کابینہ

کابینہ نے آکاش میزائل نظام کی برآمد کو منظوری دی اور برآمدات کی تیزی سے منظوری کے لئے ایک کمیٹی تشکیل دی

Posted On: 30 DEC 2020 5:06PM by PIB Delhi

 

نئی دہلی، 30 دسمبر 2020، آتم نربھر بھارت کے تحت، بھارت  مختلف   طرح کے دفاعی پلیٹ فارم اور میزائل تیار کرنے کی اپنی صلاحیتوں میں اضافہ کر رہا ہے۔ آکاش ملک کا ایک اہم میزائل ہے، جس کا 96 فیصد سے زیادہ حصہ ملک میں تیار کیا گیا۔

آکاش سطح سے ہوا میں مار کرنے والا ایک میزائل ہے جس کی مار کرنے کی صلاحیت 25 کلومیٹر تک ہے۔ یہ میزائل 2014 میں ہندوستانی فضائیہ اور 2015 میں ہندوستانی فوج میں شامل کیا گیا تھا۔

دفاعی خدمات میں شامل ہونے کے بعد، بین الاقوامی نمائشوں / ڈیف ایکسپو / ایرو انڈیا کے دوران کئی دوست ممالک نے آکاش میزائل میں دلچسپی دکھائی۔ کابینہ کی منظوری سے مختلف ممالک کی جانب سے جاری آر ایف آئی/ آر ایف پی میں حصہ لینے کے لئے ہندوستانی مینوفیکچروں کو مدد ملے گی۔

اب تک، ہندوستانی دفاعی برآمدات میں پرزے / حصے وغیرہ شامل تھے۔ بڑے پلیٹ فارموں کی برآمدات کم سے کم تھیں۔ کابینہ کا یہ اقدام ملک کو اپنی دفاعی مصنوعات کو بہتر بنانے اور انہیں عالمی سطح پر مسابقتی بنانے میں معاون ثابت ہوگا۔

آکاش کا برآمداتی ورژن اس وقت ہندوستانی مسلح افواج میں لگائے سسٹم سے مختلف ہوگا۔

آکاش کے علاوہ دوسرے بڑے پلیٹ فارمز جیسے کوسٹل سرویلنس سسٹم، رڈار اور ایئر پلیٹ فارموں میں بھی دلچسپی ظاہر کی جارہی ہے۔ ایسے پلیٹ فارموں کی برآمد کے لئے جلد منظوری فراہم کرنے کے لئے، ایک کمیٹی تشکیل دی گئی ہے جس میں رکشا منتری ، امور خارجہ کے وزیر اور قومی سلامتی کے مشیر شامل ہیں۔

یہ کمیٹی مختلف ممالک کے لئے بھارت میں تیار کئے جانے والے اہم پلیٹ فارموں کی بعد میں برآمدات کا اختیار دے گی۔ کمیٹی ایک حکومت سے دوسری حکومت کے ذریعہ خریداری سمیت مختلف دستیاب متبادل کا بھی پتہ لگائے گی۔

ہندوستانی حکومت 5 بلین امریکی ڈالر کی دفاعی برآمدات کا نشانہ حاصل کرنے اور دوست ممالک کے ساتھ اسٹریٹجک تعلقات کو بہتر بنانے کے لئے زیادہ قیمت والے دفاعی پلیٹ فارم کی برآمد پر توجہ مرکوز کرنا چاہتی ہے۔

۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

م ن۔ا گ۔ن ا۔

U-8529

                          

 



(Release ID: 1684809) Visitor Counter : 276