وزارت دفاع

کووڈ -19 کے خلاف نبردآزمائی میں بھارتی فضائیہ کا تعاون

Posted On: 27 APR 2020 6:19PM by PIB Delhi

نئی دہلی ،27؍اپریل2020: بھارتی فضائیہ(آئی اے ایف) جاری نوول کورونا وائرس وبائی مرض کے دوران حکومت ہند کی ابھرتی ہوئی ضروریات کی تکمیل کے لئے کی جارہی کوششوں میں اپنا تعاون دینے کے لئے آگے آئی ہے۔ بھارتی فضائیہ ملک کے اندر طبی عملے سمیت ضروری ادویہ کی سپلائی اور راشن وغیرہ کی بہم رسانی میں مصروف ہے، تاکہ ریاستی حکومتوں اور معاون ایجنسیوں کو اس چھوت سے مؤثر طور پر نمٹنے میں مدد دے سکے۔

25 اپریل 2020 کو بھارتی فضائیہ نے میزورم میں لینگ پوئی ہوائی اڈے پر لینڈ کیا اور اس نقل و حمل طیارے میں کووڈ-19 سے نمٹنے کےلئے 22ٹن طبی سازو سامان یہاں پہنچایا۔ یہ سپلائی حکومت میزورم اور میگھالیہ کے لئے تھی۔ تاحال بھارتی فضائیہ نے مجموعی طورپر 600 ٹن طبی سازو سامان اور امدادی اشیاء پہنچائی ہیں۔

مسلح دستوں کی طبی خدمات(اے ایف ایم ایس) کی 15 رکنی ٹیم  11اپریل 2020 کو کوویت بھیجی گئی ہے۔ یہ ٹیم حکومت ہند کو مملکت کوویت کی جانب سے موصول ہونے والی درخواست کے تحت ارسال کی گئی ہے۔اپنا کام مکمل کرنے کے بعد اس ٹیم کو بھارتی فضائیہ کا سی- 130 طیارہ 25 اپریل 2020 کو کوویت سے واپس لایا ہے۔ واپسی کے سفر کے دوران کینسر سے جوجھ رہی ایک چھ سالہ بچی کو جسے فوری طورپر ہنگامی حالات میں کی جانے والی سرجری درکار تھی، اسے بھی اس کے والد کے ساتھ یہاں لایاگیا ہے۔

آئی اے ایف یعنی بھارتی فضائیہ اپنی کمربستگی  کے لئے جانی جاتی ہے اور حکومت ہند کی جانب سے سماجی فاصلہ برقرار رکھنے کے اقدامات اور رہنما خطوط پر کلی طور سے عمل کرتے ہوئے ،تاکہ بھارتی فضائیہ کے کام کاج کے مقام پر نوول کورونا وائرس نہ پھیلے، فضائیہ اپنے کام میں مصروف ہے۔ ایک طرف ملک چھوت سے پھیلنے والے اس مرض پر قابو حاصل کرنے اور اسے شکست دینے  کے لئے بڑے بڑے اقدامات کررہا ہے، وہیں بھارتی فضائیہ نے پیشہ ورانہ انداز میں تمام تر ابھرتی ہوئی ضروریات کی تکمیل کے لئے اپنی عہد بندگی دوہرائی ہے۔

*************

م ن۔ ن ع

(U: 2088)



(Release ID: 1618874) Visitor Counter : 163