سٹرک ٹرانسپورٹ اور شاہراہوں کی وزارت
جناب نتن گڈکری کو 2030 کے مقررہ ہدف سے قبل 2025 تک ہر سال سڑک حادثات میں ہونے والی 1.5 لاکھ اموات کے نصف ہوجانے کا یقین
جناب گڈکری نے اراکین پارلیمنٹ کو سڑک پر حادثات کے اسباب کو دور کرنے کی تدابیر بتانے کے لئے ضلع کمیٹیوں کی قیادت کرنے کے لئے کہا، بہترین عالمی تدابیر نافذ کرنے کے ضمن میں مشورے بھی طلب کئے
پی پی پی موڈ کے توسط سے میونسپل، صوبائی اور قومی سطح پر عمدہ ٹرانسپورٹ نظام فروغ دینے کے لئے پالیسی اور ٹینڈر ماڈل تیار کرنے کے لئے ہدایات جاری کررہا ہوں: جناب گڈکری
جناب گڈکری نے سڑک تحفظ کے متعلق ویبینار سے خطاب کیا
Posted On:
08 SEP 2020 3:56PM by PIB Delhi
نئی دہلی، 8 /ستمبر 2020 ۔ سڑک نقل و حمل اور شاہراہوں اور ایم ایس ایم ای کے مرکزی وزیر جناب نتن گڈکری نے 2030 کے مقررہ ہدف سے قبل 2025 تک ہی سڑک حادثات کے سبب ہر سال ہونے والی تقریباً 1.5 لاکھ اموات کو روک کر نصف کرلینے کا اعتماد ظاہر کیا ہے۔ آج سڑک تحفظ کے موضوع پر منعقدہ ویبینار میں انھوں نے کہا کہ ہم سبھی حصص داروں بالخصوص ریاستی حکومتوں کے تعاون سے اس ہدف کو حاصل کرنے کے لئے تیزی سے کام کررہے ہیں۔
جناب گڈکری نے بتایا کہ ان کی وزارت نے ملک میں عمدہ ٹرانسپورٹ نظام سمیت سڑک حادثات کو کم کرنے کے لئے متعدد اقدامات کئے ہیں۔ انھوں نے بتایا کہ قومی شاہراہوں پر حادثات والی جگہوں پر حادثات کے اسباب کو دور کرنے کے لئے عالمی بینک اور ایشیائی ترقیاتی بینک (اے ڈی بی) دونوں 7000 کروڑ روپئے دستیاب کرارہے ہیں۔ انھوں نے بتایا کہ ہم نے قومی شاہراہوں پر حادثات والی جگہوں پر حادثات کے اسباب کی پہلے ہی نشان دہی کرلی ہے۔ ان اسباب کو دور کرنے کے لئے بھارت پہلے ہی 20000 کروڑ روپئے خرچ کرچکا ہے۔ اس سلسلے میں فوری تدابیر پر زور دیتے ہوئے انھوں نے بتایا کہ سڑک حادثات میں ہونے والی تقریباً 1.5 لاکھ اموات میں سے 53 ہزار اموات قومی شاہراہوں پر ہوتی ہیں۔ جناب گڈکری نے یہ بھی بتایا کہ تمل ناڈو ریاست میں عالمی بینک کی مدد سے ایک پروجیکٹ نافذ کرکے سڑک حادثات میں ہونے والی اموات کو 25 فیصد تک کم کردیا ہے۔
جناب گڈکری نے مختلف حصص داروں کے اہم رول کا اعتراف کرتے ہوئے کہا کہ ہمیں ان کے تعاون کی ضرورت ہے، خاص طور پر یونیورسٹیوں، تعلیمی اداروں، غیر سرکاری اداروں، ریاستی حکومتوں وغیرہ سے۔ انھوں نے بتایا کہ سڑک حادثات کم کرنے کے لئے حکومت نے ان سبھی حصص داروں کے لئے ایک بڑا رول تیار کیا ہے۔
جناب گڈکری نے ضلع سڑک کمیٹیوں کی صدارت کررہے اراکین پارلیمنٹ سے سڑکوں پر حادثات کے اسباب کا پتہ لگانے اور ان کے تدارک میں لگے رہنے کی اپیل کی۔ انھوں نے کہا کہ ریاست اور میونسپل کارپوریشن کی سڑکوں پر حادثات والی جگہوں کے اسباب کو پہچاننے کی ضرورت ہے۔ انھوں نے زور دے کر کہا کہ اس کام میں عوام، ریاستی حکومتوں، اراکین اسمبلی، اراکین پارلیمنٹ وغیرہ کا تعاون سب سے زیادہ اہم ہے۔
جناب گڈکری نے ملک میں سماجی بیداری اور تعلیم، ہنگامی خدمات میں بہتری، طبی سہولیات کے لئے دباؤ بڑھانے جیسے اقدامات کے ذریعے عوامی تحریک کی اپیل کی۔ انھوں نے سڑک تحفظ سے متعلق اہداف کے حصول کے لئے موٹر گاڑی کی صنعتوں سے تعاون کی بھی درخواست کی۔ انھوں نے موٹر وہیکل ایکٹ 2019 کا ذکر کیا، جو بھارت میں ٹرانسپورٹ شعبے کے سبھی پہلوؤں پر مشتمل ایک جامع قانون ہے۔
کووڈ کی وبا کی وجہ سے پیدا شدہ حالات کے پیش نظر جناب گڈکری نے پی پی پی موڈ پر ملک میں عمدہ سڑک ٹرانسپورٹ بنیادی ڈھانچے کی تعمیر کی ضرورت پر زور دیا۔ انھوں نے بتایا کہ وہ پی پی پی موڈ کے ذریعے میونسپل، صوبائی اور قومی سطح پر عمدہ ٹرانسپورٹ نظام کو فروغ دینے کے لئے پالیسی اور ٹینڈر ماڈل تیار کرنے کے لئے ہدایات جاری کررہے ہیں۔ اس موقع کے لئے انھوں نے سبھی حصص داروں سے مشورے طلب کئے ہیں، تاکہ ملک میں ایک ایسا نظام قائم کیا جاسکے جس میں دنیا میں برتے جانے والے بہترین طور طریقوں کو شامل کیا گیا ہو۔
******
م ن۔ م م۔ م ر
U-NO. 5191
(Release ID: 1652527)
Visitor Counter : 118