ماحولیات، جنگلات اور موسمیاتی تبدیلی کی وزارت
azadi ka amrit mahotsav

بھارت نے انطالیہ (ترکیہ) میں یو این ایف سی سی سی کے  سی او پی  -   31 کے موقع پر مساوات، ماحولیاتی انصاف اور ماحولیاتی مالیات سے متعلق ذمہ داریوں کی تکمیل پر زور دیا


’ زیادہ بلند عزائم‘ کے نام پر عالمی  خطہ جنوب کو   پہلے سے چلے آ رہے اخراج کا بوجھ اٹھانے پر مجبور نہیں کیا جا سکتا: جناب بھوپیندر یادو

بھارت نے باقی ماندہ کاربن بجٹ تک منصفانہ رسائی پر زور دیتے ہوئے ماحولیاتی اقدامات کو مشترکہ لیکن مختلف ذمہ داریوں اور متعلقہ صلاحیتوں (سی بی ڈی آر-آر سی) کے اصول سے مضبوطی کے ساتھ وابستہ رکھنے کی ضرورت پر زور دیا

پوسٹ کرنے کی تاریخ: 18 NOV 2026 1:22PM by PIB Delhi

ماحولیات، جنگلات اور  آب و ہوا کی تبدیلی کے مرکزی وزیر جناب بھوپیندر یادو نے ترکیہ کے انطالیہ میں یو این ایف سی سی سی کے  سی او پی -  31 کے موقع پر  ، بھارت کا قومی بیان پیش کرتے ہوئے  ، مساوات، ماحولیاتی انصاف اور مشترکہ لیکن مختلف ذمہ داریوں اور متعلقہ صلاحیتوں (سی بی ڈی آر-آر سی) کے اصول پر مبنی ماحولیاتی اقدامات پر زور دیا۔  سی او پی  -  31 کے موضوع ’ مکالمہ، اتفاقِ رائے اور عمل‘ کی اہمیت اجاگر کرتے ہوئے  ، وزیر موصوف نے کہا کہ عالمی سطح پر ماحولیاتی کوششوں کی رہنمائی دیانت دارانہ مکالمے، مساوات پر مبنی اتفاقِ رائے اور فوری اقدامات کے ذریعے ہونی چاہیے۔

https://static.pib.gov.in/WriteReadData/userfiles/image/2026/nov/image001_20261118132334_f7515c.jpg

آب و ہوا کی تبدیلی کے حوالے سے تاریخی ذمہ داریوں کو اجاگر کرتے ہوئے  ، جناب یادو نے کہا کہ کرۂ ارض کے درجۂ حرارت میں اضافہ بعض ممالک میں دو صدیوں سے جاری صنعت کاری اور اقتصادی ترقی کا نتیجہ ہے، جسے گرین ہاؤس گیسوں کے مسلسل اخراج نے مزید بڑھایا ہے۔ انہوں نے زور دیتے ہوئے کہا کہ ’ زیادہ بلند عزائم‘ کے نام پر عالمی  خطہ جنوب سے  ، ان  پہلے سے چلے آ رہے اخراج کے اثرات سے نمٹنے کا بوجھ اٹھانے کی توقع رکھنا نا انصافی ہے۔ وزیر موصوف نے واضح کیا کہ ترقی پذیر ممالک سے یہ نہیں کہا جا سکتا کہ وہ ماحولیاتی اقدامات اور ترقی کے اپنے جائز حق، بہتر معیارِ زندگی، صحت اور تعلیم میں سے کسی ایک کا انتخاب کریں۔ انہوں نے مزید کہا کہ باقی ماندہ کاربن بجٹ تک منصفانہ رسائی پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جا سکتا۔

جناب یادو نے زور دیا کہ  سی او پی  کے فیصلوں اور ان پر عمل درآمد کی بنیاد مساوات اور مشترکہ لیکن مختلف ذمہ داریوں اور متعلقہ صلاحیتوں (سی بی ڈی آر-آر سی) کے اصول پر مضبوطی سے قائم ہونی چاہیے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ تخفیفِ اثرات سے متعلق ورک پروگرام (ایم ڈبلیو پی) کو سہولت فراہم کرنے والا اور غیر پابند ہدایات پر مبنی رکھا جائے، عالمی جائزے (جی ایس ٹی) کو فریق ممالک کی رہنمائی کے ایک وسیلے کے طور پر برقرار رکھا جائے اور منصفانہ منتقلی کے طریقۂ کار (جے ٹی ایم) کی بنیاد مساوات پر رکھی جائے۔ وزیر موصوف نے ماحولیاتی اقدامات کی آڑ میں ترقی پذیر ممالک کو نقصان پہنچانے والے یک طرفہ تجارتی اقدامات کے خلاف بھی خبردار کیا اور ترقی یافتہ ممالک سے اپیل کی کہ وہ ماحولیاتی مالیات سے متعلق اپنی ذمہ داریاں دیانت داری کے ساتھ اور جلد از جلد پوری کریں۔

وزیر اعظم جناب نریندر مودی کی قیادت میں  ، بھارت کے ماحولیاتی عہدبستگیوں کو اجاگر کرتے ہوئے  ، جناب یادو نے کہا کہ بھارت کی قومی سطح پر طے شدہ شراکتیں (این ڈی سی) پائیدار انداز میں  2047  ء تک ’ وکست بھارت‘ کے ویژن کے حصول سے ہم آہنگ ہیں۔ انہوں نے اس بات پر بھی زور دیا کہ موجودہ دور میں باہمی تعاون کی حکمت عملی وضع کرتے وقت موسمیاتی اور آبادی سے متعلق تبدیلیوں کے ساتھ ساتھ تکنیکی ترقی کو بھی مدنظر رکھنا ضروری ہے۔  سی او پی -  31 کی کامیابی کو عملی اقدامات کے ٹھوس نتائج، ضرورت مندوں تک وسائل کی فراہمی اور مؤثر ثابت شدہ حل کو بڑے پیمانے پر اپنانے کی بنیاد پر پرکھنے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے  ، جناب یادو نے کہا کہ مکالمے سے اعتماد قائم ہونا چاہیے، اتفاقِ رائے سے مساوات کو برقرار رکھا جانا چاہیے اور عملی اقدامات کے ذریعے ماحولیاتی انصاف کو یقینی بنایا جانا چاہیے۔

۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔ ۔ ۔ ۔۔۔۔۔۔۔۔۔

 ( ش ح ۔    ا  ع  خ ۔ ع ا )

U.No. 7826


(ریلیز آئی ڈی: 2337903) وزیٹر کاؤنٹر : 11