گوا، 24 نومبر 2026
متنوع ثقافتی پس منظر سے تعلق رکھنے والی خواتین فلم سازوں نے گوا میں 57ویں انٹرنیشنل فلم فیسٹیول آف انڈیا (اِفی) کے موقع پر منعقدہ ایک پینل مباحثے بعنوان ’ان کا زاویہ نگاہ، ان کی وراثت، ان کی آزادی: عالمی سنیما کو نئی شکل دیتی خواتین‘ میں شناخت، ثقافتی ورثے اور تخلیقی آزادی سے متعلق اپنے تجربات اور نقطہ نظر کا اظہار کیا۔ اس نشست میں کرغیز مصنفہ و ہدایت کارہ نرگیزہ دوتیوا، رومانیہ-روما اداکارہ و فلم ساز علینا شربان، اور میکسیکن-امریکی مصنفہ و ہدایت کارہ سوزین اینڈریوز کوریا نے شرکت کی۔ ہندوستانی فلم ساز ابھیشیک جین نے اس مباحثے کی نظامت کے فرائض انجام دیے۔

مباحثے کا آغاز کرتے ہوئے، جین نے پینل کے شرکاء کو دعوت دی کہ وہ اپنے ذاتی سفر اور ان ثقافتی اثرات پر روشنی ڈالیں جنہوں نے ان کے سنیمائی انداز کو تشکیل دیا۔ کرغزستان میں پیدا ہونے والی اور جھیل کنارے آباد ماہی گیروں کے ایک چھوٹے سے قصبے میں پلی بڑھی نرگیزہ دوتیوا نے یاد کرتے ہوئے بتایا کہ کس طرح ان کے دادا کی جانب سے روایتی کرغیز زبانی شاعری سنانے کے انداز نے ان میں قصہ گوئی کا شوق بیدار کیا۔ اشتہارات کے شعبے میں کام کرنے کے بعد، انہوں نے کرغزستان کے ادبی اور ثقافتی ورثے بشمول رزمیہ داستان 'مانس' سے تحریک حاصل کرتے ہوئے اپنی ابتدائی فلم سازی کے منصوبوں کے لیے خود سرمایہ فراہم کیا۔ ان کی پہلی فیچر فلم 'اسکائی لارک' سرحدی علاقوں کی تاریخ اور آفاقی انسانی جذبات کا احاطہ کرتی ہے۔
"بخارسٹ، رومانیہ کے ایک روما خاندان میں پیدا ہونے والی علینا شربان نے 'افی' میں اپنی شرکت کو اپنے آبائی وطن واپسی کا ایک جذباتی تجربہ قرار دیا۔ انہوں نے روما برادری اور راجستھان کے درمیان تاریخی روابط کا ذکر کیا، جن میں روما زبان میں ہندوستانی نژاد الفاظ کی موجودگی بھی شامل ہے۔ بخارسٹ میں پرورش پانے کے دوران تعصب اور سماجی حاشیہ برداری کا سامنا کرنے کے بعد، شربان نے دقیانوسی تصورات کو چنوتی دینے کے لیے تھیٹر اور سنیما کا رخ کیا۔ اپنے کام کے ذریعے، جس میں بطور ہدایت کارہ ان کی فیچر فلم 'آئی میٹر' بھی شامل ہے، وہ روما برادری سے متعلق بیانیوں پر اپنا حقِ ترجمانی واپس لینے اور استقامت و وقار کی کہانیوں کو نمایاں کرنے کی کوشش کرتی ہیں۔

میکسیکن-امریکی فلم ساز سوزین اینڈریوز کوریا نے بطور ہدایت کارہ اپنی پہلی فیچر فلم 'لا کازادورا' (دی ہنٹریس) کے پیچھے کارفرما ایک دہائی طویل سفر کے بارے میں بات کی، جس کا پس منظر سیوداد خواریز، میکسیکو ہے۔ خواتین کے قتلِ عام اور ان کے خلاف تشدد کے حقیقی واقعات سے متاثر ہو کر بنائی گئی یہ فلم، غصے اور فوری ردعمل کے اظہار سے آگے بڑھ کر بے بسی، بقا اور خواتین کے اختیار و خود مختاری کی ایک ہمدردانہ کھوج میں ڈھل گئی۔
پینل کے شرکاء نے آزاد فلم سازوں کو درپیش ڈھانچہ جاتی چیلنجز پر بھی تبادلہ خیال کیا، جن میں فنڈنگ کی کمی، صنفی تعصب اور دقیانوسی تصورات شامل ہیں۔ کوریا نے مشاہدہ پیش کیا کہ پروڈیوسرز اکثر پیچیدہ اور تلخ موضوعات کی حمایت کرنے سے ہچکچاتے ہیں اور تجارتی طور پر زیادہ محفوظ بیانیوں کو ترجیح دیتے ہیں، جبکہ خواتین ہدایت کاروں کو سنجیدگی سے لیے جانے کے لیے اکثر اپنی صلاحیتوں اور اہلیت کا ثبوت دینا پڑتا ہے۔ شربان نے بتایا کہ انہیں فنڈنگ کی درخواستوں میں بار بار اس لیے مسترد کیے جانے کا سامنا کرنا پڑا کیونکہ ان کے اسکرپٹ روما برادری کی روایتی اور دقیانوسی منظرکشی کے سانچے میں فٹ نہیں بیٹھتے تھے۔ دونوں نے علامتی نمائندگی کے بجائے فنی قابلیت کی بنیاد پر پہچانے جانے کی اہمیت پر زور دیا۔ دوتیوا نے مزید کہا کہ ناظرین اور فلم فیسٹیولز کم نمائندگی والے خطوں سے ابھرنے والی متنوع اور ثقافتی جڑوں سے جڑی کہانیوں کی حمایت کرنے میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔

اپنے ذاتی تخلیقی سفر سے استفادہ کرتے ہوئے، پینل کے شرکاء نے ابھرتے ہوئے فلم سازوں کی حوصلہ افزائی کی کہ وہ اپنی جذباتی اور ثقافتی جڑوں سے جڑے رہیں، اور اس بات پر زور دیا کہ گہری صداقت پر مبنی مقامی کہانیاں دنیا بھر کے ناظرین کے دلوں میں گھر کر سکتی ہیں۔
اِفی لوئیڈ یہاں ملاحظہ کریں: https://www.pib.gov.in/iffi/57/iffiLoid.aspx?yr=2026&lang=1®=48
**********
(ش ح –ا ب ن)
U.No:8184