بہت چھوٹی، چھوٹی اور درمیانی صنعتوں کی وزارت
کے وی آئی سی نے ڈیزائن اور فیشن کے معروف ماہر سنیل سیٹھی کو ایڈوائزر مقرر کیا ہے
Posted On:
25 SEP 2020 4:51PM by PIB Delhi
نئی دلّی ،26 ستمبر / کھادی اور ولیج انڈسٹری کمیشن ( کے وی آئی سی ) نے بھارت کی فیشن صنعت کی ممتاز شخصیت جناب سنیل سیٹھی کو اپنا ایڈوائزر مقرر کیا ہے ۔ جناب سیٹھی کمیشن کو ریڈیمیڈ ملبوسات کے جدید ڈیزائن کے ساتھ ساتھ بھارت اور بیرونِ ملک کھادی کو فروغ دینے کے لئے مشورہ دیں گے ۔
کے وی آئی سی کے ایک بیان کے مطابق جناب سیٹھی کی تقرری ایک سال کے لئے ہے ۔ اس سے پہلے معروف فیشن ڈیزائنر محترمہ ریتو بیری کے وی آئی سی کی ایڈوائزر کے طور پر کام کر چکی ہیں اور ان کی میعاد حال ہی میں ختم ہوئی ہے ۔
کے وی آئی سی نے کہا ہے کہ جناب سیٹھی کو عالمی سطح پر ملبوسات کا چار دہائی سے زیادہ کا تجربہ ہے ، جہاں انہوں نے بھارتی دست کاری ، ڈیزائن اور ٹیکسٹائل کی صنعت کو کئی اختراعات اور کامیاب اقدامات کے ساتھ قابلِ قدر تعاون کیا ہے ۔ فیشن ڈیزائن کونسل آف انڈیا کے چیئرمین کے طور پر ، جو 400 ڈیزائنرس کی نمائندگی کرتا ہے ، جناب سیٹھی بھارتی فیشن صنعت کو عالمی سطح پر پہنچانے کا کام کرتے رہے ہیں ۔
اُن کی تقرری کا خاص مقصد کھادی کا فیشن کی صنعت میں مقامی اور بین الاقوامی سطح پر پائیدار فروغ دینا ہے ۔ کے وی آئی سی نے عالمی پلیٹ فارم پر پہلے ہی اپنا اثر چھوڑا ہے ، جہاں سے ہمیں ہر موقع سے فائدہ اٹھانا چاہیئے ۔ کھادی کے دست کار بہترین کوالٹی اور دنیا میں انتہائی منفرد کپڑا تیار کرنے کے اہل ہیں ، جن میں نئے اور اختراعی ڈیزائن کے ساتھ کھادی عالمی صارفین کے زمرے میں انتہائی پسندیدہ برانڈ بن سکتی ہے ۔ یہ بات کے وی آئی سی کے چیئرمین جناب وینائی کمار سکسینہ نے کہی ۔
کے وی آئی سی نے کہا ہے کہ دلچسپ بات یہ ہے کہ یہ " لوکل ٹو گلوبل اور ووکل فار لوکل " کے لئے وزیر اعظم کی اپیل کے خطوط پر ہے ، جو بھارت کے مینو فیکچرنگ سیکٹر کے ضمن میں کہی گئی ہے ۔ یہ پیش رفت بھارت کی دست کاری مصنوعات کی مقبولیت اور صارفین کے تیزی سے فیشن پسند بننے کے پیشِ نظر کافی اہمیت کی حامل ہے ۔
کے وی آئی سی نے بتایا کہ جناب سیٹھی کے وی آئی سی کے ایڈوائزر مقرر کئے جانے سے پہلے ایچ ایچ ای سی ، نیشنل کرافٹ میوزیم اینڈ ہست کَلا اکیڈمی ، ٹیکسٹائل کی وزارت ، سیاحت کی وزارت اور کلچر کی وزارت جیسے مختلف سرکاری اداروں میں ایڈوائزر کے طور پر کام کر چکے ہیں ۔ وہ نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف فیشن ٹیکنا لوجی ( این آئی ایف ٹی ) کے بورڈ آف گورنر کے رکن بھی رہ چکے ہیں ۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
( م ن ۔ و ا ۔ ع ا ) (26-09-2020)
U. No. 5864
(Release ID: 1659325)
Visitor Counter : 133