امور داخلہ کی وزارت

لداخ کے 10 رکنی وفد نے آج مرکزی وزیر داخلہ جناب امت شاہ سے ملاقات کی


نمائندوں نے زبان ، ثقافت اور لداخ کی سرزمین کے تحفظ ، لداخ کے عوام کی اس کی ترقی میں شرکت کے حوالے سے اپنی تشویش کا اظہار کیا
جناب امت شاہ نے بتایا کہ وزیر اعظم جناب نریندر مودی جی کی قیادت میں مرکزی حکومت لداخ کی ترقی اور لداخ کی سرزمین اور ثقافت کے تحفظ کے تئیں پرعزم ہے

مرکزی وزیر داخلہ کی زیرصدارت منعقدہ میٹنگ میں فیصلہ کیا گیا کہ ان امور کے مناسب حل تلاش کرنے کے لئے مرکزی وزیر مملکت برائے داخلی امور جناب جی کشن ریڈی کی سربراہی میں ایک کمیٹی تشکیل دی جائے گی

کمیٹی میں آج مرکزی وزیر داخلہ سے ملاقات کرنے والے وفد کے ارکان ، لداخ سے منتخب ممبران ، ایل اے ایچ ڈی سی کونسل کے ممبران اور حکومت ہند اور لداخ انتظامیہ کی نمائندگی کرنے والے بہ لحاظ منصب ممبران شامل ہوں گے

Posted On: 06 JAN 2021 7:21PM by PIB Delhi

 

نئی دہلی ،06جنوری:

لداخ کے 10 رکنی ایک وفد نے آج مرکزی وزیر داخلہ جناب امت شاہ سے ملاقات کی۔ مشکل جغرافیائی حالات اور لداخ کی اسٹریٹجک اہمیت کے پیش نظر تمام نمائندوں نے زبان ، ثقافت اور لداخ کی سرزمین کے تحفظ ، لداخ کے عوام کی اس کی ترقی میں شرکت، روزگار کے تحفظ اور لداخ خطے میں ڈیموگرافی میں تبدیلیوں کے حوالے سے اپنی تشویش کا اظہار کیا۔ اس سلسلے میں ایل اے ایچ ڈی سی انتخابات سے قبل ایک احتجاجی مظاہرہ بھی کیا گیا تھا۔

مرکزی وزیر داخلہ جناب امت شاہ نے بتایا کہ وزیر اعظم جناب نریندر مودی جی کی قیادت میں مرکزی حکومت لداخ کی ترقی اور لداخ کی زمین اور ثقافت کے تحفظ کے تئیں پرعزم ہے۔ لداخ کو مرکز کے زیر انتظام خطے کا درجہ دے کر مودی سرکار نے لداخ کے عوام کے دیرینہ زیر التواء مطالبات کی تکمیل کے تئیں اپنی عہد بستگی ظاہر کی ہے۔

مرکزی وزیر داخلہ جناب امت شاہ کی زیر صدارت منعقدہ آج کی میٹنگ میں یہ فیصلہ کیا گیا کہ لداخ کی زبان ، لداخ کی ثقافت اور لداخ میں اراضی کے تحفظ سے متعلق امور کا ایک مناسب حل تلاش کرنے کے لئے داخلی امور کے وزیر مملکت جناب جی کشن ریڈی کی سربراہی میں ایک کمیٹی تشکیل دی جائے گی۔ کمیٹی میں آج مرکزی وزیر داخلہ سے ملاقات کرنے والے وفد کے ارکان ، لداخ سے منتخب ممبران ، ایل اے ایچ ڈی سی کونسل کے ممبران اور حکومت ہند اور لداخ انتظامیہ کی نمائندگی کرنے والے بہ لحاظ منصب ممبران شامل ہوں گے۔

اس کمیٹی کے ممبران وفد کے ارکان کی طرف سے ظاہر کئے گئے خدشات پر غور کریں گے تاکہ جلد از جلد اس کا حل تلاش کیا جا سکے اور اس بارے میں حتمی فیصلہ کرتے ہوئے اس کمیٹی کے خیالات کو بھی مدنظر رکھا جائے گا۔

******

م ن۔ ن ا۔ م ف

U.NO:163

 


(Release ID: 1686695) Visitor Counter : 217