وزارت خزانہ
محترمہ نرملا سیتا رمن نے مالی استحکام اور ترقیاتی کونسل (ایف ایس ڈی سی) کی 22ویں میٹنگ کی صدارت کی
Posted On:
28 MAY 2020 5:42PM by PIB Delhi
نئی دہلی، 28 مئی 2020 ۔ خزانہ اور کارپوریٹ امور کی مرکزی وزیر محترمہ نرملا سیتا رمن نے آج نئی دہلی میں مالی استحکام اور ترقیاتی کونسل (ایف ایس ڈی سی) کی 22ویں میٹنگ کی صدارت کی۔
اس میٹنگ میں خزانہ اور کارپوریٹ امور کے وزیر مملکت جناب انوراگ ٹھاکر اور ریزرو بینک آف انڈیا کے گورنر جناب شکتی کانت داس نے شرکت کی۔ ان کے علاوہ جناب اجے بھوشن پانڈے، فائیننس سکریٹری / سکریٹری محکمہ محصولات، جناب ترون بجاج، سکریٹری محکمہ اقتصادی امور، جناب دیباشیش پانڈا، سکریٹری محکمہ مالی خدمات، جناب اجے پرکاش ساہنی، سکریٹری وزارت الیکٹرانکس و اطلاعاتی ٹیکنالوجی، جناب انتیجی سری نواس، سکریٹری وزارت کارپوریٹ امور، ڈاکٹر کرشنا مورتی وی۔ سبرامنین، اعلیٰ اقتصادی مشیر، جناب اجے تیاگی، چیئرپرسن سکیورٹیز اینڈ ایکسچینج بورڈ آف انڈیا (ایس ای بی آئی)، جناب سبھاش چندر کھونٹیا، چیئرپرسن انشورینس ریگولیٹری اینڈ ڈیولپمنٹ اتھارٹی آف انڈیا (آئی آر ڈی اے آئی)، جناب سبراتم بندواپادھیائے، چیئرپرسن پنشن فنڈ فنڈ ریگولیٹری اینڈ ڈیولپمنٹ اتھارٹی (پی ایف آر ڈی اے) اور ڈاکٹر ایم ایس ساہو، چیئرپرسن انسالوینسی اینڈ بینکرپٹسی بورڈ آف انڈیا (آئی بی بی آئی) اور حکومت ہند نیز مالی شعبے کے ریگولیٹروں کے دیگر سینئر افسران بھی میٹنگ میں موجود تھے۔
میٹنگ کے دوران موجودہ عالمی اور گھریلو وسیع تر اقتصادی صورت حال، مالی استحکام اور کمزوریوں سے متعلق امور، بینکوں اور دیگر مالی اداروں کو درپیش اہم معاملات کے ساتھ ساتھ ریگولیٹری اور پالیسی جاتی تدابیر، این بی ایف سی / ایچ ایف سی / ایم ایف آئی کی لیکویڈٹی / دیوالیہ پن سے متعلق امور نیز دیگر متعلقہ امور کا جائزہ لیا گیا۔ اس کے علاوہ کونسل کی میٹنگ کے دوران بازار میں اپنے استحکام، گھریلو سطح پر وسائل جمع کرنے اور سرمائے کی آمد سے متعلق امور پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔
کونسل نے یہ بات نوٹ کی کہ کووڈ-19 کی وبا سے متعلق بحران عالمی مالی نظام کے استحکام کے لئے ایک سنگین خطرہ ہے، کیونکہ بحران کا ممکنہ حتمی اثر اور معیشت میں بہتری کے آغاز کا وقت فی الحال غیریقینی ہے۔ ویسے تو اس وبا کے منفی اثرات کو قابو میں رکھنے کے مقصد سے کئے گئے فیصلہ کن مالی اور خزانے کے امور سے متعلق فیصلہ کن اقدامات سے مختصر مدت میں سرمایہ کاروں کے جذبے میں استحکام آیا ہے، تاہم حکومت اور سبھی ریگولیٹرس کے ذریعے مالی صورت حال پر مسلسل چوکس نگاہ رکھنے کی ضرورت ہے، جو وسط مدتی اور طویل مدتی مالی کمزوریوں کو سامنے لاسکتی ہے۔ حکومت اور ریگولیٹرس کی کوشش مالی بازاروں میں بدنظمی کے طویل دور سے بچنے پر مرکوز ہیں۔
کونسل نے معیشت میں نئی جان پھونکنے میں مدد کرنے کے لئے حالیہ مہینوں میں حکومت اور ریگولیٹرس کے ذریعے کئے گئے متعدد اقدامات کو نوٹ کیا۔ حکومت اور آر بی آئی نے مالی نقصان کو پہلے سے ہی محدود رکھنے کے لئے متعدد فسکل اور مانیٹری اقدامات کا اعلان کیا ہے اور وہ آگے بھی مالی اداروں کی لیکویڈٹی اور سرمایے سے متعلق ضرورتوں کی تکمیل کا سلسلہ جاری رکھیں گے۔
کونسل نے ایف ایس ڈی سی کے ذریعے پہلے کئے گئے فیصلے پر اراکین کی جانب سے اٹھائے گئے اقدامات کا بھی جائزہ لیا۔
******
م ن۔ م م۔ م ر
U-NO. 2858
(Release ID: 1627518)
Visitor Counter : 220