امور داخلہ کی وزارت

این سی ایم سی نے سمندری طوفان ‘نسرگ’ کی تیاریوں کا جائزہ لینے کے لیے دوبارہ میٹنگ بلائی

Posted On: 02 JUN 2020 6:26PM by PIB Delhi

نئی دہلی،2 جون، 2020،           کابینہ سکریٹری جناب راجیو گوابا نے آفات کے بندوبست کی قومی کمیٹی (این سی ایم سی) کی دوسری میٹنگ کی صدارت کی۔ یہ میٹنگ سمندری طوفان ‘‘نسرگ’’سے نمٹنے کے لیے مرکزی وزارتوں / ایجنسیوں کی تیاریوں کا جائزہ لینے کے لیے بلائی گئی تھی۔

 بھارت کے محکمہ موسمیات (آئی ایم ڈی) نے کہا تھا کہ شدید سمندری طوفان کے 3 جون کی شام/ سہ پہر مہاراشٹر کے ساحل سے ٹکرانے کا امکان ہے۔ اندیشہ ہے کہ 100 سے 110 کلو میٹر فی گھنٹے کی رفتار سے چلنے والی ہوائیں جو 120 کلو میٹر فی گھنٹہ تک جاسکتی ہیں ۔ اور جن کے ساتھ زبردست بارش اور طوفان ہوگا جس کے تحت ایک دو میٹر اونچی لہریں اٹھیں گی، ریاست میں ساحلی اضلاع سے ٹکرائے گا۔

امکان ہے کہ یہ طوفان مہاراشٹر میں ساحلی اضلاع رائے گڑھ ، ممبئی ، تھانے  اور پال گھر کے ساتھ گجرات میں ولساڑ، نوساری، سورت، بھاؤنگر اور بھروچ اضلاع نیز دمن ، دادر اور نگر حویلی کو متاثر کرے گا۔

ریاستی حکومتوں / مرکز کے زیر انتظام علاقوں کے افسران نے این سی ایم سی کو اُن اقدامات سے آگاہ کیا جو انھوں نے طوفان کی تیاری کے سلسلے میں کیے ہیں۔ انھوں نے یہ یقین بھی دلایا کہ ان کے پاس ضروری اشیا کا وافر مقدار میں ذخیرہ موجود ہے۔ اور یہ کہ تمام ایمرجنسی خدمات کو تیاری کی حالت میں رکھا گیا ہے۔ ٹیلی کام کے محکمے کی طرف سے فراہم کردہ ایس ایم ایس کی بڑی سہولت کو ان باشندوں کو خبردار کرنے کے لیے استعمال کیا جارہا ہے جن کے سمندری طوفان سے متاثر ہونے کا امکان ہے۔ اس کے علاوہ لوگوں کو بچاکر نکالنے کی کارروائی کا سلسلہ بھی جاری ہے۔

ریاستوں/ اور مرکز کے زیر انتظام علاقوں میں این ڈی آر ایف نے 40 ٹیموں کو تعینات کیا ہے اور فاضل ٹیمیں بھی فضائی راستے سے لائی جارہی ہیں۔فوج ا ور بحریہ کی بچاؤ اور امدادی ٹیموں کو بحریہ اور فضائیہ کے جہازوں اور طیاروں کے ساتھ  تیاری کی حالت میں رکھا گیا ہے۔ ساحلی گارڈ کی کشتیوں کو سمندر میں ماہی گیروں کو بچاکر نکالنے کے کام میں پہلے ہی لگا دیا گیا ہے۔

ریاستی اور مرکزی ایجنسیوں کی تیاریوں کا جائزہ لیتے ہوئے کابینہ سکریٹری نے ہدایت کی کہ طوفان کے راستے میں پڑنے والے نشیبی علاقوں سے لوگوں کو نکالنے کی کارروائی مکمل کرنے کے لیے تمام ضروری اقدامات  کیے جائیں اور اس بات کو یقینی بنایا جائے کہ تمام ماہی گیروں کو سمندر سے واپس لے آیا جائے۔اس بات کو بھی یقینی بنانے کی خصوصی کوششیں کی جائیں کہ کووڈ کے مریضوں کے سلسلے میں ضروری طبی خدمات میں خلل نہ پڑے۔ ایجنسیوں کو یہ ہدایت بھی دی گئی کہ وہ ہنگامی منصوبوں پر کام کرتی رہیں تاکہ اس بات کو یقینی بنایا جاسکے کہ  بجلی ، ٹیلی مواصلات، نیو کلیئر کیمیکل، ہوابازی اور جہاز رانی کے بنیادی ڈھانچے اور اثاثوں کی پوری حفاظت ہوسکے۔

مہاراشٹر اور گجرات کے ایڈیشنل چیف سکریٹریوں، دادر اور نگر حوالی اور دمن اور دیو کے ایڈمنسٹریٹر کے مشیر نے  ویڈیو کانفرنس کے ذریعے میٹنگ میں شرکت کی۔ امور داخلہ ، جہاز رانی ، بجلی ، ریلوے ، ٹیلی مواصلات، پیٹرولیم اور قدرتی گیس ، ایٹمی توانائی، کیمیکلز اور پیٹرو کیمیکلز، شہری ہوا بازی، صحت کی وزارتوں نیز آئی ایم ڈی، آئی ڈی ایس، این ڈی ایم اے اور این ڈی آر ایف کے سینئر افسران نے بھی میٹنگ میں شرکت کی۔

ابھرتی ہوئی صورت حال کا جائزہ لینے کے لیے این سی ایم سی کی میٹنگ پھر ہوگی۔

****************

م ن۔ اج ۔ ر ا

U:2996



(Release ID: 1628989) Visitor Counter : 132