نیتی آیوگ
azadi ka amrit mahotsav

نیتی آیوگ کی قومی ورکشاپ ‘‘قیادت بطور مشن’’ میں کابینہ سکریٹری نے ‘کرمیوگی سنکلپ’ کا آغاز کیا


ملک بھر کے سرکاری ملازمین آئی جی او ٹی کرمیوگی پلیٹ فارم پر اپنےقیادت کے طریقے میں مخصوص تبدیلیاں لانے کے تئیں عزم کا انداج کریں گے

پوسٹ کرنے کی تاریخ: 17 NOV 2026 9:25PM by PIB Delhi

کابینہ سکریٹری ڈاکٹر ٹی وی سومناتھن نے آج نئی دہلی کے بھارت منڈپم میں نیتی آیوگ کے زیر اہتمام ’’قیادت بطور مشن‘‘ کے موضوع پر منعقدہ قومی ورکشاپ کے اختتامی اجلاس میں آئی جی او ٹی کرمیوگی پلیٹ فارم پر ’کرمیوگی سنکلپ‘ کا آغاز کیا۔  مذکورہ ورکشاپ پانچ قومی ورکشاپس کی ایک سیریز کی پہلی کڑی ہے، جن کا انعقاد نیتی آیوگ کی جانب سے وزیر اعظم جناب نریندر مودی کے، سربراہِ حکومت کے طور پر پچیس سال مکمل ہونے کے موقع پر کیا جا رہا ہے۔

کرمیوگی سنکلپ کے تحت ہر سرکاری ملازم اپنی قیادت کے طریقۂ کار میں کسی ایک مخصوص تبدیلی کو عملی جامہ پہنانے کا عہد درج کرتا ہے۔ اس عہد میں یہ واضح کیا جاتا ہے کہ افسر کہاں عملی اقدام کرے گا، قیادت کی کن خوبیوں کو پروان چڑھائے گا، شہریوں کو کیا تبدیلی نظر آئے گی اور اس سلسلے میں وہ کون سا قدم اٹھائے گا۔ بھارت منڈپم میں موجود شرکاء اور آئی جی او ٹی کرمیوگی پلیٹ فارم کے ذریعے شامل ہونے والے افسران نے اس کے آغاز کے موقع پر اپنے اپنے عہد درج کیے۔ کرمیوگی بھارت سرکاری افسران کے ان عزم پر عمل درآمد کی پیش رفت کا جائزہ لے گا۔ اس سنکلپ کو وزارتوں، ریاستی حکومتوں اور تربیتی اداروں کے ذریعے آگے بڑھایا جائے گا۔ اس کا ہدف 25 دسمبر 2026 تک پلیٹ فارم پر 25 ہزار عہد درج کرنا ہے۔ یہ دن حکمرانی کے دن کےطور پر منایا جاتا ہے۔

دن کا آغاز ،وزیر اعظم کے پرنسپل سکریٹری ڈاکٹر پی کے مشرا کے افتتاحی کلیدی خطاب سے ہوا۔ اس کے بعد گجرات کے کچھ میں 2001 کے زلزلے کے بعد کی تعمیرِ نو، کووڈ-19 سے نمٹنے کی حکمتِ عملی، لکھ پتی دیدی اور خلائی معیشت کے شعبے کو کھولنے کے حوالے سے براہِ راست تجربات بیان کیے گئے۔ ’کیس کلینک‘ میں ہر گروپ نے اپنے سپرد کیے گئے واقعے سے متعلق ایک فیصلے کا جائزہ لیا اور اس بات پر غور کیا کہ اس فیصلے میں عوامی مفاد کا تقاضا کیا تھا، اس کی راہ میں کون سی رکاوٹیں حائل تھیں اور عمل درآمد کے دوران فیصلے کو اس کے بنیادی مقصد سے کس طرح وابستہ رکھا گیا۔

’’وکست بھارت کے لیے قیادت‘‘ کے موضوع پر ایک پینل مباحثے کی نظامت نیتی آیوگ کے سابق چیف ایگزیکٹو افسر جناب بی وی آر سبرامنیم نے کی۔ اس پینل میں اتر پردیش حکومت کے شہری ترقی اور توانائی کے کابینی وزیر جناب اروند کمار شرما، انڈین انسٹی ٹیوٹ آف مینجمنٹ، احمد آباد کے پروفیسر وشال گپتا، نیسکام کی سابق صدر اور نیتی آیوگ کی ممتاز فیلو محترمہ دیبجانی گھوش اور اتر پردیش کے ضلع ہردوئی کی جوائنٹ مجسٹریٹ محترمہ نارائنی بھاٹیہ شامل تھیں۔

پینل کے ارکان نے وزیر اعظم جناب نریندر مودی کے قیادت کے اصول اور 2047 تک وکست بھارت کے وژن کی تکمیل میں ان کی اہمیت کے حوالے سے اپنے خیالات کا اظہار کیا۔

جناب اروند کمار شرما نے وزیر اعظم کے گجرات کے وزیر اعلیٰ کےطور پر ان کی طرزِ حکمرانی میں آنے والی بنیادی تبدیلی کو اجاگر کیا۔ جناب اروند کمار شرما نے نئے طریقۂ کار وضع کرنے، اداروں اور افرادی قوت کی صلاحیتوں کو فروغ دینے اور ترقی کے عمل میں مقامی برادریوں کو مرکزی حیثیت دینے کی ان کی صلاحیت پر زور دیا۔

پروفیسر وشال گپتا نے بلند حوصلے والے اہداف کے حصول کے لیے لوگوں میں یقین اور اعتماد پیدا کرنے کی وزیر اعظم کی صلاحیت کو نمایاں کیا۔ پروفسر  وشال گپتا نے اس بات پر زور دیا کہ سیاسی عزم کے ساتھ انتظامی اصلاحات بھی ضروری ہیں اور ’سیوا بھاؤ‘یعنی(خدمت کا جذبے) کو قیادت کا ایک نمایاں اُصول قرار دیا۔

محترمہ دیبجانی گھوش نے اس بات پر زور دیا کہ ٹیکنالوجی کی افادیت کا حتمی پیمانہ لوگوں اور معاشرے پر اس کے اثرات ہونے چاہئیں۔ محترمہ دیبجانی گھوش نے انسانی ضروریات کو اے آئی اور تکنیکی ترقی کے مرکز میں رکھنے کی ضرورت پر زور دیا، تاکہ اختراع کے نتیجے میں معاشرے میں بامعنیٰ تبدیلی آسکے۔

محترمہ نارائنی بھاٹیہ نے وزیر اعظم  کے منفردانداز میں سوچنے اور ایک دوسرے سے جڑے ہوئے مواقع کی نشاندہی کرنے کی صلاحیت کو اجاگر کیا۔ محترمہ نارائنی بھاٹیہ نے خاص طور پر غور سے دوسروں کی بات سننے اور ہمدردی کے جذبے کو اہم قرار دیتے ہوئے کہا کہ لوگوں، بشمول نوجوان بیوروکریٹس، کو اپنے خیالات پیش کرنے کا موقع دینا ان کی قیادت کی سب سے قیمتی خوبیوں میں سے ایک ہے۔

’اپلیکیشن کلینک‘ میں سرکاری افسران نے ’کیس کلینک‘ سے حاصل ہونے والے اسباق کو ،اپنے موجودہ عہدوں سے متعلق قیادت کے عملی چیلنجوں کے طورپر اپنایا۔

اختتامی اجلاس میں، نیتی آیوگ کے رکن ڈاکٹر آر بالاسبرامنیم نے دن بھر کی کارروائیوں کا خلاصہ پیش کیا۔ اس کے علاوہ، مختلف گروپوں نے درج ذیل چیلنجوں سے نمٹنے کے لیے اپنی تجاویز پیش کیں:ان تجاویز میں دور دراز قبائلی بستیوں میں زچگی کی دیکھ بھال کی نگرانی اور اسے برقرار رکھنے کے مقصد سے ’اے ایس آر ساتھی- محفوظ قبل از ولادت معاونت‘؛ غیر متعدی بیماریوں کے لیے ہمہ گیر صحت خدمات کی فراہمی کی غرض سے حوالہ جاتی نظام کو مؤثر بنانا؛ ہر ’سرس میلے‘ کے ذریعے سال بھر خریداروں کے ساتھ خریداری کے وعدوں کو یقینی بنانا، تاکہ اپنی مدد آپ گروپوں کے کاروباری ادارے ’لکھ پتی دیدی‘ کے تحت آمدنی کو برقرار رکھ سکیں؛ اور ’سوچھ بھارت مشن (دیہی)‘ کے تحت  گرے واٹر کے انتظام کے اثاثوں کی ابتدائی اور طویل مدتی فعالیت کو یقینی بنانا شامل ہے۔

اختتامی خطاب میں کابینہ سکریٹری ڈاکٹر ٹی وی سومناتھن نے کہا کہ ’’قیادت کے اسباق کا مطالعہ تعلیمی نصاب اور تحقیق کے ذریعے کیا جا سکتا ہے، لیکن سب سے قیمتی اسباق، تجربہ کار قائدین کا مشاہدہ کرنے اور ان کے ساتھ کام کرنے سے حاصل ہوتے ہیں۔‘‘وزیر اعظم جناب نریندر مودی جیسی ممتاز قیادت کے ساتھ کام کرنے کے اپنے تجربات کا حوالہ دیتے ہوئے کابینہ سکریٹری ڈاکٹر ٹی وی سومناتھن نے انتظامی قیادت کے ان اہم طریقوں کو اجاگر کیا جنہیں سرکاری ملازمین اپنا سکتے ہیں۔ سکریٹری موصوف نے کہا کہ کرمیوگی سنکلپ کے ذریعے اس ورکشاپ سے حاصل ہونے والی تعلیم کو عملی میدان تک پہنچایا جائے گا۔ ڈاکٹر سومناتھن نے اس بات پر زور دیا کہ مؤثر قیادت کو تجربہ کار قائدین کے عملی تجربات کے ذریعے بہتر طور پر سمجھا جا سکتا ہے اور انہوں نے ان کی انتظامی صلاحیتوں سے سیکھنے کی اہمیت کو بھی اُجاگر کیا۔

سکریٹری موصوف نے مزید کہا کہ مؤثر انتظامی قیادت کا مطلب ،بامقصد سوالات کرنے، پوری توجہ سے دوسروں کی بات سننے، فیصلہ کن انداز میں فیصلے کرنے، جواب دہی اور مقررہ طریقۂ کار کی پابندی کے ذریعے وژن کو قابلِ پیمائش نتائج میں تبدیل کرنا ہے۔

مختلف گروپوں کے تجزیوں کو کیس رائٹرز کے ذریعے کیس اسٹڈیز کی شکل دی جائے گی، جنہیں سرکاری ملازمین اور تربیتی اداروں کے استعمال کے لیے آئی جی او ٹی کرمیوگی پلیٹ فارم پر شائع کیا جائے گا۔ ہر گروپ کے تیار کردہ عملی منصوبے اور کرمیوگی سنکلپ کے تحت درج کیے گئے عہد اس ورکشاپ سے حاصل ہونے والی تعلیم کو عملی میدان تک پہنچانے میں معاون ثابت ہوں گے۔ اس سلسلے کی اگلی قومی ورکشاپ ’’خدمات کی فراہمی کے طور پر حکمرانی‘‘ کے موضوع پر جنوری 2027 میں منعقد کی جائے گی۔ ورکشاپ کا اختتام نیتی آیوگ کے چیف ایگزیکٹو افسر جناب انوراگ جین کے اظہارِ تشکر کے ساتھ ہوا۔

https://static.pib.gov.in/WriteReadData/userfiles/image/2026/nov/WhatsAppImage2026-11-17at9.21.45PM_20261117212635_c93e61.jpeg

https://static.pib.gov.in/WriteReadData/userfiles/image/2026/nov/WhatsAppImage2026-11-17at9.21.45PM(1)_20261117212646_bc0379.jpeg

https://static.pib.gov.in/WriteReadData/userfiles/image/2026/nov/WhatsAppImage2026-11-17at9.21.46PM_20261117212657_6ea081.jpeg

https://static.pib.gov.in/WriteReadData/userfiles/image/2026/nov/WhatsAppImage2026-11-17at9.21.46PM(1)_20261117212709_c3bc70.jpeg

****

 

 ش ح۔ش م۔ش ا

URDU NO-7813


(ریلیز آئی ڈی: 2337757) وزیٹر کاؤنٹر : 5