پوسٹ کرنے کی تاریخ:
21 NOV 2026 10:25AM by PIB Delhi
بھارت نے سروائیکل کینسر کی روک تھام کی کوششوں میں ایک اہم سنگِ میل عبور کر لیا ہے۔ ’قومی ایچ پی وی ویکسینیشن مہم‘کے آغاز کے نو ماہ سے بھی کم عرصے میں ہیومن پیپیلوما وائرس (ایچ پی وی) ویکسین کی ایک کروڑ سے زائد خوراکیں دی جا چکی ہیں۔ یہ کامیابی نوعمر لڑکیوں کو ایچ پی وی انفیکشن سے محفوظ رکھنے کی جانب ایک اہم قدم ہے، کیونکہ یہ انفیکشن سروائیکل کینسر کا سبب بن سکتا ہے۔ اس کے ساتھ ہی، یہ ملک بھر میں احتیاطی صحت خدمات تک بڑھتی ہوئی رسائی کی بھی عکاسی کرتی ہے۔
فروری 2026 میں وزیر اعظم جناب نریندر مودی کے ذریعے شروع کی گئی اس ملک گیر مہم کے تحت سرکاری صحت مراکز میں 14 سالہ لڑکیوں کو والدین کی رضامندی سے ایچ پی وی ویکسین کی ایک خوراک مفت اور رضاکارانہ طور پر دی جاتی ہے۔ یہ ویکسین محفوظ ہے۔ یہ اقدام بھارت میں احتیاطی صحت کی دیکھ بھال کے فروغ کی سمت ایک اہم پیش رفت ہے، جس کا بنیادی مقصد خواتین کی آنے والی نسلوں کی صحت اور بہبود کا تحفظ کرنا ہے۔
رجسٹرار جنرل آف انڈیا (آر جی آئی) کے 2021 کے آبادیاتی تخمینوں کی بنیاد پر، اس مہم نے تقریباً 1.2 کروڑ لڑکیوں کے متعین کردہ سالانہ ہدف کے مقابلے میں مجموعی طور پر تقریباً 87 فیصد کوریج حاصل کر لی گئی ہے۔۔ محض نو ماہ کے اندر ایک کروڑ خوراکوں کا سنگِ میل عبور کرنا اس مہم کے وسیع دائرۂ کار اور تیز رفتار پیش رفت کو ظاہر کرتا ہے۔ اس کامیابی میں مختلف ریاستوں اور مرکز کے زیر انتظام علاقوں، طبی ماہرین، صفِ اوّل کے صحت کارکنوں، اساتذہ، والدین اور مقامی برادریوں کی مشترکہ اور مربوط کوششوں نے کلیدی کردار ادا کیا ہے۔

چھ ریاستوں میں 100 فیصد کوریج؛ ملک بھر میں نمایاں پیش رفت
ریاستوں اور مرکز کے زیر انتظام علاقوں نے ایچ پی وی ویکسینیشن کی کوریج بڑھانے میں مسلسل پیش رفت کا مظاہرہ کیا ہے۔ کئی ریاستوں نے اپنی متعین کردہ ہدف آبادی میں کوریج کی اعلیٰ شرح حاصل کر لی ہے۔
چھ ریاستوں — گجرات، اتر پردیش، آندھرا پردیش، میزورم، مدھیہ پردیش اور بہار — نے اس مہم کے تحت اپنی متعین کردہ ہدف آبادی کی 100 فیصد ویکسینیشن کا ہدف حاصل کر لیا ہے۔
دیگر نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والی ریاستوں میں آسام 95.63 فیصد کوریج کے ساتھ سرفہرست ہے، جس کے بعد تلنگانہ (95.28 فیصد)، کرناٹک (93.16 فیصد) اور اتراکھنڈ (90.17 فیصد) کا نمبر آتا ہے۔
چھتیس گڑھ (86.21 فیصد) اور راجستھان (85.23 فیصد) نے 80 فیصد کوریج کی حد عبور کر لی ہے، جبکہ کیرالہ (77.02 فیصد)، تمل ناڈو (76.12 فیصد)، اوڈیشہ (74.90 فیصد) اور مرکز کے زیر انتظام علاقہ دادرا و نگر حویلی اور دمن و دیو (72.99 فیصد) نے 70 فیصد سے زیادہ کوریج حاصل کی ہے۔
مجموعی تعداد کے لحاظ سے اتر پردیش میں 14 سالہ 29.33 لاکھ سے زائد لڑکیوں کو ایچ پی وی ویکسین لگائی جا چکی ہے۔ اس کے بعد بہار (13.70 لاکھ سے زائد) اور گجرات (7.75 لاکھ سے زائد) کا نمبر آتا ہے۔
مختلف جغرافیائی، آبادیاتی اور سماجی و اقتصادی حالات کی حامل ریاستوں میں حاصل ہونے والی یہ پیش رفت مہم کی وسیع رسائی اور مقامی ضروریات کے مطابق اختیار کی گئی حکمت عملیوں کی افادیت کو اجاگر کرتی ہے۔
مرکز اور ریاستوں کے درمیان مضبوط تال میل سے ملک بھر میں ویکسینیشن کی کوششوں کو تقویت
یہ سنگِ میل مرکزی وزارتِ صحت و خاندانی بہبود اور ریاستی و مرکز کے زیر انتظام علاقوں کی حکومتوں کے درمیان مسلسل اور مؤثر تال میل کی عکاسی کرتا ہے۔ اس کوشش میں ضلعی انتظامیہ، صحتِ عامہ کے اداروں اور صفِ اوّل کے صحت کارکنوں کی ٹیموں نے بھی اہم تعاون فراہم کیا ہے۔
ریاستوں اور مرکز کے زیر انتظام علاقوں نے دیہی، شہری، دور دراز اور دشوار گزار جغرافیائی علاقوں میں ویکسینیشن کی سہولتوں تک رسائی بڑھانے کے لیے مقامی ضروریات کے مطابق مختلف حکمتِ عملیاں اختیار کی ہیں۔ بہار، تمل ناڈو اور سکم میں ریاستی قیادت میں شروع کیے گئے اقدامات کو بھی رسائی اور نفاذ کے عمل کو مزید مؤثر بنانے کے لیے قومی مہم کے ساتھ مربوط کیا گیا ہے۔
اس مہم میں بالخصوص برادریوں کی شمولیت، والدین میں بیداری پیدا کرنے اور ایچ پی وی ویکسینیشن کے بارے میں مستند اور سائنسی شواہد پر مبنی معلومات کی تشہیر پر زور دیا گیا ہے۔
اطفال کے ماہرین، ماہرینِ امراضِ نسواں اور آل انڈیا انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز (اے آئی آئی ایم ایس) جیسے ممتاز طبی اداروں کے ماہرین سمیت صحت کے شعبے سے وابستہ پیشہ ور افراد نے عوام میں بیداری پیدا کرنے اور ویکسین کی حفاظت اور افادیت سے متعلق خدشات دور کرنے میں اہم کردار ادا کیا ہے۔
اسکولوں کے اساتذہ، تسلیم شدہ سماجی صحت کارکنان (اے ایس ایچ اے)، معاون نرس و دایہ (اے این ایم) اور دیگر صفِ اوّل کے صحت کارکنوں نے بھی والدین اور مقامی برادریوں کے ساتھ مل کر ویکسینیشن کے بارے میں باخبر فیصلہ سازی کی حوصلہ افزائی اور غلط معلومات کے تدارک کے لیے کام کیا ہے۔
ان اجتماعی کوششوں سے عوام کا اعتماد مضبوط ہوا ہے اور معاشرے کے مختلف طبقات میں ایچ پی وی ویکسینیشن کی قبولیت بڑھانے میں مدد ملی ہے۔
یو-وِن کے ذریعے ڈیجیٹل نگرانی اور ویکسینیشن تک رسائی کو تقویت
ڈیجیٹل صحت کا بنیادی ڈھانچہ اس ملک گیر مہم کا ایک اہم معاون ثابت ہوا ہے۔ اس ضمن میں یو-وِن (U-WIN) پلیٹ فارم حقیقی وقت میں نگرانی، مستفیدین کی شناخت و ان کی پیش رفت پر نظر رکھنے اور ویکسینیشن کے ڈیجیٹل ریکارڈ مرتب کرنے میں مدد فراہم کر رہا ہے۔
پروگرام مینیجر اس پلیٹ فارم کے ذریعے ضلعی سطح پر ویکسینیشن کی پیش رفت کی نگرانی کر رہے ہیں، کوریج میں موجود کمیوں اور اب تک ویکسین نہ لگوانے والی اہل لڑکیوں کی نشاندہی کر رہے ہیں، نیز بہتر منصوبہ بندی اور وسائل کی مؤثر تقسیم کو یقینی بنا رہے ہیں۔
یہ پلیٹ فارم والدین کو اپنی بیٹیوں کے لیے ایچ پی وی ویکسینیشن کا وقت آن لائن طے کرنے اور ویکسینیشن کا ڈیجیٹل سرٹیفکیٹ ڈاؤن لوڈ کرنے کی سہولت بھی فراہم کرتا ہے۔ اس سے ویکسینیشن کا عمل مزید قابلِ رسائی، آسان اور شفاف بن گیا ہے۔
میدانی سطح پر عمل درآمد کے ساتھ ڈیجیٹل نگرانی کو مربوط کرنے سے ریاستوں اور مرکز کے زیر انتظام علاقوں کو پروگرام کے انتظام و انصرام کو مضبوط بنانے اور اہل مستفیدین تک زیادہ مؤثر انداز میں پہنچنے میں مدد مل رہی ہے۔
ایچ پی وی ویکسینیشن: سروائیکل کینسر کی روک تھام کا ایک مؤثر اور ثابت شدہ ذریعہ
سروائیکل کینسر صحتِ عامہ کے لیے ایک اہم تشویش کا باعث ہے اور خواتین میں کینسر سے ہونے والی بیماری اور اموات کی اہم وجوہات میں شامل ہے۔ ہیومن پیپیلوما وائرس (ایچ پی وی) کی بعض زیادہ خطرے والی اقسام کا مسلسل انفیکشن سروائیکل کینسر کے بیشتر معاملات کا سبب بنتا ہے۔
ایچ پی وی ویکسینیشن، ایچ پی وی انفیکشن کے خطرے کو کم کرنے کے لیے دستیاب مؤثر ترین احتیاطی اقدامات میں سے ایک ہے۔ ایچ پی وی کی بعض اقسام سروائیکل کینسر کا سبب بن سکتی ہیں۔
قومی ایچ پی وی ویکسینیشن مہم کو ایچ پی وی ویکسین کی حفاظت اور افادیت سے متعلق وسیع عالمی سائنسی شواہد کی تائید حاصل ہے۔ دنیا بھر میں ایچ پی وی ویکسین کی 80 کروڑ سے زائد خوراکیں دی جا چکی ہیں، جبکہ تقریباً دو دہائیوں پر محیط سائنسی تحقیق اور حقیقی حالات میں حاصل ہونے والے تجربات سے یہ ثابت ہوا ہے کہ یہ ویکسین ایچ پی وی کی ان اقسام کے انفیکشن اور ان سے وابستہ قبل از سرطان کیفیات کے خلاف مضبوط تحفظ فراہم کرتی ہے جنہیں نشانہ بنانے کے لیے اسے تیار کیا گیا ہے۔
14 سال کی عمر میں لڑکیوں کو ویکسین فراہم کرکے اس مہم کے ذریعے ایچ پی وی وائرس کے ممکنہ خطرے سے دوچار ہونے سے پہلے ہی تحفظ فراہم کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے، جس سے طویل مدت میں سروائیکل کینسر کی روک تھام میں مدد ملے گی۔
مستفیدین کی حفاظت اولین ترجیح
ہر مستفید ہونے والی لڑکی کی حفاظت اور بہبود کو یقینی بنانا اس مہم کی بنیادی ترجیح ہے۔
ویکسینیشن کے تمام سیشن نامزد سرکاری صحت مراکز میں تربیت یافتہ طبی افسران کی براہِ راست نگرانی میں منعقد کیے جاتے ہیں۔ ویکسینیشن کے بعد ہونے والے کسی بھی ممکنہ مضر اثرات (اے ای ایف آئی) کی فوری جانچ، نگرانی اور ان کے مناسب طبی انتظام کو یقینی بنانے کے لیے ویکسینیشن مراکز کو 24 گھنٹے دستیاب صحت مراکز سے مربوط کیا گیا ہے۔
اس مہم میں ویکسین کی حفاظت سے متعلق مقررہ ضابطوں پر عمل کیا جاتا ہے اور اس مقصد کے لیے تربیت یافتہ طبی عملے اور مناسب طبی انتظامات کی سہولت فراہم کی گئی ہے۔
وزارت ویکسینیشن پروگرام پر عوام کا اعتماد برقرار رکھنے کے لیے شفاف ابلاغ، سائنسی شواہد اور والدین کی باخبر رضامندی کو خاص اہمیت دیتی ہے۔
تمام اہل لڑکیوں تک ویکسینیشن کی رسائی یقینی بنانے کی کوششیں جاری
ایک کروڑ خوراکوں کا سنگِ میل عبور کرنے کے بعد وزارتِ صحت و خاندانی بہبود کی توجہ اب باقی اہل لڑکیوں تک پہنچنے اور تمام ریاستوں اور مرکز کے زیر انتظام علاقوں میں ویکسینیشن کی کوریج کو مزید بہتر بنانے پر مرکوز ہے۔
وزارت ریاستی حکومتوں، ضلعی انتظامیہ، طبی ماہرین، صفِ اوّل کے صحت کارکنوں، تعلیمی اداروں اور مقامی برادریوں کے ساتھ مل کر کام جاری رکھے گی، تاکہ کوریج میں موجود کمیوں کو دور کیا جا سکے، بیداری میں اضافہ ہو اور ایچ پی وی ویکسینیشن تک سب کی یکساں رسائی یقینی بنائی جا سکے۔
14 سالہ اہل لڑکیوں کے والدین اور سرپرستوں کی حوصلہ افزائی کی جاتی ہے کہ وہ مزید معلومات حاصل کرنے اور ویکسینیشن کے لیے وقت (سلاٹ) مقرر کرنے کی غرض سے اپنے قریبی سرکاری صحت مرکز سے رابطہ کریں یا ’یو-وِن‘ (U-WIN) پلیٹ فارم استعمال کریں۔
نو ماہ سے بھی کم عرصے میں ایچ پی وی ویکسین کی ایک کروڑ سے زائد خوراکیں دیے جانے کی کامیابی محض ایک عددی سنگِ میل نہیں ہے، بلکہ یہ بھارت کی نوعمر لڑکیوں کی صحت کے تحفظ اور ایک ممکنہ طور پر جان لیوا بیماری کی روک تھام کے لیے کی جانے والی اہم سرمایہ کاری کی عکاسی کرتی ہے۔
وزیر اعظم جناب نریندر مودی کی قیادت میں شروع کی گئی ’قومی ایچ پی وی ویکسینیشن مہم‘ احتیاطی صحت کی دیکھ بھال کے شعبے میں بھارت کی بڑھتی ہوئی توجہ اور خواتین کو ایسی بیماریوں سے محفوظ رکھنے کے عزم کی عکاس ہے جن کی روک تھام ممکن ہے۔
آج دی جانے والی ایچ پی وی ویکسین کی ہر خوراک بھارت کی بیٹیوں کے لیے ایک صحت مند مستقبل کی جانب اہم قدم ہے، ایسا مستقبل جس میں سروائیکل کینسر سے متاثر ہونے والی خواتین کی تعداد کم ہو گی۔
یہ سنگِ میل ہر اہل لڑکی تک احتیاطی صحت کی سہولتیں پہنچانے اور سروائیکل کینسر کے بوجھ کو کم کرنے کے قومی ہدف کے حصول کے لیے حکومتِ ہند کے عزم کو مزید مستحکم کرتا ہے۔
***
UR-8015
(ش ح۔اس ک )