پوسٹ کرنے کی تاریخ:
18 NOV 2026 10:29AM by PIB Delhi
دیہی ترقی کی وزارت نےوکست بھارت – روزگار کی گارنٹی اور آجیوکا مشن(گرامین): وی بی-جی رام جی ایکٹ، 2025 کے نفاذ میں شفافیت، جواب دہی اور شہریوں کی شراکت داری کے نظام کو مزید مستحکم بنانے کے لیے محتسب اور اپیلیٹ اتھارٹی سے متعلق رہنما خطوط جاری کیے ہیں۔
یہ رہنما خطوط کارکنوں کے قانونی حقوق کے تحفظ، اسکیم کے نفاذ سے متعلق شکایات کے ازالے اور پروگرام کے فوائد کی جواب دہانہ فراہمی کو فروغ دے کر وی بی-جی رام جی ایکٹ کے مقصد مزید مضبوط بناتے ہیں۔ محتسب پروگرام کے جواب دہی کے نظام میں ایک اہم کڑی کے طور پر کام کرے گا اور دیہی عوام کو شکایات درج کرانے اور ان کے مناسب ازالے کے لیے ایک قابل رسائی طریقۂ کار فراہم کرے گا۔
ضلع کی سطح پر ایک مخصوص محتسب تعینات کیا جائے گا، جو جاب کارڈ، روزگار، اجرت کی ادائیگی، ادائیگی میں تاخیر کے معاوضے، جائے کار پر دستیاب سہولتوں، حاضری کے رجسٹروں اور قانونی طور پر حاصل حقوق سے محرومی سے متعلق شکایات کا ازالہ کرے گا۔ رہنما خطوط میں امتیازی سلوک، ہراسانی اور کارکنوں کے حقوق کی خلاف ورزیوں سے متعلق معاملات بھی شامل ہیں، جن میں خواتین اور کمزور طبقات کے حقوق کی پامالی کے معاملات بھی شامل ہیں، تاکہ ان شکایات پر مناسب توجہ دی جا سکے۔
ان رہنما خطوط کے ذریعے محتسبوں کی ادارہ جاتی صلاحیت کو بھی مستحکم بنایا گیا ہے۔ اس مقصد کے لیے اہل امیدواروں کا دائرہ وسیع کیا گیا ہے، جس میں دیہی ترقی، عوامی انتظامیہ، قانون، تعلیم و تدریس، سماجی خدمات اور انتظامی امور کے شعبوں میں تجربہ رکھنے والے افراد شامل ہیں۔ عہدے کی مدت اور اعزازیے سے متعلق دفعات میں بھی ترمیم کی گئی ہے، تاکہ کام میں تسلسل برقرار رہے اور فرائض کی انجام دہی مؤثر انداز میں ہو سکے۔ فیلڈ وزٹ(مقامی سطح پر دورہ)، برادری کے ساتھ رابطے اور ڈیجیٹل پلیٹ فارم سے واقفیت پر بھی خصوصی زور دیا گیا ہے۔
ان رہنما خطوط کی ایک اہم خصوصیت محتسبوں کے لیے مخصوص ڈیجیٹل پلیٹ فارم کا قیام ہے، جس کے ذریعے شکایات کا آن لائن اندراج اور ان کی پیش رفت کا سراغ لگانے، کارروائیوں کا ریکارڈ محفوظ کرنے، فیصلوں کو اپ لوڈ کرنے اور ان پر کی گئی کارروائی کی نگرانی میں سہولت ہوگی۔ فیلڈ وزٹ کے دوران جغرافیائی محل وقوع کے ٹیگ اور وقت کے اندراج کے ساتھ تصاویر لینے سے شکایات کے ازالے کے عمل میں دستاویز بندی، سراغ رسانی اور شفافیت کو مزید تقویت ملے گی۔
ان رہنما خطوط میں سماجی آڈٹ کے کردار کو بھی مزید مستحکم کیا گیا ہے، جو برادری کی قیادت میں شفافیت اور جواب دہی کو یقینی بنانے کا ایک اہم ذریعہ ہے۔ محتسب ہر ماہ کم از کم تین سماجی آڈٹ کی عوامی سماعتوں یا گرام سبھاؤں میں شرکت کریں گے، جس سے انہیں شہریوں کے مسائل براہِ راست سننے اور ان کے مناسب ازالے کے لیے ضروری اقدامات میں سہولت فراہم کرنے کا موقع ملے گا۔ سماجی آڈٹ کے نتائج اور برادری کی جانب سے موصول ہونے والی آرا کے ساتھ انفرادی شکایات بھی بے ضابطگیوں کی نشاندہی اور مقررہ طریقۂ کار کے مطابق اصلاحی اقدامات میں معاون ثابت ہوں گی۔
محتسب اور اپیلیٹ اتھارٹی کا یہ نظام وی بی-جی رام جی کے تحت جواب دہی کے دیگر اقدامات، بشمول ڈیجیٹل نگرانی، عوامی سطح پر معلومات کی فراہمی اور سماجی آڈٹ کو مزید تقویت دیتا ہے۔ ان تمام طریقۂ کار کا مقصد اسکیم کے شفاف نفاذ کو فروغ دینا، نگرانی کے نظام کو مستحکم بنانا اور اس بات کو یقینی بنانا ہے کہ شکایات کا ازالہ ایک منظم اور جواب دہانہ طریقے سے کیا جائے۔
ان رہنما خطوط کے ذریعے حکومت وی بی-جی رام جی کے تحت شہریوں کو مرکز میں رکھنے والی حکمرانی کے نظام کو مزید مستحکم بنانا چاہتی ہے، تاکہ دیہی مزدوروں کو اپنی شکایات کے ازالے کے لیے آسانی سے قابلِ رسائی ذرائع میسر ہوں اور اسکیم کا نفاذ شفاف، جواب دہ اور عوامی ضروریات کے تئیں حساس رہے۔
***
ش ح۔ م ع ن- ج
U.NO.7817