57th International Film Festival of India 2026
20 – 28 Nov 2026

سرحدوں سے ماورا کہانیاں: آئی ایف ایف آئی 2026 میں تمل اور تیلگو فلموں کی رنگا رنگ دنیا

پوسٹ کرنے کی تاریخ: 17 NOV 2026 8:53PMby PIB Delhiریلیز آئی ڈی: 2337752Views: 9

گوا، 17 نومبر 2026

ہندوستان کے 57ویں بین الاقوامی فلم فیسٹیول (آئی ایف ایف آئی) 2026 میں تمل اور تیلگو سنیما کو نمایاں مقام حاصل ہے۔ ان فلموں میں مختلف النوع کی کہانیاں پیش کی گئی ہیں، جو سماجی مسائل، خاندانی رشتوں، انسانی اقدار، ذاتی جدوجہد اور ثقافتی روایات کے متنوع پہلوؤں کو اجاگر کرتی ہیں۔ اس انتخاب میں دونوں زبانوں کی فیچر اور نان فیچر فلموں کو شامل کیا گیا ہے، جن میں ٹیکنالوجی اور تعلیم سے لے کر ماحولیاتی تحفظ، خاندانی رشتے، انفرادی امنگوں اور سیاسی زندگی کے مختلف موضوعات کو پیش کیا گیا ہے۔

تمل فلموں پر ایک نظر

https://static.pib.gov.in/WriteReadData/userfiles/image/2026/nov/Picture11_20261117205917_0e61ad.jpg

تمل فلموں کے انتخاب میں عصرحاضر اور روایتی سماجی پس منظر میں پیش آنے والی کہانیاں شامل ہیں۔ کنن ایس کی ہدایت کاری میں بننے والی فلم ’اسکرول‘ میں اروند نام کے ایک نوجوان کی کہانی پیش کی گئی ہے، جو اسمارٹ فون کا عادی ہے۔ اس کی زندگی اس وقت ایک پریشان کن موڑ اختیار کر لیتی ہے جب وہ ’ڈوپا رش‘ نام کی ایک ایپ سے وابستہ ہو جاتا ہے۔ یہ ایپ مختلف سرگرمیوں اور انعامات کے ذریعے صارفین کو اسمارٹ فون کی لت سے چھٹکارا پانے کا چیلنج دیتی ہے۔ تاہم، جیسے جیسے یہ چیلنج غیر معمولی اور خوف ناک ہوتے جاتے ہیں، یہ کھیل شرکا کی زندگیوں کو اپنے قابو میں کرنے لگتا ہے اور لت سے نجات پانے کی کوشش ایک خوف ناک تجربے میں تبدیل ہو جاتی ہے۔

https://static.pib.gov.in/WriteReadData/userfiles/image/2026/nov/Picture12_20261117205940_dcdb27.jpg

خاندانی رشتے اور حل طلب تنازعات، شیوا کمار مروگیشن کی ہدایت کاری میں بننے والی فلم تھائی کِژوی (گاڈ مدر) کا  اہم موضوع ہیں۔ اس فلم میں پونوتھائی نام کی ایک باہمت 70 سالہ خاتون کی کہانی بیان کی گئی ہے، جو ایک چھوٹے سے گاؤں میں اپنی بیٹی اور نواسے کے ساتھ رہتی ہے۔ کچھ لوگ اس سے خوف کھاتے ہیں، تو کچھ اس کا احترام کرتے ہیں۔ وہ کئی برسوں سے اپنے تینوں بیٹوں سے الگ رہ رہی ہے۔ اچانک شدید بیمار پڑنے پر اس کے بیٹے گھر لوٹ آتے ہیں، جس کے ساتھ خاندان کے حل طلب تنازعات اور تکلیف دہ یادیں بھی دوبارہ تازہ ہو جاتی ہیں۔ ماضی کی پرتیں کھلنے کے ساتھ ہی ایک طویل عرصے سے پوشیدہ راز رفتہ رفتہ سامنے آتا ہے، جو خاندان کے افراد کے درمیان رشتوں کے بارے میں ان کی سوچ بدل دیتا ہے۔

https://static.pib.gov.in/WriteReadData/userfiles/image/2026/nov/Picture13_20261117210059_c0c6f3.jpg

تعلیم تک رسائی کے مسئلے کو موضوع بناتے ہوئے ستیاشیوا کی ہدایت کاری میں بننے والی فلم ’اریوو‘ کی کہانی 1996 کے پس منظر میں پیش کی گئی ہے۔ اس میں کتھیر نام کے ایک نوجوان استاد کی کہانی بیان کی گئی ہے، جس کی تقرری مغربی گھاٹ کے ایک دور افتادہ قبائلی گاؤں میں ہوتی ہے۔ وہاں پہنچ کر اسے معلوم ہوتا ہے کہ گاؤں کے لوگ یہ سمجھتے ہیں کہ لڑکیوں کو تعلیم دینے سے گاؤں کا دیوتا ناراض ہو جائے گا، اسی لیے انہیں تعلیم حاصل کرنے کی اجازت نہیں دی جاتی۔ اس صورت حال کو بدلنے کے عزم کے ساتھ کتھیر خفیہ طور پر 13 سے 14 سال کی عمر کی لڑکیوں کے ایک گروپ کو پڑھانا شروع کرتا ہے، جنہوں نے کبھی اسکول کا رخ نہیں کیا۔ امتحانات قریب آنے پر کتھیر ان لڑکیوں کو ان کے خوف اور سماجی پابندیوں پر قابو پانے میں مدد کرتا ہے، تاکہ وہ تعلیم کے حصول کی جانب اپنا پہلا قدم بڑھا سکیں۔

https://static.pib.gov.in/WriteReadData/userfiles/image/2026/nov/Picture14_20261117210119_5a284a.jpg

تمل فلموں کے انتخاب میں مقامی علم اور روایتی طریقۂ کار کو بھی موضوع بنایا گیا ہے۔ وجیش مانی کی ہدایت کاری میں بننے والی فلم ’اٹاپاڈی‘ کیرالہ کے مغربی گھاٹ کے مقامی قبائلی برادریوں کے روایتی طریقۂ علاج کا جائزہ پیش کرتی ہے۔ اس فلم میں سلطان احمد المحمودی کی کہانی بیان کی گئی ہے، جو اٹاپاڈی کے لوگوں کے ذریعے محفوظ رکھے گئے طبی علم اور جنگلاتی روایات کا مطالعہ کرنے کے لیے عرب سے یہاں آتے ہیں۔ فلم ساز وجیش مانی کی رہنمائی میں وہ روایتی معالجین اور بزرگوں سے ملاقات کرتے ہیں اور جنگل کے ساتھ ان کے تعلق کے بارے میں جانتے ہیں۔ طبی علم کی تلاش سے شروع ہونے والا یہ سفر رفتہ رفتہ اس برادری کے طرز زندگی اور ورثے کو سمجھنے کی جستجو میں تبدیل ہو جاتا ہے۔

https://static.pib.gov.in/WriteReadData/userfiles/image/2026/nov/Picture15_20261117210146_271e9f.jpg

’ماحولیاتی تحفظ اور عوامی شراکت داری‘جوئل وجے کی ہدایت کاری میں بننے والی فلم کوڈو (گھونسلہ) کے مرکزی موضوعات ہیں۔ تمل ناڈو کے واچاتھی گاؤں کے پس منظر میں بنائی گئی اس فلم میں دکھایا گیا ہے کہ بجلی کی فراہمی منقطع ہونے کے بعد گاؤں کے ایک ٹرانسفارمر کے اندر چڑیا کا انڈوں سمیت گھونسلہ دریافت ہوتا ہے۔ گاؤں کے مکھیااگتھیان کی رہنمائی میں زراعت کے فارغ التحصیل نوجوان کتھیر اور گاؤں والے پرندوں کی حفاظت کے لیے 35 دن تک بجلی کے بغیر رہنے کا فیصلہ کرتے ہیں۔ ان کے اس فیصلے کی مقامی وی اے او اور لنگم کی جانب سے سخت مخالفت کی جاتی ہے اور ذاتی رنجشوں کے باعث اسے ناکام بنانے کی کوششیں بھی کی جاتی ہیں۔ ان تمام چیلنجوں کے باوجود کتھیر اور گاؤں والے گھونسلے کو محفوظ رکھنے کے لیے مشکلات برداشت کرتے ہوئے قربانیاں دیتے ہیں۔

تیلگو فلموں پر ایک نظر

تیلگو فلموں کے انتخاب میں ماحولیاتی مسائل، خاندانی رشتوں، محبت، ذاتی امنگوں، انسانی اقدار اور سیاست سے متعلق کہانیاں پیش کی گئی ہیں۔ سنگیتھم سری نواسا راؤ کی ہدایت کاری میں بننے والی فلم سنگ گیتھم (ایک گیت گاؤ)میں پرتاپ مننم کی کہانی بیان کی گئی ہے، جو اپنے والد کی چھوڑی ہوئی سونے کی کانوں میں اپنا حصہ حاصل کرنے کے لیے کان کنی کے گاؤں کوبیرپورم واپس آتا ہے۔ جلد ہی اس کا سابق کاروباری شراکت دار سے ٹکراؤ ہو جاتا ہے، جس کے توسیعی منصوبوں سے گاؤں کا آخری درخت بھی تباہ ہونے کا خطرہ لاحق ہے۔ لالچ اور تنازعات کے بڑھنے کے ساتھ ہی پرتاپ کو اپنے خاندان کے ماضی کی حقیقت معلوم ہوتی ہے اور اس کے رویے میں تبدیلی آنے لگتی ہے۔ بالآخر گاؤں والوں کو اتحاد، قربانی اور فطرت کے تحفظ کی اہمیت کا احساس ہوتا ہے۔

https://static.pib.gov.in/WriteReadData/userfiles/image/2026/nov/Picture16_20261117210324_2c5258.jpg

خاندانی رشتوں، جدائی اور دوبارہ ملاپ کے موضوعات پر مبنی انل روی پوڈی کی ہدایت کاری میں بننے والی فلم مانا شنکرا ورا پرساد گارو (ہمارے مسٹر شنکر ورا پرساد))ایک خاندانی ڈراما ہے۔ اس میں شنکر ورا پرساد کی کہانی بیان کی گئی ہے، جو قومی سلامتی کا ایک فرض شناس افسر ہے۔ وہ اپنے فرائض کو خاندان پر ترجیح دیتا ہے، جس کے نتیجے میں اسے اپنی بیوی اور بچوں سے علیحدگی اختیار کرنا پڑتی ہے۔ چھ برس بعد وہ اپنے بچوں کے اسکول میں ملازمت اختیار کرکے ان کے ساتھ اپنے رشتے دوبارہ استوار کرنے کی کوشش کرتا ہے۔ جب اس کے خاندان کو ایک سنگین خطرے کا سامنا ہوتا ہے تو اسے ان کی حفاظت کی ذمہ داری سونپی جاتی ہے۔ خطرے کی حقیقت جاننے کے ساتھ ہی اسے اپنے ماضی کا سامنا کرنا پڑتا ہے، اپنے عزیزوں کو بچانا اور ان کا اعتماد دوبارہ حاصل کرنا ہوتا ہے۔

https://static.pib.gov.in/WriteReadData/userfiles/image/2026/nov/Picture17_20261117210344_b54b67.jpg

محبت اور جدائی کے موضوع پر مبنی روی ورما نمبوری کی ہدایت کاری میں بننے والی فلم ’چنئی لو اسٹوری‘ میں نیوی کی کہانی بیان کی گئی ہے، جو اپنے ماضی کے ایک رشتے کے درد سے باہر نکلنے کی کوشش کر رہی ہے۔ اس کی ملاقات اسٹیون سے ہوتی ہے، جو ایک یتیم ہے۔ اس کی محبت اور شفقت رفتہ رفتہ نیوی کی زندگی میں خوشیاں واپس لے آتی ہیں۔ ایک دوسرے سے مختلف ہونے کے باوجود دونوں ایک دوسرے سے محبت کرنے لگتے ہیں اور شادی کا فیصلہ کرتے ہیں۔ تاہم شادی کے روز ایک حادثے میں اسٹیون کی موت ہو جاتی ہے۔ اس کے اچانک بچھڑ جانے کو قبول نہ کر پانے کے باعث نیوی غم اور غصے کی کیفیت میں مبتلا ہو جاتی ہے۔ وہ یہ سمجھنے سے قاصر رہتی ہے کہ ہمیشہ ساتھ نبھانے کا وعدہ کرنے کے باوجود اسٹیون اسے تنہا چھوڑ کر کیوں چلا گیا۔

https://static.pib.gov.in/WriteReadData/userfiles/image/2026/nov/Picture18_20261117210408_951d2f.jpg

ذاتی امنگوں کی تکمیل کی جستجو، دھنوش ڈنڈو کی ہدایت کاری میں بننے والی فلم وائی، وانی؟ کا مرکزی موضوع ہے۔ اس فلم میں وانی کی کہانی بیان کی گئی ہے، جو حیدرآباد میں کام کرنے والی ایک نوجوان ایڈیٹر ہے اور اپنے پیشہ ورانہ سفر سے مطمئن نہیں ہے۔ جب اسے ممبئی میں ایک دستاویزی فلم پر کام کرنے کا موقع ملتا ہے تو وہ فلم سازی کے اپنے خواب کو پورا کرنے کا فیصلہ کرتی ہے۔ تاہم اس فیصلے سے اس کے بوائے فرینڈ ارون اور فلم ساز ساہت کے ساتھ اس کے تعلقات میں مشکلات پیدا ہو جاتی ہیں۔ اس منصوبے پر کام کے دوران ان دونوں کی جانب سے کیے جانے والے سمجھوتے ان کے اپنے خدشات کی عکاسی کرتے ہیں۔ خاندانی توقعات اور احساس جرم سے نبرد آزما ہونے کے بعد وانی بالآخر اپنے فیصلوں کو نئے زاویے سے سمجھتی ہے اور اپنے خواب کی تکمیل کے لیے آگے بڑھتی ہے۔

https://static.pib.gov.in/WriteReadData/userfiles/image/2026/nov/Picture19_20261117210436_fe2668.jpg

پروین کی ہدایت کاری میں بننے والی فلم ون شطرنج کے کھیل کے ذریعے نقطۂ نظر اور خود نظم و ضبط کی اہمیت کو اجاگر کرتی ہے۔ اس فلم کا مرکزی کردار 18 سالہ نپولین ہے، جو اپنی ماں کی جانب سے برسوں تک سخت تربیت حاصل کرنے کے بعد شطرنج کا ہر مقابلہ جیتنا چاہتا ہے۔ اپنی صلاحیتوں پر پورا بھروسا رکھنے والا نپولین شطرنج کے ایک بڑے ٹورنامنٹ میں حصہ لیتا ہے، لیکن گایتری نامی ایک پُرسکون مزاج دس سالہ لڑکی سے ہار جاتا ہے۔ شکست تسلیم نہ کر پانے کے باعث وہ اسے دوبارہ مقابلے کا چیلنج دیتا ہے۔ دونوں کے درمیان گفتگو کے دوران گایتری اسے سمجھاتی ہے کہ جیتنے سے زیادہ اہمیت اچھا کھیلنے کی ہے۔ وہ اسے بھگود گیتا کی تعلیمات سے بھی روشناس کراتی ہے اور ترغیب دیتی ہے کہ وہ نتائج کی فکر کیے بغیر اپنا فرض ادا کرے۔ رفتہ رفتہ نپولین اپنے غرور پر قابو پانا اور شطرنج کے کھیل کو ایک نئے انداز سے دیکھنا سیکھ جاتا ہے۔

https://static.pib.gov.in/WriteReadData/userfiles/image/2026/nov/Picture20_20261117210454_975986.jpg

دیو کٹا کی ہدایت کاری میں بننے والی فلم ’مایا سبھا‘ کے پس منظر میں سیاست، نظریات اور دوستی کے بدلتے ہوئے رشتوں کو پیش کیا گیا ہے۔ آندھرا پردیش میں 1970 کی دہائی کے وسط سے شروع ہونے والی اس کہانی میں دو نوجوانوں، کاکارلا کرشنما نائیڈو (کے کے این) اور ایم ایس رامی ریڈی (ایم ایس آر) کی زندگی کوپیش کیاگیا ہے۔ کے کے این ایک اصول پسند طالب علم رہنما ہے، جبکہ ایم ایس آر ایک بااثر خاندان سے تعلق رکھنے والا نوجوان ہے۔ مختلف سماجی پس منظر کے باوجود دونوں میں دوستی ہو جاتی ہے اور وہ تبدیلی لانے کی امید کے ساتھ سیاست میں قدم رکھتے ہیں۔ تاہم جلد ہی انہیں سیاسی زندگی کی حقیقتوں کا سامنا کرنا پڑتا ہے، جن میں ذات پات کی تفریق، بدعنوانی، دولت اور اقتدار کی کشمکش شامل ہیں۔ جیسے جیسے ان کا اثر و رسوخ بڑھتا ہے، ان کے نظریات آزمائش سے دوچار ہوتے ہیں اور ذاتی عزائم ان کی دوستی پر اثر انداز ہونے لگتے ہیں۔ یہ سلسلہ سیاست، نظریات اور اقتدار کی پیچیدگیوں کو اجاگر کرنے کے ساتھ یہ سوال بھی اٹھاتا ہے کہ کیا ایک ہی عہدے کے لیے مقابلہ کرنے والے دو دوست اپنے اتحاد کو برقرار رکھ سکتے ہیں۔

بھکت کنّپا: گولڈن جوبلی کی تقریب

تیلگو فلموں کے انتخاب میں آئی ایف ایف آئی 2026 کے گولڈن جوبلی حصے کے تحت ایک خصوصی پیشکش بھی شامل ہے۔ باپو کی ہدایت کاری میں بننے والی فلم بھکت کنّپا کی ریلیز کے 50 سال مکمل ہو رہے ہیں۔ یہ فلم 26 مئی 1976 کو ریلیز ہوئی تھی۔ فلم فیسٹیول کی گولڈن جوبلی تقریبات کے تحت اس کا مرمت شدہ نسخہ ایک بار پھر پیش کیا جا رہا ہے۔

اس فلم میں شیو بھگت کنّپا نینار کی مشہور داستان کو نئے انداز میں پیش کیا گیا ہے۔ ارجن کی دوبارہ پیدائش تھنّادو کے طور پر ہوتی ہے، جو ایک قبائلی سردار کی سرپرستی میں پرورش پانے والا ایک ملحد شکاری ہے۔ وہ سردار کی بیٹی نیلا سے شادی کرنے میں کامیاب ہو جاتا ہے، لیکن گاؤں کے دیوتا کے سامنے سر نہ جھکانے کے باعث اسے اپنی برادری چھوڑنی پڑتی ہے۔ بھگوان شیو سے ملاقات کے بعد اس کی زندگی بدل جاتی ہے اور وہ رفتہ رفتہ سچی عقیدت کی گہرائی کو سمجھنے لگتا ہے۔ فلم کے اختتامی منظر میں وہ شیولنگ سے خون بہنے کو روکنے کے لیے اپنی آنکھیں نذر کر دیتا ہے۔ اس عمل کے ذریعے وہ عقیدت کو رسوم و رواج اور روایات کی حدود سے آگے لے جاتا ہے۔ اصل میں کنڑ زبان میں بنائی گئی اس فلم کو بہترین ساؤنڈ ریکارڈنگ کے لیے قومی فلم ایوارڈ سے نوازا گیا تھا اور اسے اس کے پرکشش مناظراور وسیع بیرونی فلم بندی کے لیے یاد کیا جاتا ہے۔

مجموعی طور پر یہ کہانیاں اس سال کے موضوع سرحدوں سے ماورا کہانیاں کی روح کو مزید تقویت دیتی ہیں۔ تمل اور تیلگو زبانوں میں بیان کی گئی یہ کہانیاں اپنی لسانی اور ثقافتی حدود سے بہت آگے تک رسائی حاصل کرتی ہیں۔ خواہ ان میں ایک نوجوان استاد کی جدوجہد ہو، خاندانی رشتوں کی مضبوطی، خوابوں کی تکمیل کی جستجو، فطرت کا تحفظ، سیاسی زندگی کی پیچیدگیاں یا عقیدت کی لازوال طاقت، یہ تمام فلمیں ایسے تجربات اور جذبات کی ترجمانی کرتی ہیں، جن سے دنیا بھر کے ناظرین خود کو وابستہ کر سکتے ہیں۔ یہ ہمیں یاد دلاتی ہیں کہ زبان کسی کہانی کو بیان کرنے کا انداز تو متعین کر سکتی ہے، لیکن اس کے مفہوم اور احساس کو سمجھنے کی راہ میں رکاوٹ نہیں بن سکتی۔ سنیما کے ان متنوع رنگوں کے ذریعے آئی ایف ایف آئی لسانی اور ثقافتی سرحدوں سے ماورا ہونے کی فلموں کی قوت کا جشن مناتا ہے اور مختلف دنیاؤں کی کہانیوں کو ہر جگہ کے ناظرین کے مزید قریب لاتا ہے۔

***

ش ح۔ م ع ن- ج

U.NO.7815


Great films resonate through passionate voices. Share your love for cinema with #IFFI2026 and #StoriesWithoutBorders. Tag us @pibindia on Instagram and @PIB_India on X, and we will help amplify your festival moments!

For accredited journalists, critics, bloggers, and vloggers seeking 1-on-1 interviews with filmmakers and festival juries, write to us at:
iffi.mediadesk@pib.gov.in with the subject line: Take One with PIB.


Official Release ID: 2337752
•
Media Centre: Goa
•
Festival Dates: Nov 20 – 28, 2026