امور داخلہ کی وزارت

این سی ایم سی نے تیاری کا جائزہ لیا جو کہ زبردست سمندری طوفان ‘امفان’ 20 مئی 2020 کو دستک دینے والا ہے

Posted On: 18 MAY 2020 10:08PM by PIB Delhi

نئی دہلی،18 مئی، 2020، کابینہ سکریٹری جناب راجیو گوابا کی صدارت میں  بحران کے بندوبست سے متعلق قومی کمیٹی (این سی ایم سی) کی آج دوسرے دن  بھی میٹنگ ہوئی جس کا مقصد زبردست سمندری طوفان (امفان) سے نمٹنے کے لیے ریاستوں اور مرکزی وزارتوں / ایجنسیوں کی تیاریوں  کا جائزہ لینا تھا۔

بھارت کے محکمہ موسمیات (آئی ایم ڈی) نے مطلع کیا ہے کہ زبردست سمندری طوفان کے 20 مئی کو تیسرے پہر / شام مغربی بنگال کے ساحل سے ٹکرانے کا امکان ہے۔ اس کے تحت156 سے 165 کلو میٹر کی رفتار سے ہوائیں چلیں گی جو 185 کلو میٹر فی گھنٹے تک جاسکتی ہیں جن کے زیر اثر زبردست بارش ہوگی، بارش کے ساتھ ہواؤں کے جھکڑ چلیں گے اور ریاست کے ساحلی اضلاع میں زبردست طوفان آسکتا ہے۔

اس طوفان کے زیر اثر اڈیشہ  کے ساحلی اضلاع جگت سنگھ پور، کیندر پاڑا، بھدرک، جاج پور اور بالاسور اور مغربی بنگال میں مشرقی مدناپور، جنوبی اور شمالی 24 پرگنہ، ہاوڑہ، ہگلی اور کولکاتہ متاثر ہوں گے۔

متعلقہ ریاستوں کے افسران نے این سی ایم سی کو ان کی طرف سے کیے گئےتیاری اقدامات سے واقف کرایا۔ انھوں نے یہ یقین بھی دلایا کہ ان کے پاس وافر مقدار میں غذائی اناج، پینے کا پانی اور دیگر ضروری اشیا نیز خدمات فراہم ہیں۔

این ڈی ایف نے اڈیشہ اور مغربی بنگال میں 26 ٹیمیں تعینات کی ہیں اور مزید ٹیمیں ا ن ریاستوں کی طرف بھیجی جارہی ہیں۔ یہ ٹیمیں کشتیوں،پیڑ کاٹنے والے اوزاروں اور ٹیلی کام سامان کے ساتھ آراستہ ہیں۔فوج اور بحریہ کی بچاؤ اور امدادی ٹیموں کو بحریہ، فضائیہ اور کوسٹ گارڈکی کشتیوں اور طیاروں کے ساتھ چوکس حالت میں رکھا گیاہے۔

ریاستوں اور مرکزی ایجنسیوں کی تیاریوں کا جائزہ لیتے ہوئے کابینہ سکریٹری نے ہدایت کی کہ سمندری طوفان کے راستے میں نشیبی علاقوں سے لوگوں کو بچا کر پوری طرح نکالنے کے تمام ضروری اقدامات کیے جائیں اور ضروری سامان مثلاً خوراک، پینی کے پانی اور داؤوں کا وافرمقدار میں  اسٹاک قائم رکھا جائے۔ ایجنسیوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ بجلی اور مواصلاتی خدمات میں رکاوٹ نہ پیدا ہونے دیں۔ سمندری طوفان کے علاقے کے لوگوں کو خبردار کرنے کے لیے ایس ایم ایس کی مفت سہولت اور سرکل کے اندر رومنگ کی سہولت فراہم کی جائے گی۔

اڈیشہ کے چیف سکریٹری  اور مغربی بنگال کے پرنسپل سکریٹری  نے ویڈیو کانفرنس کے ذریعے میٹنگ میں شرکت کی۔وزارت داخلہ ، وزارت دفاع ، جہاز رانی کی وزارت، بجلی اور ٹیلی مواصلات کی وزارت ، صحت کی وزارت ، آئی ایم ڈی، این ڈی ایم اے اور این ڈی آر ایف کے سینئر افسران نے بھی میٹنگ میں شرکت کی۔

این سی ایم  سی کی کل پھر میٹنگ ہوگی جس میں ابھر کرآنے والی صورتحال کا جائزہ لیا جائے گا۔

****************

م ن۔ اج ۔ ر ا

U:2621



(Release ID: 1625099) Visitor Counter : 127