نائب صدر جمہوریہ ہند کا سکریٹریٹ

یہاں تک کہ آج کی طرح آزمائش کے دور میں بھی ہندوستان ان ممالک کی مدد کرنا نہیں بھولا جس کو مدد کی ضرورت تھی: نائب صدر


ہندستان کورونا وائرس کے خلاف عالمی لڑائی میں صف اول سے قیادت کر رہا ہے

کہا، ہم بھی ویکسین تیار کرنے کے لئے تحقیق کے ہراول دستے میں شامل ہیں

نائب صدر نے ہندوستانی شہریوں کو واپس لانے کے لئے وندے بھارت مشن کی تعریف کی

وبائی مرض کے دوران زیادہ تر ممالک باہمی تعاون کے جذبے کا مظاہرہ کر رہے ہیں: نائب صدر

گورننگ کونسل کے 18 ویں اجلاس اور انڈین کونسل آف ورلڈ افیئرز (آئی سی ڈبلیو اے) کی گورننگ باڈی کے 19 ویں اجلاس کو چنئی سے ورچوئل انداز میں خطاب کیا

آئی سی ڈبلیو اے سے عوام رخی زیادہ سرگرمیاں کرنے کو کہا

دنیا کے بارے میں ہندوستانی نظریات پیش کریں اور ہندوستان کی ترقی کی کہانی کے بارے میں دنیا کی تفہیم کو بڑھائیں: نائب صدر کی آئی سی ڈبلیو اے سے اپیل

Posted On: 02 DEC 2020 6:59PM by PIB Delhi

نائب صدر جمہوریہ جناب ایم وینکیا نائیڈو نے آج کووڈ۔ 19 وبائی مرض کی وجہ سے اپنی آبادی کی دیکھ بھال کرنے میں زبردست چیلنجوں کا سامنا کرنے کے باوجود دوسرے ضرورت مند ممالک کے لئے ہندوستان کی امداد بڑھانے پر خوشی کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ آزمائش کے اس دور میں ہندوستان ان ممالک کی مدد کرنا نہیں بھولا جنہیں ہماری صنعت کے ذریعہ تیار کردہ ادویہ سازی مصنوعات جیسے اشیاء کی مدد کی ضرورت ہے۔

نائب صدر نے انڈین کونسل آف ورلڈ افئیرس (آئی سی ڈبلیو اے) کی گورننگ کونسل کے 18 ویں اجلاس سے ورچوئل انداز میں خطاب کیا۔ آئی سی ڈبلیو اے کے صدر کی حیثیت سے اپنے ابتدائی ریمارکس میں جناب نائیڈو نے کہا کہ وبا سے نمٹنے کی عالمی کوششوں میں ہندوستان صف اول سے قیادت کر رہا ہے۔ انہوں نے مزید کہا ، "ہم بھی ایک ویکسین تیار کرنے کے لئے تحقیقی کوششوں کے ہروال دستے میں شامل ہیں اور جلد ہی اچھی خبر کی توقع رکھتے ہیں۔

نائب صدر نے کہا کہ وبا کی مدت کے دوران عام ہندوستانیوں کی زندگیوں کے ساتھ بین الاقوامی تعلقات اور خارجہ پالیسی کے رول اور مطابقت پر بہت زیادہ زور دیا گیا۔

جناب نائیڈو نے خاص طور پر وندے بھارت مشنوں کا حوالہ دیا جس کی وجہ سے بیرون ملک مقیم ہندوستانی شہری اپنے وطن واپس آ سکے اور انہوں نے اس عظیم کام کو مہارت سے سنبھالنے کے لئے متعلقہ محکموں اور ایجنسیوں کی تعریف کی۔

انہوں نے خواہش ظاہر کی کہ آئی سی ڈبلیو اے ایسی مزید عوام رخی سرگرمیاں انجام دے اور ملک بھر میں لوگوں تک پہنچے۔

یہ بتاتے ہوئے کہ کووڈ۔ 19 وبائی بیماری نے عملی طور پر کسی بھی ملک کو متاثر ہوئے بغیر نہیں چھوڑا ہے ، نائب صدر نے کہا کہ اس نے معاشروں اور معیشتوں کو مختلف طریقوں سے متاثر کیا ہے۔ یہ کہتے ہوئے کہ وبا نے ملکوں کی اچھائیوں اور خرابیوں کو ظاہر کیا ہے، جناب نائیڈو نے کہا ، "حالانکہ بیشتر نے باہمی تعاون کے جذبے کا اظہار کیا ہے ، لیکن کچھ اپنے تنگ مفادات کے حصول کے لئے ایک خول میں پیچھے ہٹ گئے ہیں"۔

یہ کہتے ہوئے کہ کونسل اس وبائی مرض کے علاقائی اور عالمی اثرات کے مطالعہ اور تجزیہ پر توجہ دے رہی ہے ، بین الاقوامی تعلقات جیسے معاملات پر اس کے اثرات پر جناب نائیڈو نے کہا کہ "گذشتہ آٹھ مہینوں میں ان یادگار تبدیلیوں نے کونسل کے تحقیقی کام میں نئی جہتوں کو شامل کیا ہے ''۔

نائب صدر نے اس بات پر خوشی کا اظہار کیا کہ آئی سی ڈبلیو اے نے وبا کے دوران ڈیجیٹل پلیٹ فارموں کا مکمل استعمال کیا ہے اور 50 سے زائد آن لائن پروگراموں اور ایونٹس کا انعقاد کیا ہے جن میں قومی و بین الاقوامی سیمینار اور کانفرنسیں ، غیر ملکی ہم منصبوں کے ساتھ ٹریک ٹو بات چیت میٹنگ ، علاقائی اور عالمی اجلاسوں میں شرکت اور ہندوستانی اور عالمی شراکت داروں کے ساتھ مفاہمت ناموں پر مجازی دستخط وغیرہ شامل ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ اس سے کونسل کو ہندوستان میں اولین خارجہ امور کے تھنک ٹینک کی حیثیت سے اپنی پوزیشن برقرار رکھنے اور مضبوط بنانے میں مدد ملی ہے۔

انہوں نے افریقی ممالک سے تعلق رکھنے والے متعدد پالیسی سازوں اور اسکالرز کے ساتھ مجازی طور پر حال میں منعقدہ دو روزہ مشاورت پر اطمینان کا اظہار کیا جو افریقہ سے متعلق قومی مشاورت کے دوران گذشتہ سال ان کی پیش کردہ تجویز کے مطابق تھا۔

انہوں نے اپنی سرگرمیوں کے ذریعہ ماہرین اور عام لوگوں دونوں میں بیداری پیدا کرنے کے لئے آئی سی ڈبلیو اے کی تعریف کی اور کونسل کو رہنمائی فراہم کرنے پر وزارت خارجہ کی تعریف کی۔

اجلاس میں وزیر خارجہ اور نائب صدر ، آئی سی ڈبلیو اے ڈاکٹر ایس جئے شنکر نے ہندوستانی یونیورسٹیوں میں ایریا اسٹڈیز کی ترقی پر نئی توجہ دینے پر زور دیا۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ مختلف ممالک اور جغرافیائی خطوں کے سماجی و سیاسی ، معاشی ، تاریخی اور ثقافتی خطوط کے بارے میں ہندوستان کے علمی افہام و تفہیم کو تقویت دینا نہ صرف بین الاقوامی امور اور خارجہ پالیسی کے بارے میں علم کی تخلیق کے لئے بلکہ مضبوط پالیسی سازی کے لئے بھی ضروری ہے۔

آئی سی ڈبلیو اے کے صدر کی حیثیت سے جناب نائیڈو کا یہ تیسرا کونسل اجلاس تھا۔ اس سے قبل انہوں نے آئی سی ڈبلیو اے کی گورننگ باڈی کے 19 ویں اجلاس کی بھی صدارت کی۔

ورچوئل اجلاس میں کونسل کے تین نائب صدور - ڈاکٹر ایس جئے شنکر ، وزیر برائے امور خارجہ ، جناب پی پی چودھری ، چئیرمین، قائمہ کمیٹی برائے خارجہ امور اور ڈاکٹر راجیو کمار، نیتی آیوگ کے وائس چیئرمین، نائب صدر کے سکریٹری جناب آئی وی سببا راو، ڈی جی، آئی سی ڈبلیو اے، ڈاکٹر ٹی سی اے راگھون اور گورننگ کونسل کے ارکان جس میں کئی ارکان پارلیمنٹ شامل ہیں، وغیرہ نے شرکت کی۔

 

******

م ن۔ ن ا۔ م ف

 U: 7756



(Release ID: 1677899) Visitor Counter : 172