شمال مشرقی ریاستوں کی ترقی کی وزارت

لازمی اشیاء اور طبی ساز و سامان سمیت لگاتار ایئر کارگو سپلائی شمال مشرق پہنچ رہی ہے : ڈاکٹر جتیندر سنگھ

Posted On: 05 APR 2020 5:45PM by PIB Delhi

نئی دہلی،  05 اپریل 2020؛  /  شمال مشرقی خطے کی ترقی کے مرکزی وزیر (آزادانہ چارج) وزیراعظم کے دفتر میں  وزیر مملکت ، عملے ، عوامی شکایات ، پنشن ، ایٹمی توانائی اور خلاء کے وزیر مملکت ڈاکٹر جتیندر سنگھ نے  آج اس بات کا انکشاف کیا کہ لگاتار ایئر کارگو  سپلائی  جس میں لازمی اشیاء اور طبی ساز و سامان بھی شامل ہے، شمال مشرق پہنچ رہی ہے اور وہاں کسی بھی چیز کی قلت نہیں ہے اور نہ ہی آنے والے دنوں میں کسی چیز کی قلت کا امکان ہے۔

ڈاکٹر جتیندر سنگھ نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ لاک ڈاؤن کے اعلان کے فوراً بعد وزیراعظم جناب نریندر مودی کی طرف سے مداخلت کے بعد یہ فیصلہ کیا گیا  کہ ایئر کارگو پروازوں کے ذریعے شمال مشرقی خطے اور مرکز کے زیر انتظام علاقے جموں و کشمیر اور لداخ  سمیت دیگر دور دراز کے خطوں میں ترجیحی بنیاد پر لازمی اشیاء پہنچائی جائیں۔

ڈاکٹر جتیندر سنگھ نے تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ ایئر انڈیا کے ذریعے پہلی کھیپ 30 مارچ کو دیر رات گواہاٹی پہنچی اور 31 مارچ کو اگلی ہی صبح بھارتی فضائیہ کی کارگو پرواز دیمہ پور میں اتری، تبھی سے ایئر کارگو کھیپ لگاتار پہنچائی جا رہی ہے جس کے نتیجے میں ، مثال کے طور پر ناگالینڈ نے ابھی تک تین ہوائی کھیپیں حاصل کی ہیں اور اسی طرح منی پور  بھی تین ایئر کارگو کھیپیں حاصل کر چکا ہے۔

Description: https://static.pib.gov.in/WriteReadData/userfiles/image/JPG-JS.B51R.PNG

جہاں تک فیس ماسک کا تعلق ہے ڈاکٹر جتیندر سنگھ نے انکشاف کیا کہ 30 ہزار این 95 ماسک کی ایک کھیپ گواہاٹی میں تقسیم کیے جانے کے لئے پہنچائی گئی ۔ اسی دوران انہوں نے  ان اپنی مدد آپ گروپوں کی کوششوں کو سراہا  ، جو اپنی کوششوں سے ماسک اور سینی ٹائزر تیار کرنے کے لیے آگے آئے ہیں۔

ڈاکٹر جتیندر سنگھ نے یقین دلایا کہ مستقبل میں بھی جب کبھی ضرورت ہوگی  ، ایک ایئر  کارگو پرواز کا انتظام فوری طور پر کر دیا جائے گا ۔ انہوں نے کہا کہ  کھیپ کی نوعیت اور مقدار پر انحصار کرتے ہوئے ایئر انڈیا اور انڈین ایئر فورس ایک دوسرے کے ساتھ تال میل رکھتے ہوئے کام کریں گی ۔  انہوں نے کہا کہ یہ ایک ایسا نظام ہے جو بروقت قریبی نظر رکھ رہا ہے اور ہم سبھی ریاستی سرکاروں کے ساتھ لگاتار رابطہ رکھ رہے ہیں ۔

ساتھ ہی ساتھ ڈاکٹر جتیندر سنگھ نے یہ بھی بتایا کہ شمال مشرقی بھارت سے متصل تقریباً 5 ہزار 500 کلومیٹر لمبی بین الاقوامی سرحد کو پوری طرح سیل کر دیا ہے ۔  انہوں نے یہ بھی کہا کہ اس کی وجہ سے کورونا وائرس کو پھیلنے سے روکنے میں مدد ملی ہے ۔

۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

 

U - 1498


(Release ID: 1611577) Visitor Counter : 141