گوا میں 57ویں انٹرنیشنل فلم فیسٹیول آف انڈیا کے موقع پر آج کلا اکیڈمی میں 'ڈیکوڈنگ اکیڈمی ایوارڈز' کے عنوان سے منعقدہ ایک ماسٹر کلاس میں فلم سازوں، طلباء اور سنیما کے شائقین نے اکیڈمی ایوارڈز میں فلمیں جمع کرانے کے عمل، اہلیت کے معیار، تشہیری مہم اور ابھرتے ہوئے فنکاروں کے لیے دستیاب مواقع کے بارے میں قیمتی معلومات حاصل کیں۔
یہ ماسٹر کلاس اکیڈمی آف موشن پکچر آرٹس اینڈ سائنسز کی نائب صدر برائے ممبر ریلیشنز اینڈ ایوارڈز ایڈمنسٹریشن، محترمہ نتالی ویڈ نے لی۔ اس موقع پر افی کے فیسٹیول ڈائریکٹر جناب اشوتوش گواریکر نے ان کا اعزاز و اکرام کیا۔

اس بات کا مشاہدہ کرتے ہوئے کہ فلم ساز اکثر اکیڈمی ایوارڈز میں نامزدگی کے غور و خوض کے لیے فلم جمع کرانے کے طویل اور تفصیلی عمل سے ناواقف ہوتے ہیں، محترمہ ویڈ نے کہا کہ اس ماسٹر کلاس کا مقصد اس عمل کی پیچیدگیوں کو آسان بنانا اور فلم سازوں کو ابتدائی درخواست جمع کرانے سے لے کر ایوارڈز کے آخری مراحل تک شامل باقاعدہ طریقہ کار، قواعد و ضوابط اور تقاضوں سے روشناس کرانا تھا۔ 'دی ایلیفینٹ وسپرز' سمیت ہندوستانی سنیما کی عالمی سطح پر پذیرائی کا حوالہ دیتے ہوئے، انہوں نے اس بات کو اجاگر کیا کہ سنیما جغرافیائی سرحدوں سے بالاتر ہے، اور اکیڈمی ہندوستان سمیت دنیا بھر کے فلم سازوں اور سنیما کے پیشہ ور افراد کی نمائندگی کرتی ہے۔
اپنی پریزنٹیشن میں محترمہ ویڈ نے 'جنرل انٹری' اور 'بہترین فلم' کے زمروں میں غور کیے جانے کے لیے اہلیت کے تقاضوں اور کوالیفائی کرنے کے طریقوں کی وضاحت کی۔ انہوں نے سنیما گھروں میں نمائش کی شرائط بیان کیں، جن میں امریکہ کے چھ مخصوص میٹروپولیٹن علاقوں میں سے کم از کم ایک میں فلم کا مسلسل سات دن تک چلنا شامل ہے، اور اداکاری، سنیماٹوگرافی، ہدایت کاری، فلم ایڈیٹنگ، موسیقی، ساؤنڈ، ویژول ایفیکٹس اور تحریر جیسے شعبوں میں اہلیت کے اصولوں پر تبادلہ خیال کیا۔
انہوں نے 'انٹرنیشنل فیچر فلم'، 'ڈاکیومنٹری فیچر' اور 'شارٹ فلم' کے زمروں میں فلمیں جمع کرانے کے تقاضوں کی بھی وضاحت کی، جن میں تسلیم شدہ بین الاقوامی فلم فیسٹیولز کے ذریعے کوالیفائی کرنے کا طریقہ کار بھی شامل ہے۔ اس نشست میں 'اکیڈمی اسکریننگ روم' کا بھی احاطہ کیا گیا—جو ایک ایسا پلیٹ فارم ہے جس کے ذریعے فلمیں اکیڈمی کے اراکین کو دیکھنے کے لیے فراہم کی جاتی ہیں—اور اس کے ساتھ ہی جمع کرانے کے تقاضوں، تکنیکی خصوصیات اور لاگو ہونے والی فیسوں کے بارے میں بھی تفصیلات بتائی گئیں۔

اکیڈمی کے 'سائنٹیفک اینڈ ٹیکنیکل ایوارڈز' کو اجاگر کرتے ہوئے محترمہ ویڈ نے ان جدتوں اور ایجادات کی پذیرائی پر گفتگو کی جو فلم سازی کی ٹیکنالوجی کو آگے بڑھاتی ہیں۔ انہوں نے اکیڈمی کے 'گلوبل ٹیلنٹ ڈیولپمنٹ پروگرامز' کا بھی تعارف کرایا، جن میں 'اسٹوڈنٹ اکیڈمی ایوارڈز'، اسکرین رائٹنگ میں 'نکول فیلوشپس' اور خواتین کے لیے 'اکیڈمی گولڈ فیلوشپ' شامل ہیں، جو ابھرتے ہوئے فلم سازوں اور اسکرین رائٹرز کو پیشہ ورانہ رہنمائی اور آگے بڑھنے کے مواقع فراہم کرتے ہیں۔
ماسٹر کلاس کا اختتام ایک سوال و جواب نشست پر ہوا، جس کے دوران محترمہ ویڈ نے فلموں کی اہلیت، بین الاقوامی اندراجات، فیسٹیول میں کوالیفائی کرنے کے طریقہ کار اور تکنیکی تقاضوں سے متعلق سوالات کے جوابات دیے۔ انہوں نے فلم سازوں کی حوصلہ افزائی کی کہ وہ رہنمائی کے لیے رابطہ کریں اور اس بات پر زور دیا کہ اکیڈمی کے نمائندے اور مقامی رابطہ کار اندراج کے عمل کو سمجھنے اور مکمل کرنے میں فلم سازوں کی مدد کر سکتے ہیں۔
اِفی لوئیڈ یہاں ملاحظہ کریں: https://www.pib.gov.in/iffi/57/iffiLoid.aspx?yr=2026&lang=1®=48
***
(ش ح –ا ب ن)
U.No:8336