صدر جمہوریہ کا سکریٹریٹ

جب پوری دنیا خلاء کو فوجی تسلط کے لئے استعمال کر رہی تھی ، ڈاکٹر سارا بھائی نے سوچا کہ بھارت کے لئے خلائی ٹیکنا لوجی تیز تر ترقی کے لئے ایک مناسب پلیٹ فارم ہے : صدر جمہوریہ رام ناتھ کووند

Posted On: 25 SEP 2020 1:51PM by PIB Delhi

 

نئی دلّی ،25 ستمبر / صدر جمہوریہ ٔ ہند جناب رام ناتھ کووند   نے کہا ہے  کہ ایسے میں جب  پوری دنیا  خلاء کو  فوجی تسلط کے لئے استعمال کر رہی  تھی ، ڈاکٹر سارا بھائی نے سوچا کہ   بھارت کے لئے  خلائی ٹیکنا لوجی  ، اِس کی انتہائی وسعت اور تنوع کے ساتھ تیز تر  ترقی  کے  لئے مناسب  پلیٹ فارم ہے ۔  وہ آج  خلاء  کے محکمے اور ایٹمی توانائی کے محکمے  کے ذریعے  منعقدہ  ڈاکٹر وکرم سارا بھائی  کے یومِ پیدائش کی صد  سالہ تقریبات کی الوداعی تقریب سے ویڈیو   پیغام کے ذریعے خطاب کر رہے تھے ۔

          ڈاکٹر وکرم سارا بھائی کو یاد کرتے ہوئے صدر جمہوریہ نے کہا کہ کچھ ایسے  لوگ ہوتے ہیں ، جن کی زندگی اور عمل  ہمارےجذبے کو   فروغ دیتے ہیں ۔  ڈاکٹر وکرم سارا بھائی ، جو بھارت کے  خلائی  پروگرام کے بانی ہیں ، اُن میں سے ایک ہیں ۔ وہ ایک   منکسر المزاج شخصیت تھے اور جنہیں   عظیم کامیابیاں حاصل ہوئیں ۔ وہ ایک عالمی درجے کے سائنس داں ، ایک پالیسی ساز    اور  ایک ادارے کے معمار   تھے ، جو  بہت کم  دیکھنے میں آتا ہے ۔ انہوں نے  یہ سب کچھ  نسبتاً کم وقت میں حاصل کیا   ۔ شاید وہ جانتے تھے کہ اُن کا  آخر قریب ہے ۔   بد قسمتی سے اُن کی زندگی   بہت جلد ختم ہو گئی ۔  ہم سوچتے  کہ اگر انہوں نے  ایک طویل  عمر تک ملک کی خدمت  کی ہوتی  تو بھارت کی  خلائی سائنس  آج کہاں تک پہنچ چکی ہوتی ۔

          صدر جمہوریہ نے کہا کہ ایک  سائنس داں کے طور پر ڈاکٹر سارا بھائی  صرف  مشاہدات   کو  نوٹ کرکے ہی  نہیں  رُک جاتے تھے ۔ وہ ہمیشہ   مختلف  سیاروں کے درمیان خلاء   کی  نیچر کو  بہتر  طور پر سمجھنے کے لئے تجرباتی اعداد و شمار  کے مضمرات   پر نظر رکھتے تھے ۔ 1947 ء اور 1971 ء کے درمیان انہوں نے  قومی اور بین الاقوامی سائنس جرنلز میں  85 ریسرچ پیپرس شائع کئے ۔

          صدر جمہوریہ نے کہا کہ ڈاکٹر سارا بھائی  ایک عظیم  عملی شخصیت تھے   ۔ انہوں نے  بھارت کے خلائی  پروگرام کو  دوسرے  خلاء میں  کام کرنے والے ملکوں کے خطوط پر  نہیں چلایا ۔ انہوں نے رفتہ رفتہ آگے بڑھنے  کے طریقۂ کار کی بجائے چھلانگ  لگاکر آگے بڑھنے کا راستہ اختیار کیا ۔  اُن کا کہنا تھا کہ بھارت جیسے ترقی پذیر  ملک کو  براہ راست  سیٹلائٹ مواصلات  میں شامل ہوجانا چاہیئے ۔  وہ ملک کی ترقی کے لئے  سیٹلائٹ نظام  کی افادیت  کا مظاہرہ کرنے  چاہتے تھے ۔  آج ہم  ایسے میں ، جب کہ  کووڈ – 19 وباء نے اسکولی تعلیم  میں رخنہ ڈالا ہے ، اُن کے  خواب کی اہمیت کو   سمجھ  سکتے ہیں ، جس میں ٖ فاصلاتی   ذرائع سے تعلیم کو جاری رکھا جا سکتا ہے ۔

          صدر جمہوریہ نے کہا کہ   حکومت نے ڈاکٹر سارا بھائی  کے یومِ پیدائش کی صد سالہ تقریبات کے دوران خلائی سیکٹر میں اصلاحات کا اعلان کرکے عظیم  سائنس داں کو  زبردست خراج عقیدت پیش کیا ہے ۔  ڈاکٹر سارا بھائی کہا کرتے تھے  کہ ہمیں  انسان اور سماج کے حقیقی مسائل کے لئے جدید  ٹیکنا لوجی کے استعمال میں  کسی سے بھی پیچھے نہیں رہنا چاہیئے  ۔ صدر جمہوریہ نے مزید کہا کہ جب بھارت  مزید آتم نربھر   بننے کی کوشش  کر رہا ہے ، ہمیں اُن کے الفاظ   کی اہمیت کا اندازہ ہوتا ہے ۔

 

۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

( م ن ۔ و ا ۔ ع ا )

U. No.  5845


(Release ID: 1659115) Visitor Counter : 187