نائب صدر جمہوریہ ہند کا سکریٹریٹ
غیر معمولی احتیاطی تدابیر کے درمیان پارلیمنٹ کا مانسون اجلاس شروع
راجیہ سبھا کے چیئرمین شری ایم وینکیا نائیڈو نے ارکان سے اپیل کی کہ وہ معنیٰ خیز بحث کریں اور اتفاق رائے سے قانون سازی کریں
چیئرمین نے تمام ارکان سے اپیل کی کہ وہ کاروائی کو بہ آسانی چلانے میں مدد کریں
چئیرمین نے ارکان سے کووڈ-19 وبا کو روکنے کے لئے رہنمائی فراہم کرنے کو کہا
جناب نائیڈو نے پیش پیش رہنے والے کووڈ-19 کے جانبازوں اور ریکارڈ غذائی اجناس کی پیداوار کے لئے کسانوں کی ستائش کی
چیئرمین نے کہا، راجیہ سبھا کمیٹیوں نے وبائی مرض پر 50 گھنٹوں سے زیادہ بحث کی
نئے / دوبارہ منتخب ارکان نے لیا حلف
پوسٹ کرنے کی تاریخ:
14 SEP 2020 6:02PM by PIB Delhi
کووڈ۔ 19 وبائی مرض کے تناظر میں غیر معمولی حفاظتی اقدامات کے درمیان پارلیمنٹ کے بہت زیادہ انتظار کئے جانے والے مانسون اجلاس کا آج آغاز ہوا۔ اس دوران راجیہ سبھا کے چیئرمین شری ایم وینکیا نائیڈو نے ممبروں پر زور دیا کہ وہ معنی خیز بحث کر کے اور اتفاق رائے سے قانون سازی کے ذریعہ وقت کا زیادہ سے زیادہ استعمال کریں۔
ہندوستانی پارلیمنٹ کی تاریخ میں پہلی بار راجیہ سبھا اور لوک سبھا ہال دونوں کو ایک ہی وقت میں ایک ایوان کی نششت کے لئے استعمال کیا جا رہا ہے تاکہ ممبران معاشرتی فاصلاتی اصولوں پر پوری طرح سے عمل پیرا ہوسکیں۔ راجیہ سبھا میں اب نہ صرف اس کا اپنا چیمبر اور گیلریز شامل ہیں بلکہ لوک سبھا کا چیمبر بھی شامل ہے۔
اپنے ابتدائی ریمارکس میں شری نائیڈو نے ایوان کے سامنے ٹھوس کاروباری ایجنڈے کی طرف اشارہ کیا اور تمام ممبروں سے اپیل کی کہ وہ کارروائی کو آسانی سے چلانے میں مدد کریں۔ نائیڈو نے انہیں یہ یاد دلانے کی کوشش کی کہ لوگوں کو وبائی مرض کی روک تھام ، معیشت کی بحالی اور معمول کی معاشرتی زندگی کی واپسی کے تعلق سے قابل قدر رہنمائی فراہم کرنے کے سلسلے میں ان سے بہت ساری توقعات وابستہ ہیں۔
مختصر اجلاس کے دوران صرف 18 نشستوں کے شیڈول کا حوالہ دیتے ہوئے جناب نائیڈو نے زور دیا کہ بنیادی توجہ قانون سازی اور کووڈ-19 وبا سمیت قوم سے متعلق امور پر بامقصد بات چیت کو یقینی بنانے پر ہونی چاہئے۔
ایک سو پچہتر دنوں کے وقفے کے بعد ارکان سے ملنے پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے انہوں نے مانا کہ کووڈ-19 وبائی بیماری تقریبا 100 سال قبل ہسپانوی فلو کے بعد سے انسانیت پر حملہ کرنے والی سب سے بڑی تباہی رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہندوستان دوسرا سب سے زیادہ آبادی والا ملک ہونے کے باوجود یہاں وبائی مرض کی وجہ سے ہونے والا نقصان انفیکشن اور شرح اموات کے لحاظ سے کم سے کم ہے۔
یہ کہتے ہوئے کہ کووڈ-19 وبائی مرض نے ایک نئے معمول کا تعین کیا ہے اور قوم اور معیشت کو شدید متاثر کیا ہے ، انھوں نے ڈاکٹروں ، نرسوں ، پولیس ، نیم فوجی دستوں ، سینیٹری ورکرز ، میڈیا اہلکاروں اور ضروری خدمات فراہم کرنے والوں سمیت صف اول کے جانبازوں کی جانب سے پیش کی جانے والی قابل ذکر خدمات کی تعریف کی۔ انہوں نے لاک ڈاون پابندیوں کے باوجود ریکارڈ پیداوار حاصل کرنے پر کاشتکاروں کی ستائش کی۔ انہوں نے اس امید کا بھی اظہار کیا کہ مستقبل قریب میں ایک ویکسین کے لئے سائنسدانوں کی کاوشیں ثمرآور ہوں گی۔
یہ بتاتے ہوئے کہ محکمہ سے متعلق قائمہ کمیٹیوں نے سفری پابندیوں میں آسانی کے بعد کام کرنا شروع کیا ہے ، جناب نائیڈو نے کہا کہ انہوں نے بین۔ اجلاس وقفے کے دوران وبائی مرض کے مختلف پہلوؤں اور اس کے اثرات کا جائزہ لیا۔ راجیہ سبھا کی اس طرح کی سات کمیٹیوں نے رواں سال جولائی سے اب تک 26 میٹنگیں منعقد کی ہیں اور مختلف امور پر تبادلہ خیال کرتے ہوئے مجموعی طور پر 56 گھنٹے اور 40 منٹ گزارے ہیں جن میں سے 50 گھنٹوں میں وبائی مرض کے مختلف پہلوؤں ، اس کے اثرات اور اس کی روک تھام پر تبادلہ خیال کیا گیا ہے۔
شری نائیڈو جنہوں نے گذشتہ ماہ اس ایوان کے چیئرمین کی حیثیت سے تین سال پورے کیے ، نے کہا کہ انہوں نے سکریٹریٹ کو ہدایت کی تھی کہ وہ اس ایوان کے قیام سے ہی اس کے کام کاج کے مختلف پہلوؤں پر تفصیلی تحقیق کریں۔
سال 1978 سے دستیاب اعداد و شمار کے ساتھ انہوں نے کہا کہ گذشتہ 25 سالوں میں ایوان کے کام کاج میں مسلسل کمی آ رہی ہے۔ تاہم ، اس تعلق سے خوش آئند بات بھی ہے۔ ایوان کے آخری تین سیشنوں کا مجموعی کام کاج 94.60٪ رہا ہے جو پچھلے پانچ سالوں میں لگاتار تین سیشنوں سے بہتر ہے۔ چیئرمین نے مزید کہا ، "مجھے پوری امید ہے کہ یہ 'نیا معمول' برقرار رہے گا۔
چیئرمین نے بتایا کہ راجیہ سبھا کی 8 محکمہ سے متعلق قائمہ کمیٹیوں کی حاضری پہلی بار 50فیصد سے تجاوز کرچکی ہے - جو 2019-20 (ستمبر 2019 تا مارچ ، 2020) کے دوران 50.73 فیصد ہے۔ یہ 2017-18 کے دوران 44.87فیصد تھی۔
یہ بتاتے ہوئے کہ غیر معمولی اوقات غیر معمولی اقدامات کا مطالبہ کرتے ہیں ، انہوں نے اس امید کا اظہار کیا کہ آزمائش کے ان اوقات پر صبر وتحمل ، نظم و ضبط اور عزم کے ساتھ قابو پا لیا جائے گا۔
راجیہ سبھا نے اپنے پہلے دن کا آغاز سہ پہر 3.00 بجے سے کیا۔ 15 نئے/ دوبارہ منتخب ارکان نے حلف لیا۔
کچھ ممبران نے مرحلہ وار دوبارہ کھولنے (انلاک 4) کے لئے 29 اگست ، 2020 کے وزارت داخلہ کے رہنما خطوط کا حوالہ دیتے ہوئے پورے مانسون اجلاس کے لئے غیر حاضری کی چھٹی طلب کی۔ ایوان کی منظوری کے ساتھ ان تمام ممبروں کو غیر حاضری کی چھٹی مل گئی۔
ہندی دیوس کے موقع پر چیئرمین نے کہا کہ تمام ہندوستانی زبانیں یکساں طور پر اہم ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہماری کوشش ہونی چاہئے کہ ہندی کے ساتھ ساتھ تمام ہندوستانی زبانیں بھی سیکھیں اور اس کو فروغ دیں۔
ایوان نے اپنا ڈپٹی چیئرمین منتخب کیا۔ شری ہریونش راجیہ سبھا کے 14 ویں ڈپٹی چیئرمین منتخب ہوئے ہیں۔ چیئرمین نے نومنتخب ڈپٹی چیئرمین کو مبارکباد دی اورانہیں اپنی نیک خواہشات پیش کیں۔
**************
م ن۔ن ا۔ م ف
(14-09-2020)
U: 5363
(ریلیز آئی ڈی: 1654335)
وزیٹر کاؤنٹر : 193