گوا، 16 نومبر 2026
ہندوستانی اور بین الاقوامی سطح کی دس فیچر فلمیں 57ویں انٹرنیشنل فلم فیسٹیول آف انڈیا (آئی ایف ایف آئی) میں باوقار آئی سی ایف ٹی-یونیسکو گاندھی میڈل کے لیے مقابلہ کریں گی۔ یہ فلم فیسٹیول 20 سے 28 نومبر 2026 تک گوا میں منعقدکیا جائے گا۔ منتخب فلموں میں امن، رواداری، ہمدردی، سماجی انصاف اور مختلف ثقافتوں کے درمیان مکالمے جیسے موضوعات کو پیش کیا گیا ہے، جو فیسٹیول کے مرکزی موضوع ‘سرحدوں سے ماورا کہانیاں’سے ہم آہنگ ہیں۔
یہ ایوارڈ 46ویں آئی ایف ایف آئی کے موقع پر پیرس میں قائم انٹرنیشنل کونسل فار فلم، ٹیلی ویژن اینڈ آڈیو ویژول کمیونی کیشن (سی آئی سی ٹی۔ آئی سی ایف ٹی) کے اشتراک سے اور یونیسکو کے زیرِ اہتمام شروع کیا گیا تھا۔ اس ایوارڈ کے ذریعے ایسی فلموں کو تسلیم کیا جاتا ہے جو مہاتما گاندھی کے عدم تشدد، رواداری، مختلف ثقافتوں کے درمیان باہمی سمجھ بوجھ اور امن کے کلچر جیسے نظریات کی عکاسی کرتی ہیں۔
چار رکنی بین الاقوامی جیوری کی سربراہی الجزائر کے پروفیسر (ڈاکٹر) احمد بدجاوی کریں گے، جو یونیورسٹی کے پروفیسر ہونے کے ساتھ ساتھ فلم ساز، فلم پروڈیوسر اور فلمی نقاد بھی ہیں۔ جیوری کے دیگر ارکان میں ارجنٹینا اور فرانس کی ماریا کرسٹینا ایگلیسیاس شامل ہیں، جو یونیسکو کے ثقافت کےشعبہ میں پروگرام کی سابق سربراہ رہ چکی ہیں۔ اس کے علاوہ لکسمبرگ کے جارجز ڈوپون، جو سی آئی سی ٹی۔ آئی سی ایف ٹی کے سابق ڈائریکٹر جنرل ہیں، اور ہندوستان کے منوج کدام، جو بین الاقوامی شہرت یافتہ فلم ساز اور آئی سی ایف ٹی کے رکن ہیں، بھی جیوری کا حصہ ہوں گے۔
اس سال کے مقابلے کے لیے منتخب کی گئی دس فلموں میں مختلف ثقافتی پس منظر سے تعلق رکھنے والی کہانیوں کو یکجا کیا گیا ہے، جن میں انسانی رشتوں، سماجی مسائل اور مشترکہ اقدار کو نمایاں طور پر پیش کیا گیا ہے۔

بین الاقوامی فلموں کی فہرست میں ایملی عاطف کی ہدایت کاری میں بننے والی فلم‘کال می کوئن’ بھی شامل ہے۔ جرمنی، فرانس، برطانیہ اور کینیا کی مشترکہ پیشکش یہ فلم 1990 کی دہائی کے نیروبی کے پس منظر میں بنائی گئی ہے۔ اس کی کہانی ایک ایسی اکیلی ماں کے گرد گھومتی ہے جو ایڈز کی تشخیص اور سماجی ناانصافیوں کا سامنا کرتے ہوئے ایک غیر متوقع دوستی کے ذریعے حوصلہ اور طاقت حاصل کرتی ہے۔ اس فلم کا ہندوستان میں پہلا شو آئی ایف ایف آئی (افی) میں پیش کیا جائے گا۔
ہندوستان کی نمائندگی تین فلمیں کر رہی ہیں۔ سرفراز عالم کی ہدایت کاری میں بننے والی فلم میں‘کبیر سر کا آخری لیسن ’ (کبیر سر) ونے پاٹھک نے اداکاری کی ہے۔ یہ فلم ٹیکنالوجی کے دور میں تجربہ کار اساتذہ کو درپیش چیلنجوں کو اجاگر کرتی ہے اور اس کا عالمی پریمیئر ہوگا۔ کنن ایس کی ہدایت کاری میں بننے والی فلم ‘اسکرول’ میں ایک نوجوان کے پریشان کن تجربات کے ذریعے اسمارٹ فون کی لت کے مسئلے کو پیش کیا گیا ہے۔ یہ نوجوان اسکرین پر وقت گزارنے کو قابو میں رکھنے کے لیے ایک ایپ پر مبنی گیم کا استعمال کرتا ہے۔ مسکان استھانہ کی پہلی فیچر فلم Sev Micchar ایک دوکاندار کی کہانی کے ذریعے خاندانی کشیدگی، رقابت اور باہمی اختلافات کے خاتمے جیسے موضوعات کو پیش کرتی ہے۔ اس دوکاندار کو مالی اور ذاتی زندگی کے مسائل کا سامنا ہے۔

ہیتی، فرانس، بیلجیئم، لکسمبرگ اور کینیڈا کی مشترکہ پیشکش فلم Marie Madeleine کی ہدایت کاری جیسیكا جینیئس نے کی ہے۔ یہ فلم ایک خودمختار خاتون اور ایک نوجوان مبلغ کے درمیان بدلتے ہوئے تعلقات کے ذریعے عقیدے، سماجی روایات اور شخصی آزادی جیسے موضوعات کو اجاگر کرتی ہے۔ اس فلم نے فیسٹیول ڈی کابور 2026 میں جیوری کا گرینڈ پرائز حاصل کیا ہے اور آئی ایف ایف آئی (افی) میں اس کا ایشیا پریمیئر ہوگا۔

گھانا کے امریکی فلم ساز امارتی آرمر کی فلم Our Time Will Come (Ego Reach We All) دو یتیم بچوں کی کہانی ہے، جو اپنے آخری زندہ والدین کی تلاش میں اکرا (Accra) کا سفر کرتے ہیں۔ اس فلم نے لوکارنو فلم فیسٹیول 2026 میں ‘پارڈو فار چینج’ اور ‘بہترین اداکاری کے لیے پارڈو’ کے ایوارڈز حاصل کیے ہیں۔ آئی ایف ایف آئی(افی) میں اس فلم کا ایشیا پریمیئر ہوگا۔

ترکی کے فلم ساز فیصل سویسال کی فلم Rahma ایک ماہرِ آثارِ قدیمہ کی کہانی ہے، جس کی ایک 9 سالہ شامی یتیم بچے سے غیر متوقع قربت اسے جذباتی طور پر سنبھلنے میں مدد دیتی ہے اور زندگی کے بارے میں اس کا نظریہ بدل دیتی ہے۔ اس فلم کا ایشیا پریمیئر آئی ایف ایف آئی (افی) میں ہوگا۔

لیلا مراقشی کی ہدایت کاری میں بننے والی فلم Strawberries (La más dulce)اسپین میں موسمی طور پر اسٹرابیری توڑنے کا کام کرنے والی مراقش کی دو خواتین کی کہانی ہے، جو کام کی جگہ پر بدسلوکی اور استحصال کے خلاف آواز اٹھانے کا حوصلہ پیدا کرتی ہیں۔ فرانس، مراقش، اسپین اور بیلجیئم کی مشترکہ پیشکش اس فلم کا ہندوستان میں پہلا شو آئی ایف ایف آئی (افی) میں پیش کیا جائے گا۔

ترکی کی ایک اور فلم The Farm (Süt Çiftliği) کی ہدایت کاری ایلف ایڈا نے کی ہے۔ اس فلم کی کہانی ایک 12 سالہ لڑکی کے گرد گھومتی ہے، جو ڈیری فارم میں نومولود بچھڑوں کو ان کی ماؤں سے الگ کیے جانے پر بے چین ہوجاتی ہے۔ وہ ایک یتیم ویٹرنری معاون کے ساتھ مل کر حاملہ گایوں کو آزاد کرانے کی کوشش کرتی ہے۔ اس فلم کا بین الاقوامی پریمیئر آئی ایف ایف آئی(افی) میں ہوگا۔

تائیوان اور سنگاپور کی مشترکہ پیشکش فلم Will You Still Be My Friend (Ri guang) کی ہدایت کاری لو پو شن نے کی ہے۔ یہ فلم مختلف پس منظر سے تعلق رکھنے والے 13 سالہ دو لڑکوں کی دوستی کی کہانی بیان کرتی ہے۔ تاہم، بڑوں کے درمیان بڑھتی ہوئی کشیدگی ان دونوں کو ایک دوسرے سے دور کرنے کا خطرہ پیدا کر دیتی ہے۔ اس فلم کا ہندوستان میں پہلا شو آئی ایف ایف آئی (افی) میں پیش کیا جائے گا۔
فلموں کے اس متنوع انتخاب کے ذریعے 57ویں آئی ایف ایف آئی (افی) میں آئی سی ایف ٹی- یونیسکو گاندھی میڈل کا مقابلہ ایسی فلمی کہانیوں کو یکجا کرتا ہے جو مختلف ثقافتوں اور جغرافیائی سرحدوں سے ماورا ہمدردی، باہمی احترام، پُرامن بقائے باہمی اور مشترکہ انسانی اقدار کو فروغ دیتی ہیں۔
ش ح۔ ش م۔ ج ا
U.No. 7760