وزیراعظم کا دفتر

وزیراعظم نریندر مودی اور ماریشس کے وزیراعظم پروند جگناتھ ماریشس کے سپریم کورٹ کی نئی عمارت کا مشترکہ  طور پر افتتاح کریں گے

Posted On: 28 JUL 2020 7:15PM by PIB Delhi

نئی دہلی،28؍جولائی،  وزیراعظم نریندر مودی اور ماریشس کے وزیراعظم پروند جگناتھ جمعرات 30 جولائی 2020 ماریشس کے سپریم کورٹ کی نئی عمارت کا مشترکہ طور پر افتتاح کریں گے۔ افتتاح کی یہ  تقریب ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعے  ماریشس کی عدلیہ کے سینئر  ارکان  اور  دونوں ملکوں کی  دیگر اہم شخصیات کی موجودگی میں منعقد ہوگی۔ یہ عمارت  بھارتی  مدد  سے تعمیر کی گئی ہے اور یہ  کووڈ  کے بعد  راجدھانی  پورٹ لوئی  میں  پہلا  بنیادی ڈھانچے کا پروجیکٹ ہے، جسے بھارت نے مدد  فراہم کی ہے۔

سپریم کورٹ کی نئی عمارت کا پروجیکٹ، ان پا نچ پروجیکٹوں میں سے ایک ہے جن پر  353 ملین  کے خصوصی  اقتصادی پیکج کے تحت  حکومت ہند  نے  2016  میں ماریشس کو  امداد فراہم کی تھیں۔ یہ پروجیکٹ مقررہ وقت میں مکمل کرلیا گیا اور اس پر لاگت بھی  تخمینے سے کم آئی ہے۔ یہ عمارت  4 ہزار 700  مربع  میٹر  میں پھیلی ہوئی ہے اور  اس میں 10 سے زیادہ منزلیں ہیں، جس میں تقریبا   25 ہزار  مربع میٹر تعمیر  شدہ رقبہ ہے۔ اس عمارت کا ڈیزائن جدید  قسم کا ہے اور  ماحول دوست  نیز  گرمی سے  بچنے والی خاصیتوں کا خیال رکھا گیا ہے۔ اس عمارت میں  باہر  کی آوازیں بھی نہیں  آتیں اور اس میں توانائی  کی بچت  کا خیال بھی رکھا گیا ہے۔

 اکتوبر 2019  میں وزیراعظم مودی اور ماریشس کے وزیراعظم نے میٹرو ایکسپریس پروجیکٹ کے پہلے مرحلے اور ماریشس میں ای این ٹی اسپتال کے نئے پروجیکٹ کا مشترکہ طور پر افتتاح کیا تھا۔ یہ پروجیکٹ بھی خصوصی اقتصادی پیکج کے تحت تعمیر کیا گیا ہے۔ میٹرو ایکسپریس کے پہلے مرحلے کے تحت اس پروجیکٹ کی تعمیر پچھلے ستمبر میں مکمل کی گئی تھی۔ اس پروجیکٹ کے تحت 12 کلو میٹر کی میٹرو لائن تعمیر کی گئی تھی  جب کہ اس کے دوسرے مرحلے میں 14 کلو میٹر کی میٹرو لائن پر کام جاری ہے۔ ای این ٹی ا سپتال کے پروجیکٹ کے ذریعے  بھارت نے  ماریشس میں  جدید قسم کے ای این ٹی اسپتال کی تعمیر میں مدد دی ہے ، یہ اسپتال 100 بستروں پر مشتمل ہے۔

 سپریم کورٹ کی نئی عمارت کے بارے میں امید ہے کہ  یہ  شہر کے وسط میں ایک اہم  سنگ میل ہوگی ، جو  دونوں ملکوں کے درمیان مضبوط دو طرفہ تعلقات کی علامت ہوگی۔

 

۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

(م ن-   اس- ق ر)

(29-07-2020)

U-4202


(Release ID: 1641992) Visitor Counter : 226