ساحلی حسن، رنگا رنگ تہذیبی وراثت اور بے مثال مہمان نوازی کے حوالے سے دنیا بھر میں مشہور گوا کی ایک دوسری اہم شناخت بھی ہے، جس پر خصوصی توجہ دینے کی ضرورت ہے، اور وہ ہے یہاں کی لوک کہانیاں اور ان کی زندگی کے تجربات۔ 57ویں انٹرنیشنل فلم فیسٹیول آف انڈیا (آئی ایف ایف آئی) میں گوا کی اسی پہلو کو اجاگر کرنے کے لیے منتخب فلموں کا ایک خصوصی پیکیج پیش کیا جا رہا ہے، جس میں زندگی، انسانی رشتوں، یادوں اور ایسے تجربات کو پردۂ سیمیں پر دکھایا جائے گا جو مقامی رنگ و آہنگ کے حامل ہونے کے باوجود عالمی سطح پر بھی ہر انسان کے لیے قابلِ فہم و وابستگی ہیں۔
ان فلموں کی نمائش 21 سے 28 نومبر تک آئی این او ایکس، پنجی میں کی جائے گی۔ یہ فلمیں انسانی جذبات اور احساسات کے مختلف پہلوؤں کو پیش کرتی ہیں۔ ان میں ایک عمر رسیدہ خاتون کی کہانی شامل ہے جو اپنے ضمیر کے کٹہرے میں کھڑی ہے، جس میں ایک فراموش کردہ مقامی ہیرو کا ماضی دوبارہ سامنے آتا ہے، ایک بیٹی اپنے خاندان سے تعلقات بہتر بنانے کی کوشش کرتی ہے، جبکہ ایک معمر دیہاتی باشندہ اپنے آبائی گھر کے تحفظ کے لیے جدوجہد کرتا ہے۔ یہ کہانیاں انسانی زندگی کے مختلف تجربات اور جذبات کی بھرپور عکاسی کرتی ہیں۔
کونکنی اور مراٹھی زبانوں کی ان منتخب فلموں میں فیچر فلموں کے ساتھ مختصر دورانیے کی فلمیں بھی شامل ہیں، جو خاندانی رشتوں، سماجی حقائق، ذاتی جدوجہد، شناخت، بچپن، تنہائی اور خود شناسی سمیت مختلف موضوعات کا احاطہ کرتی ہیں۔ گہرے ذاتی تجربات پر مبنی کہانیوں سے لے کر دلچسپ مزاحیہ فلموں اور فکر انگیز ڈراموں تک، یہ فلمیں ناظرین کو گوا میں فلم سازی کے بدلتے ہوئے منظرنامے کی ایک دل چسپ جھلک پیش کریں گی۔
گوا کی منتخب فلموں پر ایک نظر:
اینسیساؤ

ہدایت کار: منگیریش جے بندوڈکر | زبان: کونکنی | دورانیہ: 30 منٹ
گوا کے ایک پُرسکون گاؤں کے پس منظر میں بنائی گئی فلم ’اینسیساؤ‘ ایک عمر رسیدہ خاتون کی کہانی ہے، جو تنہا زندگی گزار رہی ہے اور اپنی زندگی کی خاموشی کو دوسروں کے بارے میں گفتگو کرکے دور کرنے کی کوشش کرتی ہے۔ وہ اپنے غم کا سامنا کرنے سے قاصر ہے، لیکن بالآخر اسے احساس ہوتا ہے کہ دوسروں کی گفتگو دراصل اس کے اپنے ایک ایسے زخم سے توجہ ہٹانے کا ذریعہ ہے جو ابھی تک مندمل نہیں ہوا۔ جب اس کا ضمیر اسے اپنا طرز سلوک بدلنے پر آمادہ کرتا ہے تو وہ اپنی اصلاح کا عزم کرتی ہے، تاہم یہ تبدیلی زیادہ دیر برقرار نہیں رہ پاتی۔
اومیش

ہدایت کار: وردھن وجے کمار کامت | زبان: کونکنی | دورانیہ: ایک گھنٹہ 39 منٹ
کبھی مقامی سطح پر مشہور ہیرو کی حیثیت رکھنے والا اومیش اب گوا کے ایک دیہی گاؤں میں گوشہ نشینی کی زندگی گزار رہا ہے۔ وہ چھوٹے موٹے کام کرکے اپنا گزر بسر کرتا ہے اور ماضی کے ایک نامکمل قصے کی یادیں اسے مسلسل پریشان رکھتی ہیں۔ اس کی زندگی اس وقت ایک غیر متوقع موڑ لیتی ہے جب فلم سازی کا شوق رکھنے والے انٹون اور روہن اس کی زندگی پر دستاویزی فلم بنانے کے لیے وہاں پہنچتے ہیں۔ مقامی افواہوں اور ادھوری سچائیوں کے درمیان حقیقت تک پہنچنے کی کوشش میں انہیں اومیش کے ایک فراموش کردہ ہنر اور اس کی تنہائی کے پس پردہ دردناک حالات کا پتہ چلتا ہے۔ رفتہ رفتہ جب ان کے درمیان اعتماد کا رشتہ قائم ہونے لگتا ہے تو اومیش کیمرے کے تئیں مزید محتاط اور بدگمان ہو جاتا ہے۔ فلم ’اومیش‘ شناخت، اعتماد اور فراموش کردہ ورثے کی قیمت جیسے موضوعات کو پیش کرتی ہے۔
شکنتلا

ہدایت کار: پرساد ایم نائک | زبان: کونکنی | دورانیہ: 11 منٹ
محبت، شناخت اور روایات کے موضوعات پر مبنی یہ ایک جذباتی خاندانی ڈرامہ ہے۔ فلم ’شکنتلا‘ ایک ایسی خاتون کی کہانی بیان کرتی ہے جس نے اپنے محلے کے ایک عیسائی نوجوان سے شادی کرلی تھی، جس کے بعد اس کے قدامت پسند خاندان نے اس سے تمام تعلقات منقطع کرلیے۔ کئی برس بعد والد کے انتقال پر اسے ان کی آخری رسومات میں شرکت کے حق سے بھی محروم کردیا جاتا ہے۔ والد کے انتقال کے بارہویں دن کی رسم کا وقت قریب آنے پر شکنتلا ہمت کرکے اپنے بچپن کے گھر واپس لوٹتی ہے، جہاں اسے ماضی کے دبے ہوئے تنازعات اور سماجی تعصبات کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ اس کا یہ سفر محض ایک رسم ادا کرنے کی کوشش نہیں، بلکہ بحیثیت بیٹی اپنے خاندان میں اپنا مقام دوبارہ حاصل کرنے اور اس سوال کو اٹھانے کی جدوجہد بھی ہے کہ کیا محبت روایات کی دیواروں کو عبور کرسکتی ہے؟
پورناتا

ہدایت کار: شراون کنکونکر | زبان: کونکنی | دورانیہ: 25 منٹ
فلم ’پورناتا‘ چنبیلی کے پھولوں کے ہار ’زایو‘ کے سفر کے ذریعے ان تمام زندگیوں کی کہانی بیان کرتی ہے جنہیں وہ چھوتا ہے۔ خوشی اور غم کے مختلف لمحات میں یہ ہار لوگوں کے لیے سکون، امید اور مسرت کا ذریعہ بنتا ہے۔ اگرچہ وقت گزرنے کے ساتھ اس کے پھول مرجھانے لگتے ہیں، لیکن اس کے باوجود وہ لوگوں کی زندگیوں میں خوب صورتی اور خوشی بکھیرتے رہتے ہیں۔ یہ فلم زندگی کے تسلسل اور مقصد پر غور و فکر کا موقع فراہم کرتی ہے اور یہ پیغام دیتی ہے کہ جب ایک زندگی کا سفر ختم ہوتا ہے تو کوئی دوسری زندگی اس سفر کو آگے بڑھاتی ہے۔
نوئز

ہدایت کار: سویدھا ٹورگل باکھلے | زبان: کونکنی | دورانیہ: 16 منٹ
انسانی طرز سلوک اور رشتوں کی گہری عکاسی کرنے والی فلم ’نوئز‘ تارہ کی کہانی ہے، جو ایک پریشان کن رشتے اور بار بار دہرائے جانے والے ایسے سلوک سے نجات حاصل کرنے کی کوشش کر رہی ہے جو اسے ذہنی اذیت میں مبتلا رکھتے ہیں۔ خود کو اس تکلیف سے باہر نکالنے اور زندگی میں آگے بڑھنے کی مسلسل کوششوں کے باوجود وہ بار بار انہی مانوس حالات کی طرف کھنچتی چلی جاتی ہے۔ فلم میں ایک پرانے پنکھے کی بار بار موجودگی ان رویوں کے دہرائے جانے کے عمل کی علامت بن کر سامنے آتی ہے۔ اس کے ذریعے یہ سوال اٹھایا گیا ہے کہ ضرورت کا احساس ہوجانے کے باوجود اپنے رویوں کو بدلنا آخر اتنا مشکل کیوں ہوتا ہے۔
دریا

ہدایت کار: کشور ارجن | زبان: مراٹھی | دورانیہ: 25 منٹ
فلم ’دریا‘ آکاش نامی ایک ایسے لڑکے کی کہانی ہے جو دماغی فالج کا شکار ہے اور بصارت سے محروم ہے۔ اس نے کبھی سمندر نہیں دیکھا اور اب تک اسے صرف کہانیوں، آوازوں اور اپنے تخیل کے ذریعے ہی جانتا ہے۔ ایک دن اس کے دادا اسے اچانک سمندر کے کنارے لے جانے کا فیصلہ کرتے ہیں، جہاں آکاش کو اس دنیا سے روبرو ہونے کا موقع ملتا ہے جس کا خواب وہ ایک عرصے سے دیکھتا آیا ہے۔ یہ فلم سمندر کو پہلی بار محسوس کرنے اور دریافت کرنے کے اس کے گہرے تجربے کو پیش کرتی ہے اور یہ پیغام دیتی ہے کہ دیکھنے کا تعلق ہمیشہ آنکھوں کی بینائی سے نہیں ہوتا۔
پرفیکٹ شاٹ

ہدایت کار: سنکلپ سائی ناتھ پراب | زبان: کونکنی | دورانیہ: 14 منٹ
فلم ’پرفیکٹ شاٹ‘ وسودھا نامی ایک نوجوان طالبہ کی کہانی ہے، جو فلم سازی کی تعلیم حاصل کر رہی ہے۔ فلم کا ایک بہترین منظر قید کرنے کی جستجو اس کے لیے جنون بن جاتی ہے، جس میں سنہری تناسب، توازن اور اصولِ ثلاثہ (رول آف تھرڈز) جیسے فنی اصول اہم کردار ادا کرتے ہیں۔ اسی دوران وہ اپنے مرحوم والد کے حوالے سے ادھورے جذبات سے بھی نبرد آزما ہے۔ اسے لگتا ہے کہ والد اس کے لیے کوئی قیمتی چیز چھوڑ کر نہیں گئے۔ لیکن جب ماضی کی یادیں دوبارہ تازہ ہوتی ہیں تو بصری کمال حاصل کرنے کی اس کی کوشش ایک ذاتی انکشاف اور خود شناسی کے سفر میں بدل جاتی ہے۔ یہ فلم اس بات کو اجاگر کرتی ہے کہ انسانی رشتے ہمارے دیکھنے کے انداز اور تخلیقی صلاحیتوں کو کس طرح متاثر کرتے ہیں، اور بامعنی کہانی بیان کرنے کے لیے سنیما کے فنی اصولوں سے بڑھ کر بھی بہت کچھ درکار ہوتا ہے۔
باپو کالے

ہدایت کار: کرشا راؤل | زبان: کونکنی | دورانیہ: 24 منٹ
گوا کے گاؤں ماؤکسی کے پس منظر میں بنائی گئی فلم ’باپو کالے‘ ایک عمر رسیدہ شخص کی کہانی ہے، جو ہنگامی انخلا کی کارروائی کے دوران اپنے آبائی کچے مکان کو چھوڑنے سے انکار کردیتا ہے۔ بظاہر ایک معمول کی مشق سے شروع ہونے والا یہ واقعہ اس کے ذہن میں نقل مکانی، کھوئے ہوئے گھروں اور بدلتے ہوئے گاؤں کی یادیں تازہ کردیتا ہے۔ ایک کشیدہ رات کے دوران باپو اور اس کی اہلیہ بھاگی حکام کے سامنے اپنے موقف پر ڈٹے رہتے ہیں۔ اس دوران ان کا گھر محض رہائش کی جگہ نہیں، بلکہ شناخت، وقار، یادوں اور اپنی زمین سے اٹوٹ تعلق کی ایک مضبوط علامت بن کر سامنے آتا ہے۔
ووڈ ورم (آر او ٹی او)
ہدایت کار: اکھل لوٹلیکر | زبان: کونکنی | دورانیہ: 22 منٹ
فلم ’ووڈ ورم (روٹو)‘ ایک پُرعزم کلینک ریسپشنسٹ کی کہانی ہے، جو خاندانی انتشار کے باوجود اپنی بہن کو اسکول کے ایک مقابلے میں کامیابی دلانے کی کوشش کرتی ہے۔ اس جدوجہد کے دوران اسے ایک طرف خاندان کی ذمہ داریوں کو نبھانا ہے تو دوسری جانب اپنی بہن کے خوابوں اور خواہشات کا ساتھ بھی دینا ہے۔ لیکن اسی کشمکش کے دوران ایک غیر متوقع خطرہ اس کے قریب آنے لگتا ہے۔
چیئرز

ہدایت کار: انوراگ ویرڈیکر | زبان: کونکنی | دورانیہ: 19 منٹ
روزمرہ کی یکسانیت سے اکتا کر دو کم عمر لڑکے کسی بھی بس میں سوار ہوجاتے ہیں اور بڑوں کی انجان دنیا کو قریب سے دیکھنے کے لیے ایک بے مقصد سفر پر نکل پڑتے ہیں۔ ان کا یہ ایڈونچر انہیں ایک قدیم قلعے، دریا کے پار جانے والی کشتی اور بالآخر ایک ویران آبشار تک لے جاتا ہے، جہاں وہ اچانک اپنی زندگی کا پہلا الکحل مشروب خریدنے کا فیصلہ کرتے ہیں۔ اپنی کم عمری چھپانے کی ان کی ناکام کوشش ان کی ناپختگی اور کمزوری کو ظاہر کردیتی ہے اور انہیں احساس ہوتا ہے کہ بڑوں کی دنیا ان کے تصور سے کہیں زیادہ پیچیدہ ہے۔ فلم ’چیئرز!‘ بڑے ہونے کے عمل سے وابستہ تجسس، معصومیت اور غیر یقینی کیفیات کو خوب صورتی سے پیش کرتی ہے۔ بالآخر دونوں لڑکے دنیا کے بارے میں قدرے بدلے ہوئے نقطۂ نظر کے ساتھ گھر واپس لوٹتے ہیں۔
میڈیم پیس

ہدایت کار: جے امونکر | زبان: مراٹھی | دورانیہ: 23 منٹ
گوا کے ایک دیہی گاؤں کے پس منظر میں بنائی گئی یہ مزاحیہ اور قدرے الم انگیز فلم ایک مرغی فروش کی دکان سے فرار ہونے کے واقعے سے شروع ہوتی ہے، جس کے بعد غیر معمولی واقعات کا ایک سلسلہ شروع ہوجاتا ہے۔ بار بار مرغیاں گم ہونے کا الزام قصاب پر عائد کیا جاتا ہے تو وہ ایک انوکھا حل نکالتا ہے اور مرغیوں کو مصروف رکھنے کے لیے دکان میں ٹیلی ویژن نصب کردیتا ہے۔ تاہم، جلد ہی وہ خود بھی ٹیلی ویژن کا اس قدر عادی ہوجاتا ہے کہ اس کے رویے، ذمہ داریوں اور بیوی کے ساتھ تعلقات پر منفی اثر پڑنے لگتا ہے۔ ایک دن ٹیلی ویژن خراب ہوجاتا ہے اور تمام مرغیاں فرار ہوجاتی ہیں تو قصاب کو اپنے مالک کی سزا اور گھر میں بیوی کی ناراضی کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ قید اور آزادی کی خواہش کے درمیان الجھے ایک شخص کی اس دلچسپ کہانی کے ذریعے فلم ’میڈیم پیس‘ تنہائی، جدید دور کی توجہ بٹانے والی چیزوں اور روزمرہ زندگی سے فرار کی کوششوں کے غیر متوقع نتائج کو اجاگر کرتی ہے۔
ہیلتھ سینٹر

ہدایت کار: انوپ سردیسائی | زبان: کونکنی | دورانیہ: 2 گھنٹے 7 منٹ
ایک بدنظمی کے شکار سرکاری ہیلتھ سینٹر کے پس منظر میں بنائی گئی فلم ’ہیلتھ سینٹر‘ اس کے چیف میڈیکل آفیسر ڈاکٹر شری دھر کامت کی کہانی ہے، جو ایک اخلاقی بحران سے دوچار ہوجاتے ہیں۔ معاملہ سربھی نامی ایک نوجوان لڑکی کا ہے، جو عصمت دری کا شکار ہوئی ہے۔ بدعنوان سیاست دان اور پولیس اسے ایک بااثر ملزم اجے کے خلاف درج شکایت واپس لینے کے لیے دباؤ ڈال رہے ہیں۔ اسی دوران ملازمین کی ہڑتال کے باعث صحت مرکز کا نظام بھی متاثر ہے۔ ڈاکٹر کامت کو ایک ایسے مریض کے علاج کی فراہمی میں بھی مشکلات کا سامنا ہے جو بے ہوشی کی حالت میں ہے اور جس کی بیٹی منیشا اسپتال کے محدود وسائل پر انحصار کیے ہوئے ہے۔
جب سربھی بالآخر دھمکیوں اور دباؤ کے آگے ہتھیار ڈال دیتی ہے تو ڈاکٹر کامت خود انصاف کرنے کا فیصلہ کرتے ہیں۔ وہ خفیہ طور پر اجے کو جان لیوا انجکشن دے دیتے ہیں اور احتجاجاً اپنے عہدے سے استعفیٰ دے دیتے ہیں، تاہم اس بات کو یقینی بناتے ہیں کہ بے ہوش مریض کو مصنوعی طبی نظام کے ذریعے زندہ رکھا جائے۔ دس برس بعد ان کی یہ کہانی ایک بار پھر سامنے آتی ہے، جب ان کا بیٹا راج ایک نئے صحت مرکز میں ملازمت اختیار کرتا ہے اور وہاں ایک سینئر ڈاکٹر سے اس کی ملاقات ہوتی ہے، جو دراصل سربھی ہوتی ہے۔
ہندوستان کے بین الاقوامی فلم فیسٹیول کا مستقل میزبان شہر گوا 2004 سے یہ اہتمام کرتا آ رہا ہے۔ ہر سال نومبر میں دنیا بھر سے فلم سازوں، شائقینِ سنیما اور تخلیقی شعبوں سے وابستہ افراد کا یہاں استقبال کیا جاتا ہے۔ 57واں فلم فیسٹیول 20 سے 28 نومبر 2026 تک ’سرحدوں سے ماورا کہانیاں‘ کے موضوع کے تحت منعقد ہو رہا ہے۔ یہ فیسٹیول سنیما کی اس صلاحیت کا جشن ہے جو جغرافیائی، لسانی اور ثقافتی حدود سے آگے بڑھ کر مشترکہ انسانی تجربات کے ذریعے ناظرین کو ایک دوسرے سے جوڑتی ہے۔
گوا کی منتخب فلمیں اسی جذبے کی بھرپور عکاسی کرتی ہیں۔ گوا کے روزمرہ معمولات، ثقافتی روایات اور سماجی حقائق سے جڑی یہ بارہ فلمیں ثابت کرتی ہیں کہ کسی مخصوص خطے میں جنم لینے والی کہانیاں بھی اس سے کہیں دور رہنے والے ناظرین کے دلوں تک پہنچ سکتی ہیں۔
خاندانی رشتوں، شناخت کے سوالات، بچپن، تنہائی اور سماجی زندگی کی پیچیدگیوں جیسے موضوعات کو پیش کرنے والی یہ فلمیں مقامی تجربات سے جنم لینے کے باوجود آفاقی جذبات کی ترجمانی کرتی ہیں۔
کونکنی اور مراٹھی سنیما کو بین الاقوامی پلیٹ فارم پر پیش کرکے آئی ایف ایف آئی کا 57واں ایڈیشن ان تخلیقی آوازوں کو ان کے مقامی ثقافتی اور لسانی دائرے سے باہر پہنچنے کا موقع فراہم کر رہا ہے۔ اس کے ذریعے دنیا بھر کے ناظرین گوا کو محض ایک سیاحتی مقام کے طور پر نہیں، بلکہ وہاں کے لوگوں کی زندگیوں، یادوں اور کہانیوں کے آئینے میں بھی دیکھ سکیں گے۔ اس سال کے فیسٹیول کے موضوع ’ بلا سرحد کہانیاں‘ کے عین مطابق یہ فلمیں یاد دلاتی ہیں کہ کہانیاں خواہ کسی بھی مقامی خطے سے شروع ہوں، ان کے دلوں کو چھونے، لوگوں کو جوڑنے اور اپنے اثرات مرتب کرنے کی کوئی سرحد نہیں ہوتی ہے۔
******
( ش ح ۔ م ش ع ۔ م ا )
UR. No-8011