بھارتی چناؤ کمیشن

جناب سشیل چندرا نے بھارت کے 24ویں اعلیٰ انتخابی کمشنر کی حیثیت سے ذمے داریاں سنبھالیں


بھارت کے انتخابی کمیشن نے جناب سنیل اروڑا کو الوداع کہا

Posted On: 13 APR 2021 3:30PM by PIB Delhi

نئی دہلی،  13 /اپریل 2021 ۔ جناب سشیل چندرا نے آج بھارت کے 24ویں نئے اعلیٰ انتخابی کمشنر کے طور پر اپنی ذمے داریاں سنبھال لی ہیں۔ انھوں نے جناب سنیل اروڑا کی جگہ لی ہے۔ جناب اروڑاکل یعنی 12 اپریل 2021 کو اپنی مدت کار مکمل کرنے کے بعد سبکدوش ہوئے تھے۔

 

 

 

جناب چندرا 15 فروری 2019 سے انتخابی کمیشن میں انتخابی کمشنر کے طور پر کام کررہے ہیں۔ وہ 18 فروری 2020 سے حدبندی کمیشن کے بھی رکن ہیں اور جموں و کشمیر کی حدبندی کا کام دیکھ رہے ہیں۔ محکمہ انکم ٹیکس میں تقریباً 39 برس تک مختلف عہدوں پر کام کرنے کے بعد جناب چندرا یکم نومبر 2016 سے 14 فروری 2019 تک راست ٹیکسوں کے مرکزی بورڈ (سی بی ڈی ٹی) کے چیئرمین بھی رہ چکے ہیں۔

سی بی ڈی ٹی کا چیئرمین رہنے کے دوران جناب چندرا نے اسمبلی انتخابات کے وقت غیرقانونی پیسے کا پتہ لگانے میں سرگرم رول ادا کیا۔ ان کی مسلسل نگرانی کے سبب ہی حالیہ اسمبلی انتخابات کے دوران نقدی، شراب، رائے دہندگان کو لبھانے کے لئے دیے جانے والے سامان اور نشیلی دواؤں کی بڑی مقدار میں ضبط کیا گیا تھا۔ انھوں نے مسلسل لالچ سے پاک انتخابات کے تصور پر زور دیا ہے، جو اس وقت ہورہے اور مستقبل میں ہونے والے انتخابی عمل کی نگرانی کا اہم جزو بن چکا ہے۔ خصوصی اخراجات مشاہدین کی تعیناتی کے ذریعے نگرانی کے مرکوز اور وسیع عمل، انتخابی اخراجات کی نگرانی کے عمل میں مختلف انفورسمنٹ ایجنسیوں کا رول بڑھانے، مشاہدین اور دیگر ایجنسیوں کے ذریعہ وسیع پیمانے پر اور وقفے وقفے سے کئے گئے جائزے ایسے ہی کچھ انتخابی بندوبست کے طریقے ہیں جن کو انھوں نے آگے بڑھایا ہے۔ نظام میں تبدیلی کے لئے فارم 26 کا چلن شروع کرنا بھی ان کی اس کوشش میں تعاون کی مثال ہے، جو اب انتخابات میں کاغذی کارروائی کا لازمی جزو بن گیا ہے۔ سی بی ڈی ٹی کے چیئرمین کے طور پر انھوں نے انتخابات سے قبل امیدواروں کے ذریعہ دیے گئے حلف نامے کی توثیق کے لئے خصوصی کوششیں کی تھیں۔ سال 2018 میں سی بی ڈی ٹی کا چیئرمین رہتے ہوئے جناب چندرا نے امیدواروں کے ان سبھی اثاثہ جات اور دین داریوں کی جانکاری دینے کے لئے ایک یکساں خاکہ تیار کرنے میں اہم رول ادا کیا، جن کی تفصیل امیدواروں کے حلف نامے میں نہیں دی جاتی۔ 2019 میں 17ویں لوک سبھا کے انتخابات کی اور آندھرا پردیش، اروناچل پردیش، اڈیشہ، سکم، ہریانہ، مہاراشٹر، جھارکھنڈ اور دہلی اسمبلی کے انتخابی عمل میں آئی ٹی اپلی کیشنز کا استعمال جناب چندرا کے کچھ انوکھے تعاون رہے ہیں۔

کووڈ چیلنجوں کے درمیان بہار، آسام، کیرالہ، پڈوچیری، تمل ناڈو اور مغربی بنگال اسمبلی انتخابات کا انعقاد کروانا اور نامزدگی کے عمل میں آن لائن کاغذات کا جمع کیا جانا، سینئر شہریوں، دویانگ جنوں، ضروری خدمات سے وابستہ اہل کاروں اور کووڈ سے متاثر افراد / مشتبہ مریضوں کے کچھ مخصوص زمروں کے لئے پوسٹل بیلٹ کا متبادل کیا جانا کچھ ایسی مثالیں ہیں جہاں جناب چندرا نے چیلنجوں کے باوجود مضبوط قوت ارادی کے ساتھ آگے بڑھ چڑھ کر کام کیا۔

انتخابی کمیشن خاندان نے 12 اپریل 2021 کو سبکدوش ہوئے اعلیٰ انتخابی کمشنر جناب سنیل اروڑا کو شاندار الوداعیہ دیا۔ ستمبر 2017 میں انتخابی کمیشن میں آنے کے بعد جناب اروڑا نے اپنے 43 ماہ اور سی ای سی کے طور پر تقریباً 29 ماہ کی مدت کار میں 2019 میں 17ویں لوک سبھا اور 25 اسمبلیوں کے انتخابات کا کامیابی کے ساتھ انعقاد کروایا۔

جناب اروڑا کو الوداعیہ دیتے ہوئے انتخابی کمشنر جناب راجیو کمار نے کمیشن میں جناب اروڑا کی مدت کار میں کئے گئے متعدد اقدامات کا ذکر کیا۔ ان میں سینئر شہریوں اور دویانگ ووٹروں کو پوسٹل بیلٹ کا متبادل دینا، انڈیا اے-ویب سینٹر کا قیام اور رضاکارانہ ضابطہ اخلاق شامل ہیں۔ انھوں نے کہا کہ اپنی مدت کار میں جناب اروڑا نے شمولیت پر مبنی اور قابل رسائی انتخابات کو یقینی بنانے پر خصوصی زور دیا۔ انھوں نے کہا کہ جناب اروڑا پورے انتخابی کمیشن کنبے کے لئے طاقت کا منبع بنے رہیں گے۔

جناب سنیل اروڑا نے اپنی تقریر میں کمیشن کے سبھی اراکین کا شکریہ ادا کیا اور مستقبل میں ہونے والے سبھی انتخابات کے کامیاب انعقاد کے لئے اپنی نیک خواہشات پیش کیں۔ انھوں نے کہا کہ ہر انتخاب اپنے آپ میں ایک الگ ہی طرح کا چیلنج ہوتا ہے، لیکن 17ویں لوک سبھا کے انتخابات کروانا اور کووڈ کی وبا کے دوران بہار اسمبلی کے انتخابات کرانا سب سے مشکل تھا۔ انھوں نے ان انتخابات کے کامیاب انعقاد میں مصروف کمیشن کے سبھی افسروں، عملہ کو ان کی سخت محنت اور بہترین منصوبہ بندی کے لئے مبارکباد بھی دی۔

 

******

 

ش ح۔ م م۔ م ر

U-NO. 3680

13.04.2021



(Release ID: 1711690) Visitor Counter : 222