گوا، 16 نومبر 2026
ممبئی ہندوستانی ہندی فلمی صنعت کا اہم مرکز ہونے کے ساتھ ساتھ مراٹھی سنیما کی ایک درخشاں روایت کا بھی گہوارہ ہے۔ یہ روایت بالی ووڈ کے ساتھ ساتھ پروان چڑھی ہے اور اپنے معیاری موضوعات، حقیقت سے قریب کہانیوں اور ادب سے گہرے رشتے کے باعث اپنی ایک الگ شناخت قائم کرنے میں کامیاب رہی ہے۔ مراٹھی سنیما کی اس دیرینہ اور قابلِ فخر وراثت کا جشن مناتے ہوئے 57ویں انٹرنیشنل فلم فیسٹیول آف انڈیا (آئی ایف ایف آئی) میں مراٹھی سنیما کے تنوع کو خصوصی اہمیت دی جا رہی ہے۔ اس موقع پر حالیہ دور کی فیچر اور نان فیچر فلموں کا انتخاب پیش کیا جائے گا، ساتھ ہی مراٹھی سنیما کی نامور شخصیات اور اس کی فلمی وراثت کو بھی خراجِ عقیدت پیش کیا جائے گا۔
اس سال آئی ایف ایف آئی(افی) کے انڈین پینورما سیکشن کے لیے مراٹھی زبان کی7 فلمیں منتخب کی گئی ہیں، جب کہ ایک معروف کلاسک فلم کو صد سالہ تقریبات کے تحت اس کے بحال شدہ ورژن میں پیش کیا جائے گا۔ اس کے علاوہ ایک اور مراٹھی فلم گالا پریمیئرز سیکشن میں دکھائی جائے گی۔

فیچر فلموں کے انتخاب میں مہیش لمیے کی ہدایت کاری میں بننے والی فلم Aadi Anant ایک ابھرتے ہوئے اداکار اور اس کے دادا کے درمیان جذباتی رشتے کی کہانی پیش کرتی ہے۔ اس فلم میں تیمارداری کے چیلنجوں، خاندانی ذمہ داریوں اور کامیابی کے حقیقی مفہوم کو اجاگر کیا گیا ہے۔ فلم میں اشوک سراف، سنکرشن کرہاڈے، سکھی گوکھلے اور یوگیش شرست نے اداکاری کی ہے۔
انڈین پینورما کے مین اسٹریم سنیما سیکشن میں پروین وٹھل تارڈے کی تحریر کردہ اور ہدایت کاری میں بننے والی فلم Deool Band 2 (Temple Closed 2) بھی شامل ہے، جو ایک ایسی خاتون کی کہانی کے ذریعے زرعی شعبے کے بحران کو پیش کرتی ہے، جس کا کسان شوہر انتقال کر جاتا ہے۔ اسی سیکشن میں سمیر تیواری کی ہدایت کاری میں بننے والی فلم Baapya (The Man) بھی شامل ہے، جس کی کہانی ایک خواجہ سرا کردار کے گرد گھومتی ہے، جو اپنے آبائی شہر واپس آتا ہے۔ اس فلم میں خاندانی رشتوں اور صنفی شناخت جیسے موضوعات کو یکجا کیا گیا ہے۔
ایک اور قابلِ ذکر فلم جیجیویشا کالے کی ہدایت کاری میں بننے والی Tighee ہے، جسے آئی ایف ایف آئی (افی) میں ہندوستانی فیچر فلم کے بہترین ڈیبیو ہدایت کار کے زمرے میں شامل کیا گیا ہے۔ خاندان کے پس منظر میں بنی یہ جذباتی فلم رشتوں، قربانی اور ان جذبات کی تکلیف دہ کیفیت کو بیان کرتی ہے جن کا اظہار نہیں ہو پاتا۔

انڈین پینورما کے نان فیچر سیکشن میں مراٹھی زبان کی مزید تین فلمیں بھی پیش کی جائیں گی، جن میں سے ہر ایک کی کہانی منفرد ہے۔ امیت پٹکر کی فلم Punishment (Shiksha) میں بظاہر ایک دوسرے سے غیر متعلق چوری کے دو واقعات کے ذریعے احساسِ جرم اور اس کے نتائج کو پیش کیا گیا ہے۔ سنتوش ڈاوکھر کی فلم Sky Tree (Abhal-Vriksh) خشک سالی کے دوران ایک دیہاتی کی امیدوں اور آرزوؤں کو اجاگر کرتی ہے، جب کہ نیپن دھرمادھیکاری کی فلم The Moon (Chandoba) میں ایک نوعمر لڑکے کی وٹیلیگو (جلد پر سفید دھبوں کی بیماری) سے جدوجہد اور اس بیماری کے باعث اسے سماجی سطح پر جن تنقیدوں اور رویوں کا سامنا کرنا پڑتا ہے، اسے پیش کیا گیا ہے۔
انڈین پینورما کے تحت منتخب فلموں کے علاوہ، قومی ایوارڈ یافتہ فلم ساز دیپک گاواڈے کی ہدایت کاری میں بننے والی فلم Tu Aahes Na (You Are There, Right?) کو گالا پریمیئرز سیکشن میں پیش کیا جائے گا۔ یہ فلم غم، تنہائی اور شناخت جیسے موضوعات کو اجاگر کرتی ہے اور ان غیر متوقع انسانی رشتوں کو نمایاں کرتی ہے جو زندگی کو بامعنیٰ بناتے ہیں۔
مراٹھی کہانیوں کو آئی ایف ایف آئی (افی)کے بہترین ویب سیریز ایوارڈ کے زمرے میں بھی جگہ ملی ہے۔ اس زمرے میں چندرکانت لتا گائیکواڑ کی ہدایت کاری میں بننے والی ویب سیریز Devkhel شامل ہے۔ یہ ایک سنسنی خیز جرائم پر مبنی کہانی ہے، جس کا پس منظر ایک ساحلی گاؤں ہے۔ یہاں رسم و رواج سے جڑے پراسرار قتل کے کئی واقعات پیش آتے ہیں، جن کے پیچھے چھپی ایک خوفناک حقیقت پر سے توہم پرستی کا پردہ اٹھتا ہے۔

فیسٹیول کے صد سالہ تقریبات کے سیکشن کے تحت مراٹھی سنیما کی شاندار وراثت کو بھی خراجِ عقیدت پیش کیا جائے گا۔ اس موقع پر معروف اداکار سوریہ کانت منڈھرے کی صد سالہ یومِ پیدائش کے موقع پر انہیں یاد کیا جائے گا۔ اس خراجِ عقیدت کے طور پر ان کی 1965 کی مراٹھی فلم Sadhi Manase کو نیشنل فلم ہیریٹیج مشن کے تحت نیشنل فلم آرکائیو آف انڈیا (این ایف اے آئی) کے ذریعے بحال شدہ شکل میں پیش کیا جائے گا۔ اس کے علاوہ 57ویں آئی ایف ایف آئی (افی)میں آنجہانی نانا پاٹیکر کے لیے ایک خصوصی خراجِ عقیدت کا سیکشن بھی رکھا گیا ہے، جو ہندی اور مراٹھی سنیما میں اپنی جاندار اور یادگار اداکاری کے لیے مشہور تھے۔ ان کی ہندی فلم Diksha کی نمائش اور ان کی مشہور مراٹھی فلم Natsamrat کی میرمار بیچ پر کھلے آسمان تلے نمائش کے ذریعے ناظرین کو ہندوستانی سنیما میں اس عظیم اداکار کی دیرپا خدمات کو یاد کرنے اور انہیں خراجِ عقیدت پیش کرنے کا موقع حاصل ہوگا۔
ش ح۔ ش م۔ ج ا
U.No. 7759