57th International Film Festival of India 2026
20 – 28 Nov 2026

سنتانویں اِفّی میں ‘پگلا گھوڑا’ اور ‘اوہ مائی ڈاگ’ کے ذریعے انسانی ضمیر کی گہرائیوں اور بے لوث محبت کے مختلف پہلوؤں کو پیش کیا گیا


فن کی کوئی سرحد نہیں ہوتی، اس کی جڑیں صرف اپنی مٹی میں پیوست ہوتی ہیں: ‘پگلا گھوڑا’ کی ہمہ گیر مقبولیت پر شیکھر داس کا اظہارخیال

جانوروں پر تعصب کا بوجھ نہیں ہوتا، ان کی وفاداری غیر مشروط ہوتی ہے: ‘اوہ مائی ڈاگ’ کے ہدایت کار امت رائے

پوسٹ کرنے کی تاریخ: 23 NOV 2026 8:10PMby PIB Delhiریلیز آئی ڈی: 2341086Views: 11

جہاں ایک کہانی ماضی کے سایوں کو ایک بے چین ضمیر کے روبرو لا کھڑا کردیتی ہے، تو دوسری کہانی ایسی پاکیزہ محبت کا جشن مناتی ہے جسے  کوئی بھی دوری یا مشکلات کم نہیں کر سکتی۔ انسانی تجربات کے دو متضاد لیکن نہایت اثر انگیز پہلوؤں کو پیش کرنے والی فلمیں ‘پگلا گھوڑا’ اور ‘اوہ مائی ڈاگ’، جو انڈین پینورما میں بنگالی اور ہندی زبان کی فلموں کے طور پر منتخب کی گئی ہیں، آج گوا میں منعقدہ 57ویں بین الاقوامی فلم فیسٹیول آف انڈیا (اِفّی) کی ایک پریس کانفرنس کا محوررہیں۔

فلم ساز شیکھر داس اور امت رائے نے معروف بنگالی اداکارہ گارگی رائے چودھری اور فلم کے پروڈیوسر ڈاکٹر پربیر بھومک کے ہمراہ ذرائع ابلاغ سے بات چیت کی اور اپنی اپنی فلموں کے موضوعات اور ان میں پیش کیے گئےاحساسِ جرم، دھوکہ دھڑی، ہمدردی اور بے لوث وابستگی کی عکاسی کے بارے میں اپنے خیالات پیش کیے۔ یہ دونوں کہانیاں مل کر اس حقیقت کو اجاگر کرتی ہیں کہ انسانی جذبات کی آفاقی زبان کے ذریعے سنیما لسانی اور ثقافتی حدود سے ماورا ہو سکتا ہے۔

https://static.pib.gov.in/WriteReadData/userfiles/image/2026/nov/WhatsAppImage2026-11-23at7.54.12PM_20261123201336_e580e7.jpeg

‘پگلا گھوڑا’: احساسِ جرم، پشیمانی اور انسانی ضمیر کی گہرائیوں میں اترتا ایک پُر اسرار سفر

قومی فلم ایوارڈ یافتہ فلم ساز شیکھر داس نے مرکزی اداکارہ گارگی رائے چودھری اور پروڈیوسر ڈاکٹر پربیر بھومک کے ساتھ معروف ڈرامہ نگار بادل سرکار کے حقیقت نگاری کے بعد کے دور کے شاہکار ڈرامے ‘پگلا گھوڑا’ کو فلمی قالب میں ڈھالنے کے تجربے کے بارے میں اپنے خیالات کا اظہار کیا۔ رات کے وقت جنگل کے ایک پُراسرار شمشان گھاٹ کے پس منظر میں بنائی گئی یہ فلم چار ایسے مردوں کی کہانی بیان کرتی ہے جو خودکشی کرنے والی ایک خاتون کی آخری رسومات ادا کرنے کے لیے جمع ہوتے ہیں۔ جب اس خاتون کی روح ان کے سامنے آتی ہے تو ان کے دبے ہوئے راز آشکار ہونے لگتے ہیں اور دھوکہ دہی اور بے وفائی کی ایک مشترکہ داستان سامنے آتی ہے۔ اس طرح فلم احساسِ جرم، جذباتی بے اعتنائی اور انسانی ضمیر کی ایک پُراثر عکاسی کرتی ہے اور اس تلخ حقیقت کو اجاگر کرتی ہے کہ اکثر پشیمانی کا احساس بہت دیر سے ہوتا ہے۔

ہدایت کار شیکھر داس نے بادل سرکار کی تخلیقات کی لازوال معنویت اور علاقائی سنیما کی ہمہ گیر مقبولیت پر اظہارِ خیال کرتے ہوئے کہا کہ حقیقت سے قریب تر کہانی بیان کرنے کا فن زبان اور جغرافیائی حدود سے ماورا ہوتا ہے۔ انہوں نے کہا، ‘‘فن کی کوئی سرحد نہیں ہوتی، اس کی صرف اپنی جڑیں ہوتی ہیں۔ جب کوئی کہانی انسانی ضمیر اور جذباتی سچائی سے گہرا رشتہ رکھتی ہے تو وہ زبان کے امتیاز سے قطع نظر ہر جگہ کے ناظرین کے دلوں تک پہنچتی ہے۔’’

https://static.pib.gov.in/WriteReadData/userfiles/image/2026/nov/WhatsAppImage2026-11-23at7.53.23PM_20261123201536_0927d4.jpeg

 

گارگی رائے چودھری نے ایسے کردار کو سنیما کے پردے پر پیش کرنے کی جذباتی پیچیدگیوں پر روشنی ڈالی، جس کی موجودگی انسانی کمزوریوں کا آئینہ بھی بنتی ہے اور اخلاقی بیداری کا محرک بھی۔ انہوں نے کہا کہ اس کردار کی ادائیگی کے لیے فلم میں موجود جذبات کی مختلف پرتوں کو نہایت باریک بینی اور حساسیت کے ساتھ سمجھنا اور پیش کرنا ضروری تھا۔

فلم کے پروڈیوسر ڈاکٹر پربیر بھومک نے ادبی اور ڈرامائی تخلیقات کو فلمی قالب میں ڈھالنے کی حوصلہ افزائی کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ اس طرح کی کوششیں ہندوستان کے ثروت مند فنّی اور ڈرامائی ورثے کو محفوظ رکھنے کے ساتھ ساتھ ماضی کی لازوال تخلیقات کو آج کے فلمی ناظرین تک پہنچانے میں بھی اہم کردار ادا کرتی ہیں۔

اوہ مائی ڈاگ: بے لوث محبت اور وفاداری کے غیر معمولی رشتے کا جشن

انسانی رشتوں کی پیچیدگیوں سے آگے بڑھتے ہوئے انسان اور جانور کے درمیان محبت کے غیر معمولی اور پاکیزہ تعلق کو موضوع بناتے ہوئے معروف فلم ساز امت رائے نے اپنی ہندی فیچر فلم ‘اوہ مائی ڈاگ’ پیش کی۔ یہ فلم ایک ایسی دل کو چھو لینے والی اور جذبات سے بھرپور کہانی ہے جو ہمدردی، حوصلے، ثابت قدمی اور بے لوث محبت کے جذبے کو اجاگر کرتی ہے۔

‘روڈ ٹو سنگم’، ‘آئی پیڈ’ اور ‘او ایم جی 2’ جیسی معروف فلموں کے لیے شہرت رکھنے والے امت رائے نے اس فلم میں ہندوستان کے دو مختلف علاقوں میں جاری دو متوازی داستانوں کو یکجا کیا ہے۔ آسام میں 14 سالہ اپو اپنے اغوا شدہ کتے ‘مومو’ کو بچانے کے لیے بے تاب ہو کر جدوجہد شروع کرتا ہے، جب کہ بہار میں آسکر نامی ایک نہایت وفادار کتا اپنے اغوا شدہ 15 سالہ مالک پرنس کی تلاش میں نکل پڑتا ہے۔ فاصلے ان دونوں کو ایک دوسرے سے جدا ضرور کرتے ہیں، لیکن ان کے درمیان محبت کا اٹوٹ رشتہ انہیں ایک دوسرے سے جوڑے رکھتا ہے۔ ان دونوں کے سفر ایک ایسی دل چھو لینے والی داستان کی صورت اختیار کر لیتے ہیں جو حوصلے، ثابت قدمی اور بے لوث محبت کے جذبے کو نمایاں کرتی ہے اور یہ پیغام دیتی ہے کہ سچی محبت اور وفاداری ہر حد اور فاصلے سے ماورا ہوتی ہے۔

https://static.pib.gov.in/WriteReadData/userfiles/image/2026/nov/WhatsAppImage2026-11-23at8.14.29PM_20261123201620_2502d6.jpeg

فلم کی دوہری کہانی کے پس منظر میں اپنے محرکات کا ذکر کرتے ہوئے ہدایت کار امت رائے نے جانوروں کے جذبات کی غیر معمولی سچائی اور انسانی رشتوں کو پیچیدہ بنانے والے تعصبات اور شرائط سے ماورا ان کی محبت کرنے کی صلاحیت پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے کہا، ‘‘جانوروں پر نہ تو کسی تعصب کا بوجھ ہوتا ہے اور نہ ہی ان کی محبت کسی شرط کی پابند ہوتی ہے۔ ان کی وفاداری بے مثال اور غیر مشروط ہوتی ہے۔ ان دو متوازی داستانوں کے ذریعے میری کوشش تھی کہ ناظرین اس بات کو محسوس کر سکیں کہ ہمدردی اور لگاؤ کس طرح ہر فاصلے کو مٹا سکتے ہیں اور ہر خوف پر قابو پانے کا حوصلہ دے سکتے ہیں۔’’

پریس کانفرنس کی نظامت جناب مہیش کمار نے کی۔

پریس کانفرنس یہاں دیکھیں:

 

 

آئی ایف ایف آئی لوئیڈ یہاں پڑھیں: https://www.pib.gov.in/iffi/57/iffiLoid.aspx?yr=2026&lang=1&reg=48

 

 

********

) ش ح ۔ع ح۔ش ت)

U.No. 8203


Great films resonate through passionate voices. Share your love for cinema with #IFFI2026 and #StoriesWithoutBorders. Tag us @pibindia on Instagram and @PIB_India on X, and we will help amplify your festival moments!

For accredited journalists, critics, bloggers, and vloggers seeking 1-on-1 interviews with filmmakers and festival juries, write to us at:
iffi.mediadesk@pib.gov.in with the subject line: Take One with PIB.


Official Release ID: 2341086
•
Media Centre: Goa
•
Festival Dates: Nov 20 – 28, 2026