ریلوے کی وزارت

انڈین ریلویز نے محفوظ سفر کو یقینی بنانے کے لئے پوسٹ کووڈ کوچ بنایا


ریل کوچ فیکٹری کپورتھلا نے کووڈ-19 سے لڑنے کے لئے ایک پوسٹ کووڈ کوچ ڈیزائن کیا ہے

پوسٹ کووڈ کوچ میں ہینڈ فری سہولتوں کے علاوہ کاپر کوٹیڈ ہینڈ ریلس لیچیز، پلازما ایئر پیوری فکیشن اور ٹٹینیم ڈائی آکسائیڈ کوٹنگ بھی ہے

Posted On: 14 JUL 2020 2:26PM by PIB Delhi

 

نئی دہلی،  14/جولائی 2020 ۔ انڈین ریلویز نے کووڈ-19 وائرس کو پھیلنے سے روکنے کے لئے متعدد اقدامات کرنے کے ساتھ کئی قابل ذکر تدابیر بھی کی ہیں۔ کووڈ-19 کے خلاف لڑائی کو زور و شور سے مسلسل جاری رکھتے ہوئے انڈین ریلویز کی پروڈکشن اکائی ریل کوچ فیکٹری، کپورتھلا نے ’پوسٹ کووڈ کوچ‘ یعنی کووڈ کے دور کے بعد کا کوچ تیار کیا ہے۔ کورونا کے دور کے بعد کے اس کوچ کی ڈیزائننگ میں بہتری لاتے ہوئے کووڈ سے پاک سفر کے لئے کوچ میں ہینڈ فری سہولتوں کے علاوہ کاپر کوٹیڈ ہینڈ ریلس اور لیچیز، پلازما ایئر پیوری فکیشن اور ٹٹینیم ڈائی آکسائیڈ کوٹنگ کا بھی التزام کیا گیا ہے۔

پوسٹ کووڈ کوچ کی درج ذیل خصوصیات ہیں:

  1. ہینڈ فری سہولتیں:

پوسٹ کووڈ کوچ میں متعدد ہینڈ فری سہولتیں ہیں، جیسے کہ پیر سے چلنے والا پانی کا نل اور صابن نکالنے کی مشین، پیر سے چلنے والا بیت الخلاء کا دروازہ (باہر)، پیر سے چلنے والا فلش والو، پیر سے چلنے والی بیت الخلاء کے دروازے کی چٹخنی، بیت الخلاء کے باہر واقع واش بیسن میں پیر سے چلنے والا پانی کا نل اور صابن نکالنے کی مشین نیز ڈبے کے دروازے پر بانہہ سے چلنے والا ہینڈل۔ مطلب یہ کہ ان میں سے کسی کو بھی ہاتھ سے چھونے کی ضرورت نہیں ہوگی۔

  1. کاپر کوٹیڈ ریلینگ اور چٹخنی:

پوسٹ کووڈ کوچ میں کاپر یعنی تانبے کی قلعی  والی ریلینگ اور چٹخنیاں لگائی گئی ہیں، کیونکہ تانبے کے رابطے میں آنے والا وائرس کچھ ہی گھنٹوں میں غیرفعال ہوجاتا ہے۔ تانبے میں اینٹی مائیکروبیل خصوصیات ہوتی ہیں۔ جب تانبے کی سطح پر وائرس آتا ہے تو آین پیتھوجین (مرض پیدا کرنے والا) کو زور کا دھچکا دیتا ہے اور وائرس کے اندر واقع ڈی این اے اور آر این اے کو تباہ کردیتا ہے۔

  1. پلازما ایئر پیوری فکیشن:

پوسٹ کووڈ کوچ میں اے سی پائپ میں پلازما ایئر ایکوائپمنٹ لگا ہوتا ہے۔ یہ پلازما ایئر ایکوائپمنٹ آین سے لیس ہوا کا استعمال کرکے اے سی کوچ کے اندر کی ہوا اور سطحوں کو جراثیم سے پاک کردے گا اور اس طرح سے کوچ یا ڈبے کو کووڈ -19 اور پارٹیکولیٹ میٹر ریسسٹینٹ بنادے گا۔ یہی نہیں اس سہولت سے آین کنسنٹریشن 100 آین فی معکب سینٹی میٹر سے بڑھ کر 6000 سے زیادہ آین فی معکب سینٹی میٹر ہوجائے گا۔

  1. ٹٹینیم ڈائی آکسائڈ کوٹنگ:

پوسٹ کووڈ کوچ میں ٹٹینیم ڈائی آکسائڈ کوٹنگ کی سہولت ہے۔ نینو ڈھانچے والی ٹٹینیم ڈائی آکسائڈ کوٹنگ دراصل فوٹو ایکٹیو سامان کی شکل میں کام کرتی ہے۔ یہ ماحول کے مطابق پانی پر مبنی  کوٹنگ (قلعی) ہے جو وائرس، بیکٹیریا، پھپھوند اور فنگس کو تباہ کرکے انھیں پنپنے نہیں دیتی ہے اور سب سے اہم بات یہ ہے کہ یہ اندر کی ہوا کو بہتر بنادیتی ہے۔ یہ زہریلی نہیں ہے اور اسے ریاست ہائے متحدہ امریکہ کے فوڈ اینڈ ڈرگ ایڈمنسٹریشن (ایف ڈی اے) کے فوٹ ٹیسٹنگ لیب کے ذریعے منظوری حاصل ہے اور یہ سی ای سرٹیفائیڈ ہے۔ ٹٹینیم ڈائی آکسائیڈ کو ایک محفوظ مادہ مانا جاتا ہے اور یہ انسان کے لئے نقصان دہ نہیں ہے۔ یہ ٹٹینیم ڈائی آکسائیڈ کوٹنگ، واش بیسن، بیت الخلاء، سیٹوں اور برتھ، اسنیک ٹیبل، گلاس ونڈو، فرش سمیت ہر اس سطح پر کی گئی ہے جہاں لوگوں کا ہاتھ لگ جاتا ہے۔ یہ کوٹنگ 12 مہینے تک مؤثر رہتی ہے۔

******

م ن۔ م م۔ م ر

U-NO. 3898



(Release ID: 1638614) Visitor Counter : 273