل، ٹاٹا اسٹیل کے جناب نریندرن، جے ایس پی ایل کے جناب نوین جندل، اے ایم این ایس کے جناب دلیپ اومّن، ایل آئی این ڈی ای کے جناب ایم بنرجی، انوکس کے جناب سدھارتھ جین، ایئر واٹر جمشید پور کے مینجنگ ڈائریکٹر جناب نوریو شیبویا، نیشنل آکسیجن لمیٹڈ کے جناب راجیش کمار سرف اور آل انڈیا انڈسٹرئیل گیسیز مینوفیکچررس ایسوسی ایشن کے صدر جناب ساکیت ٹیکو ، اس میٹنگ کے دوران موجود تھے۔

*******

ش ح ۔اب ن

U-3917


(Release ID: 1713634) Visitor Counter : 237