ہندوستان کے انتہائی جنوبی علاقوں سے لے کر شمال مشرق تک، ہندوستانی سنیما اپنی کہانیوں، ثقافتوں اور تخلیقی اظہار کے غیر معمولی تنوع سے قوت حاصل کرتا ہے۔ تاہم، علاقائی شناختوں اور فلمی اسالیب سے بالاتر ہو کر مشترکہ انسانی جذبات ہی ان کہانیوں کو ملک بھر کے ناظرین سے جوڑتے ہیں۔ اسی تنوع کی عکاسی کرتے ہوئے، فلم ساز مدھر بھنڈارکر کی سربراہی میں انڈین پینورما 2026 کی فیچر فلم جیوری نے گوا میں منعقدہ بھارت کے 57ویں بین الاقوامی فلم فیسٹیول (آئی ایف ایف آئی) کی پریس کانفرنس میں 404 فلموں کے اندراجات میں سے 25 فلموں کے انتخاب کے اپنے تجربات بیان کیے۔

انتخابی عمل پر روشنی ڈالتے ہوئے مدھر بھنڈارکر نے کہا کہ جیوری نے مختلف اصناف کی فلمیں دیکھیں اور باہمی اتفاق رائے سے فیصلے کیے۔ انہوں نے اس تجربے کو معلومات افزا قرار دیتے ہوئے کہا کہ فلمی میلے سیکھنے اور نئے زاویۂ نظر حاصل کرنے کے مواقع فراہم کرتے ہیں۔ حتمی انتخاب پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ جیوری منتخب کی گئی فلموں سے مطمئن ہے۔ انہوں نے خصوصی طور پر مراٹھی، لداخی اور ملیالم زبانوں کی بعض فلموں کا ذکر کیا، جنہوں نے جیوری پر گہرا اثر چھوڑا اور انہیں مسحور کن قرار دیا۔
_20261121152524_cb8583.jpeg)
تخلیقی انفرادیت اور نمائندگی کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے سینئر کالم نگار اور جیوری کی رکن بھارتی پردھان نے کہا کہ پینل نے ایسی فلموں کا انتخاب کرنے پر توجہ دی، جنہوں نے اپنے اصل خیالات کو برقرار رکھتے ہوئے ملک بھر کے مختلف نقطۂ نظر کو یکجا کیا۔ انہوں نے اس بات پر اطمینان کا اظہار کیا کہ انتخاب میں پورے ہندوستان کی نمائندگی کو یقینی بنایا گیا ہے۔ انہوں نے یہ بھی واضح کیا کہ مین اسٹریم سنیما زمرے میں فلموں کے انتخاب کے معیارات، انڈین پینورما فیچر فلم زمرے کے لیے مقرر کردہ معیارات سے مختلف تھے۔
_20261121152423_00e022.jpeg)
اداکارہ اور جیوری کی رکن بندو چندرمولی کے لیے ملک کے مختلف حصوں کی فلمیں دیکھنا بین الاقوامی سنیما کا تجربہ کرنے کے مترادف تھا۔ انہوں نے مشاہدہ کیا کہ زبانوں، اسالیب اور اصناف کے اختلاف کے باوجود ان فلموں میں بنیادی انسانی جذبات کا ایک مشترکہ رشتہ موجود ہے۔ ناظرین کو اپنی لسانی ترجیحات سے آگے بڑھ کر سنیما دیکھنے کی ترغیب دیتے ہوئے انہوں نے تلگو ناظرین پر زور دیا کہ وہ مختلف زبانوں کی فلموں کے لیے کشادہ ذہن رکھیں اور کہانی بیان کرنے کے متنوع انداز کو سراہیں۔
سینماٹوگرافر اور جیوری کے رکن ایم ایس پربھو نے اس تجربے کو ہندوستان کے ایک مجازی سفر سے تعبیر کیا، جو ملک کے تنوع میں اتحاد کی عکاسی کرتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ جب جیوری نے مختلف علاقوں کی فلمیں دیکھیں تو ان کی کہانیوں اور جذبات کے درمیان روابط مزید واضح ہوتے گئے۔ انہوں نے نئے ہدایت کاروں کے کام کو بھی سراہا اور کہا کہ انتخاب کا عمل بذات خود سیکھنے کا ایک قابل قدر تجربہ رہا۔
_20261121152455_9f2ea5.jpeg)
منتخب فلموں کے بارے میں اپنے تاثرات بیان کرتے ہوئے سینماٹوگرافر اور جیوری کے رکن کے ایس سیوارمن نے کہا کہ بعض کہانیوں میں پیش کیے گئے جذبات اتنے اثر انگیز تھے کہ وہ ان میں سے کچھ فلموں کو جنوبی ہند کے ناظرین کے لیے ڈھالنے کا تصور بھی کر سکتے ہیں۔ جیوری کے ایک اور رکن سوہم پی شاہ نے انتخابی عمل میں فلم کے ذریعے دیے جانے والے پیغام کو ایک اہم پہلو قرار دیا۔
جیوری نے مین اسٹریم سنیما زمرے میں پانچ فلموں کے انتخاب پر بھی تبادلہ خیال کیا۔ اس موقع پر مدھر بھنڈارکر نے کہا کہ یہ فیصلہ اجتماعی طور پر کیا گیا اور اس میں فلموں کے پیش کردہ امکانات، تصورات اور خیالات کو پیش نظر رکھا گیا۔ پریس کانفرنس کی نظامت شری رجیت چندرن نے کی۔

منتخب فیچر فلموں کے پیکیج میں انڈین پینورما فیچر فلم زمرے کی 20 اور مین اسٹریم سنیما زمرے کی پانچ فلمیں شامل ہیں۔ آدتیہ دھر کی ہدایت کاری میں بننے والی ہندی فلم ’دھرندر‘ کو انڈین پینورما 2026 کی افتتاحی فیچر فلم کے طور پر منتخب کیا گیا ہے۔ انڈین پینورما کے وسیع تر انتخاب میں 20 غیر فیچر فلمیں بھی شامل ہیں۔
جیوری کے اراکین کے خیالات سے ہندوستانی فلم سازی کے وسیع دائرے کی عکاسی ہوئی، جہاں مختلف علاقائی شناختیں اور فلمی اسالیب ایسی کہانیوں کے ذریعے ایک دوسرے سے جڑتے ہیں جو ہر خطے کے ناظرین کے جذبات کی ترجمانی کرتی ہیں۔ آئی ایف ایف آئی میں انڈین پینورما بدستور اس تنوع کو نمایاں کرنے کا کام کر رہا ہے اور معاصر ہندوستانی سنیما کو مختلف زبانوں اور ثقافتوں میں دیکھنے اور سراہنے کے لیے ایک پلیٹ فارم فراہم کر رہا ہے۔

Read IFFILOID here: https://www.pib.gov.in/iffi/57/iffiLoid.aspx?yr=2026&lang=1®=48
************
ش ح ۔ م د ۔ م ص
(U : 8053 )